Gazaoon Se Blood Pressure Control Kareen - Article No. 1714

Gazaoon Se Blood Pressure Control Kareen

غذاؤں سے بلڈ پریشر کنٹرول کریں - تحریر نمبر 1714

دنیا بھر میں بلڈ پریشر ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ہمارے ملک کی کثیر آبادی بھی بلڈپریشر کے مرض میں مبتلا ہے اور یہ ایک ایسا مرض ہے ،جو دیگر کئی امراض کو جنم دینے کا سبب بنتا ہے۔

جمعہ 1 نومبر 2019

رابعہ شیخ
دنیا بھر میں بلڈ پریشر ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ہمارے ملک کی کثیر آبادی بھی بلڈپریشر کے مرض میں مبتلا ہے اور یہ ایک ایسا مرض ہے ،جو دیگر کئی امراض کو جنم دینے کا سبب بنتا ہے ۔کسی بھی صحت مند اور تندرست انسان میں اوپر کا بلڈپریشر لیول130/110جبکہ نیچے کا 70/90ہوتا ہے ،اگر اس سے زیادہ یا کم ہوتو اسے لو (Low)یا ہائی(High)بلڈ پریشر کہتے ہیں۔

آئیڈیل بلڈپریشر لیول 120/80کہلاتاہے۔خواتین میں ہائی بلڈ پریشر،امراض قلب،ذیابیطس اور موٹاپے کا خدشہ مردوں کی نسبت زیادہ ہوتاہے۔مشہور طبی تحقیقی جریدے”دی لینسٹ“میں عالمی سطح پر40سال کے دوران بلڈپریشر کے مریضوں کی تعداد کا جائزہ لیا گیا جس کے نتائج میں بتایا گیا کہ 1975ء میں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی عالمی تعداد59کروڑ 40لاکھ تھی،جواب بڑھ کر سواارب کے قریب ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین،بلڈپریشر کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کا سبب معمولات زندگی،کھانے پینے کی عادات اور سماجی رویے سے ذہنی وجسمانی طور پر ملنے والے امراض کو گردانتے ہیں۔تاہم ان ہی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ غذائیں ایسی ہیں،جن کے باقاعدہ استعمال سے انسان کا بلڈپریشر قابو میں رہ سکتاہے ۔وہ غذائیں کون سی ہیں،آئیے جانتے ہیں۔
ہرے پتوں والی سبزیاں
غذاؤں میں موجود پوٹاشیم گردوں سے یورین کے ذریعے سوڈیم کی زیادہ مقدار خارج کرنے میں مددگار ہوتاہے جبکہ یہ عمل بلڈپریشر کم کرتاہے۔
ہرے پتوں والی سبزیوں میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔ان سبزیوں میں پالک اور گوبھی سمیت دیگر سبزپتوں والی سبزیاں شامل میں،جن میں نائٹریٹ مرکبات موجود ہوتے ہیں۔دن میں ایک سے دوبار ان کا استعمال بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
بلڈ پریشر کنٹرول کرنے والی سبزیاں
لہسن:لہسن ہر گھر میں موجود ہوتاہے اور اس کا استعمال نہ صرف کھانوں میں ذائقہ لانے کے لیے بلکہ بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے،اسے کئی کھانوں میں ملا کر کھایا جا سکتا ہے۔
لہسن جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی سطح کو بڑھاتا ہے جبکہ اس میں موجود ایک اہم مرکب’ایلیسین‘دل کی رگوں کو معمول پر رکھتاہے اور بلڈپریشر کو بڑھنے نہیں دیتا۔
چقندر:بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے چقندر کا استعمال فائدہ مند ہے۔چقندر میں پائے جانے والے فائبر ،وٹامنز اور معدنیات ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ دل کی کئی بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔

گاجر:ماہرین کے مطابق گاجر کھانا آنکھوں کے علاوہ بلڈپریشر کے لیے بھی مفید ہے۔یہی نہیں،گاجر میں موجود وٹامن سی اور میگنیشیم ہائپر ٹینشن کے خطرات کو کم کرتاہے۔
خشک میوے
پھلوں اور سبزیوں کی طرح بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے خشک میوہ جات کا استعمال بھی بہترین ہے۔ان کی مناسب مقدار جسم میں شوگر اور بلڈ پریشر کی سطح کو معمول کے مطابق رکھتی ہے،تاہم ان کا زیادہ استعمال صحت کے لیے سخت نقصان دہ ہے کیونکہ یہ چکنائی سے بھر پور ہوتے ہیں۔
بلڈ پریشر کے مریض پستہ کا استعمال کریں،یہ ان کے مرض میں مدد گار ثابت ہو گا۔پستے میں میگنیشیم،پوٹاشیم اور فائبر وغیرہ موجود ہوتے ہیں،جو بلڈ پریشر کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
زیتون کا تیل
زیتون کے تیل کو ہرے پتوں اور دیگر سبزیوں کے ساتھ کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔زیتون کے تیل میں سیچوریٹڈ فیٹ کثرت سے پایا جاتاہے۔
یہی نہیں،اس تیل میں پائے جانے والے نائٹروفیٹی ایسڈ میں قدرتی طور پر حل پذیر ’ایپوکسائیڈ ہائیڈرولیس‘نامی ایک انزائم موجود ہوتاہے،جو بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔یہ تیل مردو خواتین ،دونوں کے لیے ہی یکساں فائدے مند ہے۔
دودھ اور دہی
دودھ کیلشیم سے بھر پور ہوتاہے،جس کی کمی ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
اگر آپ کو دودھ نہیں پسند تو اس کا نعم البدل دہی کی صورت میں آپ کے پاس موجود ہے۔امریکی ہارٹ ایسویس ایشن کے مطابق جو خواتین ہفتے میں پانچ یا اس سے زیادہ مرتبہ دہی کا استعمال کریں،ان میں بلڈ پریشر بڑھنے کا خطرہ20فیصد کم ہوجاتاہے۔
بلڈ پریشر کنٹرول کرنے والے پھل
مختلف سبزیوں کی طرح کچھ پھلوں کا استعمال بھی بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مددگار ہے۔

کیلا:کیلے میں موجود پوٹاشیم کی بڑی مقدار بلڈپریشر کنٹرول کرتی ہے۔اس میں سوڈیم(نمکیات)کی مقدار بھی کم ہوتی ہے،جس کے باعث ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کے لیے کیلا ایک بہترین پھل یا غذا بناتاہے۔
تربوز:امریکن ہائیپر ٹینشن میں شائع شدہ تحقیقی نتائج کے مطابق تربوز دل کی صحت کیلئے بے حد مفید ہے اور سرد موسم میں بھی دل کے مسائل کے خطرے کو کم کرتاہے۔
اس کا استعمال ہائی بلڈ پریشر میں کمی لاتاہے،خاص طور پر امراض قلب کے شکار فربہ جسم والے افراد کیلئے تربو زبے حدمفیدہے۔
اسٹرابیری اور بلیو بیریز:امریکا میں بلڈ پریشر کے مریضوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اسٹرابیری اور بلیو بیری کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 8فیصد تک کم کرتاہے۔اسٹرابیری میں پوٹاشیم کی بھی کافی مقدار ہوتی ہے،جو بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے کیلئے اہم جزو ہے۔تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ خون کی شریانوں کو کھولنے میں مدد فراہم کرتا ہے،جو دوران خون کو معمول پر رکھ کر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم کر سکتاہے۔

Browse More Blood Pressure