Salad Khayeen Tandrust Raheen - Article No. 2369

Salad Khayeen Tandrust Raheen

سلاد کھائیں تندرست رہیں - تحریر نمبر 2369

کھانے کے ساتھ سلاد کا استعمال کھانے کو نہ صرف زود ہضم بناتا ہے بلکہ ہماری صحت کے حساب سے بھی مفید ہے

بدھ 9 فروری 2022

ثروت یعقوب لاہور
طبی تحقیق سے یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ مرغن غذائیں،تلی ہوئی اشیاء،گوشت خوری ہماری صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔لیکن اس کے باوجود ہم گوشت کو اپنی خوراک کا لازمی جزو سمجھتے ہیں بلکہ کچھ شوقین لوگ اگر دسترخوان پر گوشت کی ڈش موجود نہ ہو تو کھانا ہی نہیں کھاتے جبکہ ہونا تو یہ چاہئے کہ افادیت اور غذائیت کے اعتبار سے ہمیں پھلوں اور سبزیوں کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کرنا چاہئے۔

سبزیوں کو پکانے سے ان کی زیادہ تر غذائیت ضائع ہو جاتی ہے۔اس لئے بہتر یہ ہے کہ ہم سبزیوں کو بطور سلاد استعمال کریں۔کھانے کے ساتھ سلاد کا استعمال کھانے کو نہ صرف زود ہضم بناتا ہے بلکہ ہماری صحت کے حساب سے بھی مفید ہے۔تلی ہوئی اشیاء صرف انسان کا وزن بڑھانے میں معاون و مددگار تو ثابت ہو سکتی ہے لیکن طبی نقطہ نگاہ سے ان کی کوئی افادیت نہیں جبکہ سلاد کے ذریعے حیاتین اور توانائی بھی ملتی ہے اور وزن میں اضافہ بھی نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

سلاد کو موسم کے حساب سے استعمال کریں۔
سلاد کے اجزاء
ٹماٹر
کچے ٹماٹر کا استعمال قبض دور کرتا ہے۔اس میں موجود کیلشیم دانتوں اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔اس میں موجود فولاد خون کی کمی کو پورا کرتا ہے۔کچا ٹماٹر،لیموں،پیاز استعمال کرنے سے وزن میں کمی ہوتی ہے۔آنتوں کے زخم ٹماٹر کے استعمال سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
ٹماٹر کی ترشی ذیابیطس کے لئے مفید ہے۔
مولی
مولی بغیر پتوں کے استعمال کریں۔بھوک کم لگنا،پرانا قبض،یرقان،بواسیر کے مریضوں کو مولی کا استعمال روزانہ کرنا چاہئے۔خون میں یورک ایسڈ کی مقدار زیادہ ہو جائے تو مولی کا استعمال مفید ہے۔
گاجر
گاجر کا استعمال آنکھوں کے لئے مفید ہے جسم میں وٹامن کی کمی پوری کرتی ہے۔
جلدی امراض کے لئے گاجر کا استعمال مفید ہے چہرے پر قدرتی نکھار،رونق اور سرخی گاجر کی مرہون منت ہے۔گاجر کے استعمال سے خون کی کمی دور ہوتی ہے۔
لیموں
لیموں کھانے کو ہضم کرتا ہے۔اس میں موجود حیاتین مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں۔بھوک کھولتا ہے لیموں قبض کشادہ ہے۔امراض چشم منہ کی بدبو مسوڑھوں سے خون نکلنا وغیرہ میں لیموں کا استعمال مفید ہے۔
اس کا استعمال غذاؤں کی افادیت میں اضافہ کرتا ہے۔
ادرک
ادرک کا سلاد میں استعمال ریاح،ہاضمہ اور منہ کا ذائقہ ٹھیک کرنے میں مفید ہے۔کھانسی اور زکام میں اس کا استعمال مفید ہے۔
ہرا دھنیا،پودینہ
ہرا دھنیا اور پودینے کا سلاد میں استعمال بے حد مفید ہے۔جسم کی گرمی دور کرتے ہیں۔دماغی کمزوری،پیشاب میں جلن،دست،قبض جیسے مسائل کو دور کرتے ہیں۔
پودینے کو اگر جوش دے کر نیم گرم پانی پیا جائے تو چہرے کی رونق دوبالا ہو جاتی ہے۔
کھیرا
کھیرے کے استعمال سے پیشاب کھل کر آتا ہے جسم میں جلن اور یرقان میں کھیرا مفید ہے۔دوران خون کو کنٹرول رکھتا ہے۔چہرے پر نکھار کا موجب بھی ہے۔
چقندر
چقندر میں پوٹاشیم،کیلشیم،میگنیشیئم اور آئرن پائے جاتے ہیں۔
یہ درد گردہ،رعشہ اور گھنٹیا میں مفید ہے۔بلغم اور خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔
بند گوبھی
100 گرام بند گوبھی میں 27 کیلوریز توانائی ہوتی ہے۔بند گوبھی میں انسانی بدن کو صاف کرنے اور موٹاپے کو دور کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ذیابیطس کے لئے مفید ہے۔پیاس کی زیادتی روکتی ہے۔
سلاد پتہ
سلاد پتے میں بھرپور حیاتین اجزاء ہوتے ہیں۔یہ دماغ،اعصابی نظام اور پھیپھڑوں کے لئے انتہائی مفید ہے۔بے خوابی کے مرض میں سلاد پتے بہت کارآمد ہوتے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat