آئندہ ہفتے اسلام آباد میں شدید گرمی ہوگی ،محکمہ موسمیات نے آگاہ کر دیا

گرمی کے دوران ہیٹ سٹروک کے امکانات بہت زیادہ ہیں، بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلا وجہ دن میں باہر نہ نکلیں، ترجمان پمز

پیر 28 مئی 2018 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء)محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور گردنواح میں اگلے 10دنوں میں شدید گرمی کی پیشنگوئی کے بعد ترجمان پمز نے کہا ہے کہ گرمی کے دوران ہیٹ سٹروک کے امکانات بہت زیادہ ہیں،ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلا وجہ دن میں باہر نہ نکلیں،افطار سے سحر کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں،شہری ہلکے کپڑے استعمال کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت سر پر گیلا کپڑا استعمال کریں۔

ترجمان کے مطابق بخار، سر درد یا متلی کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ترجمان کے مطابق ہیٹ سٹروک کی علامات میں بخار، شدید سر درد ،جسم کا سرخ اور گرم ہونا، زبان اور ہونٹوں کا خشک ہونا،متلی اور قے ہونا ،غنودگی اور بے ہوشی طاری ہونا شامل ہے۔

(جاری ہے)

احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ ہیٹ سٹروک کے مریض کی فوری طبی امداد دی جانے چاہئے،ہیٹ سٹروک کے مریض کو چھاؤں یا ٹھنڈی جگہ پر منتقل کریں،مریض کے مناسب حد تک کپڑے کم کریں،پنکھے کے نیچے لائیں یا ہاتھوں سے ٹھنڈی ہوا دیں،مریض کو غنودگی سے بچانے کے لیے ٹھنڈا پانی پلائیں،سر اور جسم پر نل کے پانی کی پٹیاں کریں اوربغل میں برف رکھیں،مریض کی ٹانگوں کو اونچا کریں اور مریض کو فوراً قریبی ہسپتال منتقل کریں۔

متعلقہ عنوان :