Noon Se Nashpati - Article No. 2823

Noon Se Nashpati

ن سے ناشپاتی - تحریر نمبر 2823

اس کے بے شمار وٹامنز اور مفید اجزاء صحت کو بے شمار فوائد پہنچاتے ہیں

بدھ 6 مارچ 2024

ناشپاتی کھائی ہے کبھی آپ نے؟یہ میٹھا اور کرنچی سا پھل ٹھنڈے موسم کی سوغات ہے جس میں فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے جو متعدد امراض سے لڑنے کیلئے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں مدد دیتے ہیں۔یہ پھل مجموعی صحت کیلئے زبردست ہے جس کی وجہ اس میں فائبر،اہم غذائی اجزاء اور منرلز کا موجود ہونا ہے اور صرف ایک ناشپاتی روزانہ کھانا ہی صحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچانے کیلئے کافی ہے۔

ناشپاتی ایسا پھل ہے جو دنیا میں لاکھوں سال سے پیدا ہو رہا ہے جس کی سب سے پہلے چین اور مشرق وسطیٰ میں کاشت کی گئی۔اس وقت امریکی ریاست اوریگن اور واشنگٹن میں اس کی پیداوار سب سے زیادہ ہے۔متعدد تحقیقات کہہ رہی ہیں کہ سیب کے اس قریبی رشتے دار کو کھانے کے بہت سے فوائد ہیں جیسے کہ اس میں کیلوریز بہت کم ہیں جس کی وجہ سے یہ وزن کم کرنے میں بہت مدد دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ آپ کا پیٹ کافی دیر تک بھرا ہوا رکھتا ہے کیونکہ اس میں ریشہ زیادہ ہوتا ہے۔اسے کھانے سے قبض نہیں ہوتا اور نظام ہضم درست رہتا ہے۔یہ پھل وٹامن سی اور وٹامن اے سے بھرپور ہے اور کینسر سے بچاتا ہے جبکہ روزانہ ایک ناشپاتی کھانا چالیس سال سے زائد عمر کی خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ 34 فیصد تک کم کر دیتی ہے۔اس میں سوڈیم اور پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جس کے نتیجے میں دل کے امراض سے تحفظ فراہم ہوتا ہے۔
اس کے کھانے سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور دل کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں۔اس میں موجود ریشے سے بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جبکہ یہ دل کو ہمیشہ اچھی حالت میں رکھتا ہے۔ناشپاتی میں موجود ریشوں کے نتیجے میں آنتوں کی سوزش ختم ہوتی ہے۔اگر روزانہ کے 3 کھانوں سے پہلے صرف دو ناشپاتی ایک ہفتے تک کھائی جائیں تو آنتوں کی سوزش ختم ہو جاتی ہے۔

ناشپاتی میں وٹامن سی‘وٹامن کے اور کاپر ہوتے ہیں جو جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں جو جسمانی خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ناشپاتی کے فائبر جسم میں کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں جس سے امراض قلب سے بچنے میں مدد ملتی ہے روزانہ فائبر سے بھرپور غذا جیسے ناشپاتی کھانے سے فالج کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔اگرچہ ناشپاتی کافی میٹھی ہوتی ہے مگر کم گلیسمک انڈیکس اور زیادہ فائبر کی موجودگی کے باعث یہ پھل بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے اور ذیابیطس سے بچاتا ہے۔

اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کا کام کرتے ہیں،جس سے عام موسمی بیماریوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ناشپاتی ایک ایسا پھل ہے جو ہڈیوں کی صحت کیلئے فائدہ مند ہے کیونکہ یہ کیلشیم کو آسانی سے جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ناشپاتی میں موجود گلوکوز فوری جسمانی توانائی فراہم کرنے والا جز ہے‘یہ گلوکوز بہت تیزی سے جسم میں جذب ہو جاتا ہے اور جسمانی توانائی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
ایک درمیانی ناشپاتی روزانہ درکار فائبر کا 20 سے 25 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے‘یہ فائبر حل نہیں ہوتا تو آنتوں سے بہت آسانی سے گزر جاتا ہے‘اسی طرح فائبر کے باعث یہ نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔یہ پھل اپنی تاثیر میں ٹھنڈا ہوتا ہے اور یہ ٹھنڈک بخار کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اس پھل کا استعمال گرم موسم میں گلے کی خراش اور دیگر مسائل سے بچانے میں مدد دیتا ہے،روزانہ ایک ناشپاتی یا اس کے جوس کا ایک گلاس پینا گلے کی عام موسمی بیماریوں سے بچانے کے لئے کافی ثابت ہو سکتا ہے۔
روزانہ ناشپاتی کھانا عمر بڑھنے سے چہرے پر نمودار ہونے والی جھریوں کو دور رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔وٹامن سی‘وٹامن کے اور کاپر سے بھرپور یہ پھل فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں اور جلد کے خلیات کو نقصان سے بچاتے ہیں‘جس سے جلد کو ہموار رکھنے اور جھریوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔سیب اور ناشپاتی دونوں میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے چھلکوں کے ساتھ ان پھلوں کو کھانا اضافی فائبر فراہم کرتا ہے جو پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ان کے جوس کی بجائے پھل کو کھانا تو ند میں کمی لانے میں مدد دیتا ہے جس سے زیادہ فائبر جسم کو ملتا ہے جبکہ ان پھلوں کو چبانے سے بھی چند کیلوریز جل جاتی ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj