Hypertension - Article No. 1861

Hypertension

ہائپر ٹینشن - تحریر نمبر 1861

خون کی بڑی شریانوں میں دھکیلنے کے لئے دل ،جو زور لگاتا ہے وہ ان کے اندر ایک دباؤ (پریشر) پیدا کرتا ہے

بدھ 13 مئی 2020

شریانوں کے ذریعہ جسم میں گردش کرنے والا خون ، ہرخلیے کو غذائیت اور آکسیجن پہنچاتا ہے ۔خون کی بڑی شریانوں میں دھکیلنے کے لئے دل ،جو زور لگاتا ہے وہ ان کے اندر ایک دباؤ (پریشر) پیدا کرتا ہے ،اسی کو بلڈ پریشر کہا جاتا ہے ۔رگوں میں گردش کرنے کے لئے خون کو لازماً ایک خاص حد تک ”پریشر“ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن جب یہ پریشر ایک خاص ”حد“ سے زیادہ بڑھ جائے تو اسے ہائی بلڈ پریشر یا ہائپر ٹینشن (Hypertension)کہا جاتاہے۔

ہلکے اور درمیانے درجے کی ہائپر ٹینشن کی علامات سالہا سال تک ظاہر نہیں ہوتی ۔اس کی پہلی علامت کا اظہار صبح بیدار ہونے پر سر کی پچھلی جانب اور گردن میں درد کی صورت میں ہوتا ہے جو جلدی غائب بھی ہو جا تا ہے ۔اس کی دیگر علامات میں سر چکرانا ، بازو ، کندھے ،ٹانگ اور کمر میں درد ، دل کی دھڑکن تیز ہونا ، سینے میں درد ، پیشاب زیادہ آنا ، اعصابی دباؤ ، تھکاوٹ ، طبیعت ملول ہونا ، جذباتی انتشار ، تھکاوٹ اور بے خوابی ، شامل ہیں۔

(جاری ہے)


ہائپر ٹینشن کی اہم ترین اسباب ، ذہنی و جذباتی دباؤ اور غلط طرز زندگی ہے ۔ذہنی کھنچاؤ میں مبتلا افراد کو عام طور پر بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق ہوتا ہے ۔اگر یہ کھنچاؤ زیادہ عرصہ تک رہے تو پریشر مستقل طور پر بڑھ جاتا ہے ۔خواہ اس کے بعد کھنچاؤ کم یا ختم بھی ہو جائے پریشر کم نہیں ہوتا۔ بے قاعدہ طرز زندگی ،سگریٹ نوشی ،زیادہ نشہ آور اشیاء کا استعمال ، چائے ، کافی ، کولا مشروبات ، میدے کی بنی ہوئی اشیاء اور دیگر مصنوعی طور پر تیار کردہ غذائیں جسم کے قدرتی افعال کو نقصان پہنچاتی ہیں جس کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔
ذیل میں ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے چند مفید قدرتی اجزاء کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
کچا لہسن کھانا کھانے کے بعد استعمال کرنے سے ہائی بلڈ پریشر میں فائدہ ہوتا ہے ۔لوکی کارس آدھا کپ لے کر اس میں تھوڑا سا پانی ملا کر تین مرتبہ روزانہ پینے سے فائدہ ہوتاہے۔چھاؤں میں خشک کیے گئے تربوز کے بیج دو چمچ پیس کر ایک کپ ابلتے ہوئے گرم پانی میں ایک گھنٹہ بھیگنے دیں ،اس کے بعد ہلا کر چھان کر پی لیں ۔
ایسی چار خوراکیں روزانہ لیں ۔تربوز کا رس پینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ دل کی کمزوری دور کرنے کے لئے لیموں میں خاص خوبی ہے ۔اس کے باقاعدہ استعمال سے خون کی نالیوں میں لچکیلا پن اور نرمی آجاتی ہے، اور ان کی سختی دور ہو جاتی ہے ۔رگوں کی سختی کے امراض میں لیموں مفید ہے ۔اس سے بڑھاپے تک دل طاقتور رہتا ہے اور ہارٹ فیل ہونے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے ۔
پانی میں لیموں نچوڑ کر دن میں کئی مرتبہ پینے سے فائدہ ہوتاہے ۔صبح لیموں کا رس گرم پانی میں ملا کر پینا بھی مفید ہے۔
ہائی بلڈ پریشر ہونے پر سیب کھانے سے فائدہ ہوتاہے۔ ہائی بلڈ پریشر میں چھ قطرے لہسن کا رس پانی میں ملا کر پینا مفید ہے ۔تربوز کے بیج کے رس میں ایک عنصر جو بوسائٹرین“ ہوتا ہے،یہ خون کی نالیوں کے خلیوں کو چوڑا کرتا ہے ۔
اس کا مفید اثر گردوں پر پڑتا ہے ،جس سے ہائی بلڈ پریشر کم ہوتاہے ۔لہسن کی کلیوں (تریوں) کا رس پانی میں ملا کر پینا مفید ہے۔ ہائی بلڈ پریشر والے مریضوں کو پاؤں کے تلوؤں اور ہتھیلیوں پر مہندی کا لیپ لگاتے رہنے سے فائدہ ہوتاہے۔
ورزش ہائی بلڈ پریشر میں مفید بتائی جاتی ہے ۔پیدل چلنا، ورزش کی اچھی شکل ہے ۔اس سے ٹینشن دور ہوتی ہے ۔عضلات مضبوط ہوتے ہیں اور گردش خون بہتر بنانے میں بھی مفید ہے ۔
جب پیدل چلنے سے افاقہ محسوس ہونے لگے تو سائیکل چلانا، تیراکی کرنا اور جاگنگ کرنا بھی شروع کر دیجیے ۔یوگا کے آسن، سوریا نمسکار ،مکر آسن ،وجر آسن ،اردھ پدم آسن اور شیو آسن ،بلڈ پریشر کے لئے مفید بتائے جاتے ہیں۔ہائپر ٹینشن کے مریضوں کو مستند ڈاکٹر سے باقاعدہ علاج کروانا چاہیے۔ انہیں اس امر کا اہتمام بھی کرنا چاہیے کہ وہ کم از کم آٹھ گھنٹے نیند لیا کریں۔ ذہنی دباؤ ،کشیدگی ،پریشانیوں ،غم اور غصے سے بچنے کی کوشش کریں اور خوش وخرم رہیں۔

Browse More Blood Pressure