Cheese - Aik Sehat Bakhash Giza - Article No. 1862

Cheese - Aik Sehat Bakhash Giza

پنیر ․․․ ایک صحت بخش غذا - تحریر نمبر 1862

واضح رہے کہ زیادہ تر ڈیری مصنوعات مثلاً دہی ،پنیر وغیرہ گائے کے دودھ سے ہی تیار کی جاتی ہیں ۔

جمعہ 15 مئی 2020

رابعہ شیخ
تقریباً 8ہزار سال سے دنیا بھر میں دودھ کے ذریعے مختلف قسم کا پنیر تیار کیا جا رہا ہے ۔ایک اندازے کے مطابق ،مائع شکل میں دودھ کی خریداری میں کمی جبکہ دودھ سے بننے والی مصنوعات مثلاً پنیر کی خرید وفروخت میں اضافہ قابل غور ہے ۔یہ اضافہ گزشتہ 40برسوں کے دوران ،دودھ کی کھپت میں 50فیصد اضافے کی وجہ بنا۔
واضح رہے کہ زیادہ تر ڈیری مصنوعات مثلاً دہی ،پنیر وغیرہ گائے کے دودھ سے ہی تیار کی جاتی ہیں ۔پنیر تیار کرنے کے لئے دودھ میں سے سارا پانی نکال لیا جاتا ہے ۔دودھ سے پنیر کی تیاری کا عمل پروٹین کی وافر مقدار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو صحت کے لئے نہایت مفید بنانے کا باعث بھی بنتاہے۔
پنیرکی فائدہ مند اقسام
2012ء میں ہونے والے سروے نتائج کے مطابق ،برطانیہ میں ایک فرد سال بھر کے دوران اوسطاً 34پونڈ پنیر استعمال کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے باوجود اکثر لوگ پنیر کو صحت کے لئے مضر قرار دیتے ہیں کیونکہ اس کی ایک وجہ بڑھتا کولیسٹرول ہے ۔اگر چہ یہ بات کسی حد تک درست ہے کہ پنیر کی تمام تر اقسام صحت کے لئے مفید نہیں ہوتیں لیکن ایسا پنیر کی ہر قسم کے ساتھ نہیں ۔ترقی یافتہ ممالک نے پنیر کی مختلف اقسام تیار کرلی ہیں ،جن میں سے کچھ خاص قسمیں مثلاً سوئس ، فیٹا ، پارٹ اسکم ، موزریلا اور کوٹیج چیز گھر بھر کی صحت کے لئے فائدہ مند قرار دی جاتی ہیں۔

آسٹرو پروسس سے حفاظت
والدین بچپن ہی سے بچوں کو دودھ پینے کی ہدایت کرتے ہیں کیونکہ دودھ میں موجود کیلشیم اور وٹامن ڈی مضبوط اور صحت مند ہڈیوں کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انسانی ہڈیوں کی مسلسل نشوونما کا عمل 30سال کی عمر تک جاری رہتا ہے ،جس کے بعد ہڈیوں کی نشوونما رُک جاتی ہے ۔رکاوٹ کا یہ عمل انسان میں آسٹروپروسس کے خطرات میں اضافہ کر دیتا ہے ۔
آسٹروپروسس کو عام طور پر ہڈیوں کا بھربھرا پن یا ہڈیوں کو کھوکھلا کر دینے والا مرض بھی کہتے ہیں ،اس مرض میں مبتلا انسان کی ہڈیوں کی لچک کم ہو جاتی ہے اور وہ بھر بھرے پن کا شکار ہو کر نرم پڑ جاتی ہیں ،حتیٰ کہ اتنی نرم کہ ان کے ٹوٹ جانے کے امکانات بھی کئی گنا بڑھ جاتے ہیں ۔اس بیماری سے بچنے کے لئے ایک خاص عمر کے بعد متوازن غذا کا استعمال ضروری ہے ،جس کے لئے انسان کی خوراک میں پروٹین ،کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کافی مقدار کا شامل ہونا ضروری ہے ۔
عالمی ادارہ صحت ( ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) کے مطابق ،انسان کی دن بھر کے دوران لی گئی خوراک میں موجود 400سے 500ملی گرام کیلشیم آسٹروپروسس کے خطرات میں 50فیصد کمی لاتا ہے ۔ڈیری مصنوعات خاص طور پر ،پنیر وٹامن ڈی اور منرلز کی کثیرمقدار فراہم کر تا ہے ۔
جگر کے کینسر سے حفاظت
دنیا بھر میں جگر کے کینسر میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں بڑھتا اضافہ قابل تشویش ہے ۔
ماہرین کے مطابق ، پنیر کا استعمال جگر کو توانا رکھتے ہوئے اسے کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھتا ہے ۔ پنیر کی قسمیں خواہ وہ چیڈر ہو ،یا پرمیسن ،جگر کے کینسر سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔جگر کے کینسر سے محفوظ رکھنے کی وجہ پنیر میں موجود مرکب ”اسپر میڈائن“ ہے،جو جگر کے متاثرہ خلیات کو بڑھنے سے روکتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ جگر فائبروسس، ہیپٹو سیلولرکار سینوما (ایچ سی سی) کو بھی روکتا ہے جو جگر کے کینسر کی سب سے عام وجہ ہے ۔

پروٹین کا بہترین ذریعہ
جسم میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ ،مرمت ،اعضا کی بناوٹ ،نشوونما اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت فراہم کرنے کے لئے پروٹین کا کردار بے حد اہم ہے ۔پروٹین کی کمی مسلز کی کمزوری ،درد یا حجم میں کمی ،جگر پر چربی، جلد اور ناخنوں کے مسائل ،بالوں کے ٹوٹ جانے یا گنج پن جیسے مسائل کا خطرہ بڑھا دیتی ہے ۔
اسی لئے کہا جاتا ہے کہ انسان کی روز مرہ خوراک میں پروٹین کی مناسب مقدار کا شامل ہونا ضروری ہے ۔پروٹین کی مقدار سے متعلق ماہرین مردوں کے لئے روزانہ 56گرام ،خواتین کے لئے 40گرام جبکہ بچوں کے لئے 19سے 34گرام (ان کی عمر پر اس کا انحصار ہے) پروٹین کی مقدار مختص کرتے ہیں ۔پنیر کی زیادہ تر اقسام ،پروٹین کا اہم ذریعہ تسلیم کی جاتی ہیں ۔کم چکنائی پر مشتمل پنیر کو پروٹین کا بہترین ذریعہ جبکہ پنیر کی ایک اور قسم Parmesanچیز کو دیگر اقسام کے مقابلے میں سب سے بہترین قرار دیا جاتا ہے کیونکہ پرمیسن چیز کے ایک اونس میں 10گرام پروٹین پایا جاتا ہے ۔
اس کے برعکس پنیر کی دیگر اقسام موزریلا ،چیڈر ،کوٹیج اور ریکوٹا میں پروٹین کی مقدار کم اور فیٹ کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے۔
وٹامن B12کی وافر مقدار
وٹامن بی 12(جسے عام طور پر کوبالامن بھی کہا جاتا ہے )جسم کے لئے ضروری غذائیت میں سے ایک ہے ۔یہ وٹامن خون کے سرخ خلیات کی تشکیل ،جسم کے تمام حصوں میں آکسیجن کی فراہمی، ڈی این اے کوبنانے، دماغ اور اعصابی نظام کی کارکردگی ،چربی اور پروٹین سے توانائی حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔
اس ضروری جزو کو پروٹین کے برعکس جسم میں کچھ عرصے تک ذخیرہ بھی کیا جا سکتاہے ۔ وٹامن بی 12دودھ یا پھر سپلیمنٹ سے حاصل کیا جاتا ہے جبکہ پنیر کی کئی قسموں میں بھی وٹامن B12قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے ۔مثال کے طور پر پنیر کی قسم ”سوئس“ کی ایک اونس مقدار میں 0.95مائیکرو گرام(جو کہ آپ کی روز مرہ خوراک کا 39فیصد بنتا ہے) جبکہ پنیر کی دیگر اقسام مثلاً چیڈر اور موزریلا کی ایک اونس مقدار میں 10فیصد وٹامن B12پایا جاتاہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat