Anaar Khaiye - Smart Ho Jaiye - Article No. 2299

Anaar Khaiye - Smart Ho Jaiye

انار کھائیے․․․اسمارٹ ہو جائیے - تحریر نمبر 2299

قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے مفید غذا

منگل 16 نومبر 2021

سلم،اسمارٹ اور خوبصورت جسم ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔صحت مند رہنے اور جسم کو اسمارٹ بنانے میں انار بہت معاون ہے۔100 گرام انار میں صرف 83 کیلوریز ہوتی ہیں،جس کی وجہ سے دن بھر الرٹ اور ایکٹیو رہنے کے لئے توانائی ملتی ہے۔جو لوگ ڈائٹ پر ہیں انہیں انار کھانا مفید ہوتا ہے،کیونکہ اس میں زیادہ تعداد میں فائبر موجود ہوتے ہیں،جس سے بھوک کم لگتی ہے اور ہاضمہ بھی تیز ہوتا ہے ۔
انار میں سیچوریٹڈ چکنائی نہیں ہوتی،جس کی وجہ سے یہ ڈائٹنگ کرنے والوں کے لئے ایک مفید غذا کا کام دیتے ہیں۔ایک سو گرام انار انسانی جسم کو پینسٹھ حراروں کے مساوی توانائی فراہم کرتا ہے۔تحقیق کے مطابق انار میں کئی طبی فوائد موجود ہوتے ہیں۔
قوت مدافعت میں اضافہ مہاسوں اور بال گرنے میں کمی
قوت مدافعت میں اضافے کے لئے وٹامن سی بہترین جزو ہے۔

(جاری ہے)

انار میں یہ وٹامن سیب سے چار گنا زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔انار میں وٹامن ای بھی کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔اگر روزانہ ایک گلاس انار کا جوس پیا جائے،تو جلد دانوں سے پاک،جوان اور چمک دار نظر آئے گی۔انار میں موجود پیونکِ ایسڈ کی وجہ سے انار کا جوس جلد کو خشکی اور کھردرے پن سے محفوظ رکھتا ہے۔یہ ایسڈ بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے،جس کی وجہ سے بالوں کے گرنے میں کمی ہوتی ہے۔

بیماریوں کو روکے
انار میں سبز چائے سے زیادہ اینٹی آکسیڈینٹس موجود ہوتے ہیں۔اگر موسم میں انار مسلسل استعمال کیا جائے تو یہ سینے،بڑی آنت،اور مثانے کے کینسر سے بھی مدافعت فراہم کرتا ہے۔اس کے چھلکے میں الیجک ایسڈ موجود ہوتا ہے،جو جلد کے کینسر کو بڑھنے سے روکتا ہے۔انار میں آئرن،پوٹاشیم،اور مینگنیز کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے،جس کی وجہ سے یہ انسانی صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔
دورانِ حمل انار کا باقاعدگی سے استعمال انیمیا سے محفوظ رکھتا ہے۔
دل کا معاملہ
انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرتے ہیں۔انار کا تازہ جوس روزانہ پینے سے کیروٹڈ آرٹری میں موجود رکاوٹیں دور ہوتی ہیں،جو کہ اسٹروک اور دل کی بعض بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔انار کو سلاد پر یا میٹھے پر چھڑک کر کھایا جائے،دہی میں ملا کر کھایا جائے یا اس کا جوس پیا جائے،کسی بھی طرح انار ڈائٹ میں ضرور شامل رہے۔

اسہال
ماہرین طب انار کو اسہال کے مرض میں مفید بتاتے ہیں۔اسہال کے مریض کو وقفے وقفے سے تقریباً پچاس ملی لیٹر انار کا رس پلایا جائے، تو افاقہ ہوتا ہے۔انار کا رس دہی میں ملا کر بھی دیا جا سکتا ہے۔اس میں نمک اور کالی مرچ بھی شامل کی جا سکتی ہے۔چھوٹے بچوں کو اسہال میں انار کی کونپلوں کی چٹنی بنا کر بھی دن میں تین مرتبہ دی جاتی ہے۔

پیٹ درد
انار (ترش یا شیریں) کے دانے نکالیے،پھر ان پر نمک اور کالی مرچ چھڑک کر تقریباً سو گرام کھائیے۔یہ پیٹ درد میں مفید ہے۔
پیچش
پیچش کے مریض کو دن میں دو تین مرتبہ تھوڑا تھوڑا انار کا رس پلانا یا انار کے دانے کھلانا مفید ہوتا ہے۔
سنگرہنی
انار کا رس اس مرض میں بھی بہت مفید بتایا جاتا ہے۔

بخار
انار کا رس دافع بخار بھی ہے۔
پیٹ کے کیڑے
اس مرض میں انار کی چھال کا کاڑھا مفید ہے۔طریقہ یہ ہے کہ چوبیس گرام انار کی چھال کوٹ کر اسے سولہ گنا زیادہ پانی میں ڈال کر اُبال کر اسے آہستہ آہستہ ہلکی آنچ پر پکنے دیا جائے۔جب چوتھائی حصہ پانی رہ جائے تو اُتار کر ٹھنڈا کرکے چھان لیں۔اس میں چھ گرام کالا نمک ڈال کر مریض کو پلانا چاہیے۔

بھوک بڑھانے کے لئے
ہاضمے کی درستگی اور بھوک بڑھانے میں انار مفید ہے۔اس پھل کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کر لینے سے معدہ صحت مند اور فعال رہے گا۔ جب معدہ ٹھیک ہو گا تو جسم بھی صحت مند رہے گا۔
گردے اور مثانے کی پتھری
کھٹے یا میٹھے دونوں قسم کے انار کے دانے پتھریوں کے علاج کے لئے مفید ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ دن میں تین مرتبہ دانے (بیج) اچھی طرح پیس کر چنے کے شوربے کے ساتھ کھلانے سے گردے اور مثانے کی پتھریاں تحلیل ہو سکتی ہیں۔
دانتوں اور مسوڑھوں کی تکلیف
انار کے خشک چھلکے کا سفوف کالی مرچ اور نمک کے ساتھ بطور منجن استعمال دانتوں اور مسوڑھوں کی کئی تکالیف میں مفید ہے۔اس کے باقاعدہ استعمال سے مسوڑھے مضبوط ہو جاتے ہیں۔خون رسنا بند ہو جاتا ہے۔دانت چمکنے لگتے ہیں۔
احتیاط
انار کا پھل کاٹنے کے فوراً بعد استعمال کر لینا چاہیے۔وگرنہ اس کے بیج اپنی رنگت کھونے لگتے ہیں۔انار کھاتے ہوئے تمباکو نوشی نہیں کرنا چاہیے۔اس سے آنتوں پر منفی اثرات ہو سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj