Chutki Bhar Haldi - Article No. 2693

Chutki Bhar Haldi

چٹکی بھر ہلدی - تحریر نمبر 2693

رکھے تندرست

ہفتہ 29 اپریل 2023

حفصہ فیصل
ہلدی ہمارے کھانوں کا ایک جز ہے۔ہلدی کے بغیر کھانا پھیکا پھیکا سا نظر آتا ہے۔برصغیر کے مصالحہ جات میں بڑی اہمیت کی حامل ہے۔اسے ”ہلد“ بھی کہا جاتا ہے۔انڈیا کے ثابت ہلد بڑی بوڑھی خواتین کے لئے بڑی دلچسپی رکھتے ہیں۔یوں تو ہلدی ایشیائی کھانوں کا لازمی جز ہے،اس کے علاوہ بیشتر ٹوٹکے اور فوائد بھی اس سے منسلک ہیں۔
اگر ہلدی کو دودھ کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سب سے اہم سینے کی جکڑن،سردی،کھانسی کے امراض،سر درد اور جسمانی تھکن کا بہترین علاج ہلدی والا دودھ ہے۔
ہلدی میں موجود (Antitox Hepatitis) ہیپاٹائٹس تک کی بیماری سے بچاؤ اور شفاء دونوں کام سر انجام دیتا ہے۔بے خوابی کے بڑھتے ہوئے مرض کی روک تھام بھی ہلدی والے دودھ کے استعمال سے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

جوڑوں کے درد اور سوزش آج کل ہر دوسری عورت اس مرض کی شکایت کرتی نظر آتی ہے۔مستقل ہلدی والے دودھ کے استعمال سے آپ اس شکایت کو بھی شکست دے سکتی ہیں اس کے علاوہ خواتین کے مخصوص امراض میں بھی یہ گھریلو ٹوٹکے انتہائی آزمودہ ہیں بس اس کی اولین شرط روزانہ کی بنیاد پر اس کا مستقل استعمال ہے۔
ایک گلاس دودھ میں ایک چٹکی ہلدی اور ایک چٹکی چینی ڈال کر پندرہ سے بیس منٹ ابال لیں چند منٹ ٹھنڈا کر کے نوش فرمائیں۔

اسی طرح ہلدی کا ابٹن اور ماسک زمانہ قدیم سے خواتین کے حسن کو چار چاند لگاتا آیا ہے۔دلہن کے مایوں میں استعمال ہونے والا ابٹن ہلدی کے ساتھ خصوصی طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار ماسک کے طور پر آپ گھر پر تیار کردہ یہ کلینزنگ کر کے اپنے رنگ و روپ کو نہ صرف نکھار سکتی ہیں بلکہ دوسروں سے ستائش بھی حاصل کر سکتی ہیں۔

شہد ایک چمچ،دودھ کا پاؤڈر دو چمچ،عرق گلاب ایک چمچ،ایک چٹکی ہلدی،ان تمام چیزوں کا پیسٹ بنا کر چہرہ پر ہلکے ہلکے تقریباً دس منٹ تک مساج کریں پھر اسی طرح چھوڑ دیں۔بعد ازاں ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں،تر و تازہ چہرہ دیکھ کر آپ خود ہی حیران رہ جائیں گی۔
ننھے منے اور نومولود بچوں کے سینے کی جکڑن اور سردی کے اثرات سے بچاؤ کے لئے بھی ہلدی کو نیم گرم پانی کا چھینٹا دے کر سینے،پسلیوں اور کمر پر دھیمے دھیمے ملا جاتا ہے جس سے نومولود بچہ نہ صرف راحت محسوس کرتا ہے بلکہ آرام کی نیند بھی لیتا ہے کیونکہ عموماً چھوٹے بچوں کی ناک بند رہنے کی وجہ سے بچے آرام سے سو نہیں پاتے جس سے ماں اور بچہ دونوں ہی بے آرام اور پریشان رہتے ہیں۔
ہلدی کا اس طرح مساج اس میں بہترین ثابت ہوتا ہے۔الغرض قدرت کی عطا کردہ اس شے کو ہربل کی دنیا میں بڑا کارآمد اور بہترین گردانا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat