سعودی عرب قطری بھائیوں سمیت بیت اللہ کے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کرتا ہے

بیت اللہ کے مہمانوں کو وضع کردہ نظام کے مطابق تمام تر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں سعودی سفارتخانے کی عمرے کی ادائیگی سے متعلق قطری عوام کے حقوق کے بارے میں خبروں کی وضاحت

جمعہ 8 جون 2018 13:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 8 جون 2018ء)پاکستان میں سعودی عرب کے سفارتخانے نے بعض پاکستانی ذرائع ابلاغ میں عمرے کی ادائیگی سے متعلق قطری عوام کے حقوق کے بارے میں جاری ہونے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب قطری بھائیوں سمیت بیت اللہ الحرام کے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کرتا ہے اورانہیں وضع کردہ نظام کے مطابق تمام تر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔

سعودی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میںواضح کیاگیا ہے کہ سعودی عرب نے جس دن قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اسی دن یہ بھی وضاحت کردی تھی کہ وہ قطری بھائیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لئے متعلقہ اداروں نے جو نظام وضع کیا ہے اس کے مطابق انہیں تمام تر سہولیات مہیا کرے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں 7جون 2018ء کو قطری سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ بعض پاکستانی اخبارات میں قطری شہریوں اور قطر میں مقیم دیگر لوگوں کے عمرہ ادائیگی کے بارے میں جاری کردہ خبریں درست نہیں۔

سعودی سفارتخانہ نے اس امر پر زور دیا کہ سعودی عرب بیت اللہ الحرام کے تمام مہمان جن میں قطری بھائی بھی شامل ہیں ان سب کا خیر مقدم کرتا ہے تاکہ مناسک عمرہ کو سعودی سعودی وزارت حج و عمرہ بارے جاری کردہ بیان کے مطابق ادا کرسکیں۔بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے وزارت حج و عمرہ کا بیان جاری ہونے سے لیکر آج تک قطری عمرہ زائرین کی ایک بڑی تعداد کا استقبال کیا جو شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ذریعہ مملکت میں داخل ہوئے ، اور انہیں دنیا کے دیگر حصوں سے آنے والے مسلمان بھائیوں کی طرح تمام تر سہولیات فراہم کی گئیں تا کہ وہ عمرہ کو سہولت اور آسانی سے ادا کرسکیں۔

سعودی سفارتخانہ نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچائی اور درستگی کو مدنظر رکھیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ بات سب پر واضح ہے کہ سعودی عرب اللہ کے مہمانوں کا کس قدر خیال رکھتا ہے اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرتا ہے۔