تین سوآدمیوں کا جلوس لیکر ٹکٹ کیلئے آنے والے امیدوار ڈاکٹرعدنان بشیر کو سردار مہتاب نے جھاڑ پلادی

جمعہ 8 جون 2018 21:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 8 جون 2018ء)تین سوآدمیوں کا جلوس لیکر ٹکٹ کیلئے آنے والے امیدوار ڈاکٹرعدنان بشیر کو سردار مہتاب نے جھاڑ پلادی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ حلقہ پی کے 46سے متعدد الیکشن ہارنے کے بعد پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرعدنان بشیر نے سال 2018ء کے انتخابات میں حلقہ پی کے 39 سے قسمت آزمائی کا فیصلہ کیاہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعدنان بشیراپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کیلئے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک شفیق اعوان اور ندیم مغل کے پاس بھی گئے۔ لیکن دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ(ن) میں ڈاکٹرعدنان بشیر کو شامل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بعدازاں ڈاکٹرعدنان بشیر تین سو افراد کے جلوس کے ہمراہ مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سردار مہتاب احمد خان عباسی کے گھر گئے اور انہیں حلقہ پی کے انتالیس کیلئے ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

جس پر سردار مہتاب احمد خان نے بھی ڈاکٹرعدنان بشیر کو ٹکٹ دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے غصے میں کہاکہ الیکشن کیلئے ٹکٹ لینے کا یہ طریقہ کار غلط ہے۔ آپ کو تھرو پراپر چینل آنا چاہئے تھا۔ مسلم لیگ(ن) ایک بڑی سیاسی پارٹی ہے۔ ایسا ممکن نہیں ہے کہ کوئی بھی آدمی چارپانچ سو آدمی لیکر آجائے اور ٹکٹ لیکر چلتابنے۔ سردار مہتاب کے کورے جواب کے بعد ڈاکٹرعدنان بشیر کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور انہوں نے اپنے سپورٹروں کے ہمراہ واپسی کی راہ اختیار کی۔

متعلقہ عنوان :