Panch Husan Afzaa Ghazain - Article No. 1386

Panch Husan Afzaa Ghazain

پانچ حسن افزا غذائیں - تحریر نمبر 1386

چہرے کی جِلد کو نرم وملائم ،چکنا اور شاداب رکھنے کے لیے بہت سے افراد مختلف کریمیں ،لوشن اور ماسک استعمال کرتے ہیں ،خاص طور پر خواتین حسن و افزایش پر کافی رقم خرچ کرتی ہیں ،حالانکہ وہ اس بات کو فراموش کردیتی ہیں کہ

پیر 15 اکتوبر 2018

ربیعہ نوید
چہرے کی جِلد کو نرم وملائم ،چکنا اور شاداب رکھنے کے لیے بہت سے افراد مختلف کریمیں ،لوشن اور ماسک استعمال کرتے ہیں ،خاص طور پر خواتین حسن و افزایش پر کافی رقم خرچ کرتی ہیں ،حالانکہ وہ اس بات کو فراموش کردیتی ہیں کہ ایسی غذائیں بھی دستیاب ہیں ،جو ا ن کے حسن وجمال میں اضافہ کر سکتی ہیں ۔ذیل میں ایسی پانچ غذاؤں کا تذکرہ کیا جارہا ہے ۔


گہرے رنگ کا چا کلیٹ
گہری رنگت کے چاکلیٹ میں فلیوونائڈز(FLAVONOIDS) ہوتے ہیں اور یہ مانع تکسید(ANTIOXIDANT) ہوتا ہے ،لہٰذا آپ کی جِلد چمک دار اورجوان رہتی ہے ۔گہرے رنگ کا چا کلیٹ اسے دھوپ کی تمازت سے محفوظ رکھتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ ذہنی دباؤ کو کم کرتا ہے ،جس سے چہرے پر جھرّیاں کم پڑتی ہیں ۔
گہرے رنگ کے چاکلیٹ کے فوائد میں دل کی صحت میں اضافہ اور تھکن سے بچاؤ بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)


انڈا
انڈے میں حیاتین ”د“(وٹامن ڈی )اور بایوٹن(BIOTIN) ہوتی ہے ،جوخود بھی حیاتین ہے ۔یہ آپ کی جِلد کو کیل مہا سوں ،چکتوں(RASHES) اور خشکی سے بچا تا ہے ۔اس کے علاوہ انڈا قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔انڈا چوں کہ مانع تکسید ہوتا ہے ،لہٰذا یہ قرنیے(CORNEA) کے سفید حصے میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کرتا اور موتیا بند(CATARACT) نہیں ہونے دیتا ۔

اس کے علاوہ انڈا آپ کو توانائی فراہم کرتا ہے ۔اس میں لحمیہ (پروٹین)بھی ہوتا ہے ،جو ہڈیوں اور عضلات کے لیے بے حد ضروری ہے ۔
لیموں
لیموں حیاتین ج(وٹامن سی )کا خزانہ ہے ،اسی لیے یہ چہرے سے سیاہ داغ دھبّے ،مہا سے اور کیلیں ختم کر تا ہے ۔یہ جِلدی بیماریوں ،مثلا ایکز یما(ECZEMA) کو بھی دُور کرتا ہے۔
حیاتین ج کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتی ہے اور بہت سی بیماریوں کو دور کرتی ہے ۔
لیموں خاص طور پر وائرس کے ذریعے ہونے والے تعدیے (انفیکشن) کو ختم کرنے اور سانس کے مرض کی شدت کو کم کرنے میں فائدہ مند ہے ۔
شملہ مرچ
شملہ مرچ میں حیاتین ج ،فولاد اور نایا سن(NIACIN) ہوتی ہے ،جس سے جھرّیاں کم ہوجاتی ہیں ،خاص طور پر آنکھوں کے قریب پڑی جھرّیاں غائب ہوجاتی ہیں اور آپ کی جِلد صحت مند رہتی ہے ،چوں کہ اس میں حیاتین ب ۶(وٹامن بی۶)اور فولیٹ بھی شامل ہے ،لہٰذا یہ اضمحلال وافسردگی (ڈپریشن )کو بھی دور کرتی ہے ۔
اسے کھانے سے دل کی بیماریاں بھی کم ہو سکتی ہیں ۔
دہی
دہی میں لیکٹک ایسڈ(LACTIC ACID) ہوتا ہے ،جو جِلد کے خلیوں (سیلز)کی مرمت کرتا ہے اور اسے جِلا بخشا ہے ۔وقت سے پہلے آنے والے بڑھاپے کو بھی روکتا ہے ۔
وہ افراد جو اپنی جِلد کو شگفتہ ،ملائم اور شاداب رکھنا چاہتے ہیں ،معالج انھیں دہی کا ما سک لگانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔اس کے علاوہ دہی میں کیلسئیم اور حیاتین ”د“بھی ہوتی ہے ،جس سے جوڑوں کی بیماریاں ،خاص طور پر ہڈیوں کا بھُر بھُر ا پن (اوسٹیو پوروسز)کم ہو جاتا ہے ۔
دہی کو پابندی سے کھانے پر ہاضمے کا نظام درست رہتا ہے ،کیوں کہ اس میں صحت مند جراثیم ہوتے ہیں ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat