Meede Ki Garmi Kaise Dorr Kareen - Article No. 1587

Meede Ki Garmi Kaise Dorr Kareen

معدے کی گرمی کیسے دُور کریں؟ - تحریر نمبر 1587

ہم میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہو ،جسے معدے کی جلن ،درد یابدہضمی کی شکایت کبھی نہ ہوئی ہو۔اس کا سبب عام طور پر معدے کی گرمی ہوتا ہے

جمعرات 30 مئی 2019

حکیم حارث نسیم سوہدروی
ہم میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہو ،جسے معدے کی جلن ،درد یابدہضمی کی شکایت کبھی نہ ہوئی ہو۔اس کا سبب عام طور پر معدے کی گرمی ہوتا ہے ،جس کی بنیادی وجوہ میں تیز مرچ مسالے والے کھانے،تلی ہوئی اور روغنی اشیاء کا زیادہ کھانا،شوارما اور پزا کھانے کی عادت اور تمباکونوشی شامل ہیں۔معدے کی گرمی یا بڑھا ہوا درجہ حرارت نظام ہضم کے بہت زیادہ فعال ہونے کا نتیجہ ہوتا ہے ۔
اگر اس شکایت کوبروقت کسی تدبیر سے دُور نہ کیا جائے توکئی امراض حملہ آور ہو سکتے ہیں ،جن میں سے ایک مرض قلاع (THRUSH)ہے۔
اس مرض میں معدے کی گرمی کی وجہ سے منھ میں چھالے ہوجاتے ہیں اور منھ پک جانے کی وجہ سے مرچ مسالے والا سالن تکلیف دیتا ہے ،بلکہ بعض اوقات کھانا کھانا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

مطلب کے تجربات ومشاہدات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عموماً یہ مرض ان لوگوں کو لاحق ہوتا ہے ،جو تیز مرچ مسالوں والی اور روغنی غذائیں بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

اگر ہم تیز مرچ مسالوں والے کھانوں سے پر ہیز کریں اور شوارما،پزا اور کولامشروبات کی رسیانئی نسل کو شعور و آگہی اور فطرت کے قریب زندگی گزارنے کی ترغیب دیں تو اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔
اگر یہ مرض پیچیدہ ہو جائے تو پھر کسی مستند معالج سے رجوع کرنا چاہیے ،تاہم اس کے علاوہ ایسی گھریلو تدابیر بھی ہیں ،جو معدے کو گرمی سے نجات دلادیتی ہیں ۔
ذیل میں معدے کی گرمی دور کرنے والی چند غذائیں درج کی جارہی ہیں ،تاکہ جولوگ اس مرض میں مبتلا ہیں ،وہ انھیں کھا کر صحت یاب ہو سکیں:
دہی
دہی معدے میں مفید صحت بیکٹیریاکی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے،جس سے معدے کی گرمی دور ہوجاتی اور نظام ہضم کی خرابی سے نجات مل جاتی ہے۔اس کے علاوہ معدے کا فعل بھی درست رہتا ہے۔
غذ امعمول کے مطابق ہضم ہونے لگتی ہے اور بدہضمی ختم ہو جاتی ہے۔
ٹھنڈا دودھ
ٹھندا دودھ پینے سے بھی معدے کا بڑھا ہوا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے ،جس سے معدے میں تیزابیت کم اور جلن ختم ہوجاتی ہے۔چوں کہ دودھ سے معدہ ٹھنڈا رہتا ہے ،لہٰذا گرمی سے لاحق تکلیف ختم ہو جاتی ہیں ۔ایسی کیفیت میں ہمیشہ ایک گلاس ٹھنڈا دودھ بہت مفید ہوتاہے۔

پودینہ
پودینہ بھی معدے کی گرمی دور کرتا ہے ،اس لیے کہ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔اگر معدے میں گرمی ہو جائے تو ایک پیالی پودینے کا پانی یا قہوہ بنا کر پینا مفید ہے۔
اُبلے ہوئے چاول
اگر گرمی کے باعث معدے میں جلن،تیزابیت یامنھ میں چھالے ہو گئے ہوں تو اُبلے ہوئے چاو ل کھانے سے بھی فائدہ ہوتاہے۔
روغنی اور تلی ہوئی غذائیں
معدے کی گرمی سے بچاؤ کے لیے گرم اشیاء ،تیز مرچ مسالوں والی اور تلی ہوئی غذائیں کم اور پھل وسبزیاں زیادہ کھانی چاہییں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat