Apple Vinegar - Bara Mufeed Mashroob - Article No. 1813

Apple Vinegar - Bara Mufeed Mashroob

سیب کا سرکہ بڑا مفید مشروب - تحریر نمبر 1813

9طبی فائدے حسن وصحت بڑھائیں

بدھ 19 فروری 2020

دنیا بھر میں سرکہ مختلف کھانوں اور گھر گر ہستی میں کار آمد جزو کی طرح استعمال ہوتاہے۔بظاہر ایک مائع ہے مگر اس میں بے شمار خوبیاں چھپی ہوئی ہیں،اسی لئے اسے صدیوں سے گھر کے ان گنت کاموں میں بھی استعمال کیا جاتاہے۔مثال کے طور پر چاول پکاتے ہوئے ان میں ایک چمچ سرکہ ڈالنے سے چاول جڑتے نہیں اور کھلے کھلے رہتے ہیں۔مچھلی کی ہیک دور کرنے کے لئے سرکے سے مچھلی کو دھولیا جائے تو ہیک فوراً ختم ہو تی ہے۔
انڈے ابالتے ہوئے پانی میں آدھی چمچ(چائے کی)کے برابر سرکہ ڈال دیا جائے تو انڈے ٹوٹتے نہیں اور ان کا چھلکا با آسانی اتر جاتاہے۔پنیر کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنا ہوتو اسے سر کے میں بھیگے کپڑے کے ساتھ لپیٹ کے بند ڈبے میں رکھ دیں۔پنیرمحفوظ رہے گا۔
سرکہ ایسا مائع ہے جو کسی بھی دور میں پرانا اور متروک نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔

یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ بازاری کھانوں میں استعمال ہونے والا سرکہ کیمیائی مرکبات سے تیار کیا جاتاہے۔اصل سرکہ وہ ہے جو سبزیوں اور پھلوں سے بنایا جائے اور صحت کے فوائد بھی اصل سرکہ سے ہی حاصل ہوتے ہیں۔طب اسلامی میں بھی سرکے کی اہمیت ثابت شدہ ہے ۔سیب اور انگور کے سر کے کو افضل اور موزوں ترین کہا گیا ہے ۔ان سرکوں میں گندم یاجوکی روٹی بھگو کر کھانے سے توانائی ملتی ہے۔
ذیل میں سیب کے سرکے کے چند فوائد بتائے جارہے ہیں۔
گلے کے انفیکشن میں آرام دیتاہے
حلق کی تکالیف میں سرکہ استعمال کرنے کا مشورہ اس لئے دیا جا سکتاہے کیونکہ سرکے میں تیزابی خاصیت ہوتی ہے لہٰذا جراثیم حلق میں نہیں آتے۔ ایک چوتھائی کپ سیب کے سر کے میں اتنی ہی مقدار میں قابل برداشت حد تک گرم پانی ملا کر ہر گھنٹے بعد غرارے کر لئے جائیں تو حلق صاف ہو جاتاہے۔

جسمانی وزن میں کمی کرتاہے
سیب کا سرکہ جسمانی وزن میں کمی کے لئے فائدہ مند ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں Acetic Acidکھانے کی اشتہا کم کرکے میٹا بولزم کو تیز کرتا ہے ۔طبی ماہرین کے خیال میں سرکہ جسم کے نظام ہضم کو بھی تیز کرتا ہے ،جس کے نتیجے میں دوران خون میں کیلوریز کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔سرکہ جسم میں موجود زائل چربی پگھلانے میں مدد دیتاہے۔

معدے کی تیزابیت سے نجات
سینے کی جلن،بدہضمی،تیزابیت کی شکایت میں 2چائے کے چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس پانی میں ملا کر پینے سے تیزابیت کم ہو جاتی ہے اور غذائی نالی کو معدے کی تیزابیت بڑھنے کے اثر سے بھی محفوظ رکھتاہے۔
نظام ہاضمہ کے لئے اکسیر ہے
سیب کا سرکہ ہاضمہ بہتر بناتاہے ۔پانی میں ملا کر پینے سے قبض اور ہیضے وغیرہ سے محفوظ رہنے میں مدد دیتاہے۔

ناخنوں کے فنگس دور کرتاہے
یہ ایک ٹوٹکا ہے کہ سیب کے سرکے کی مدد سے ناخنوں کے فنگس صاف کئے جائیں تو اس میں موجود تیزابیت کی وجہ سے فنگس کا خاتمہ ہو جاتاہے ۔سرکے کو پیڈی کیور کے پانی میں ملا کر استعمال کرنے سے پیر صاف اور شفاف ہو جاتے ہیں۔
بالوں کی خشکی سے نجات
سرکے کی تیزابیت سرکی سطح میں تبدیلیاں لا کر خشکی کو دور کرتی ہے ۔
ایک چوتھائی کپ سیب کے سرکے کو چوتھائی کپ پانی میں ملا کر کسی اسپرے کی بوتل میں ڈال لیں اور بالوں پر چھڑکاؤ کریں۔اس کے بعد کچھ ساعتوں کے لئے تو لئے سے سر لپیٹ لیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک کے لئے بیٹھ جائیں۔اس کے بعد بے بی شیمپو یا کسی Mildشیمپو سے بال دھولئے جائیں تو بال نرم وملائم ہو جاتے ہیں اور ان میں چمک بھی محسوس ہو تی ہے۔
سانسیں مہکانے کے لئے
اگر برش کرنے یا ماؤتھ واش استعمال کرنے کے بعد بھی منہ کی بدبو نہ جارہی ہو تو ممکن ہے کہ آپ کا ہاضمہ خراب ہو ۔
آپ سیب کے سرکے میں ایک چمچ کے قریب پانی ملا کر غرارے کرلیں اور تھوڑا سا سرکہ پانی میں ملا کر پی لیں اس طرح بو پیدا کرنے والے بیکٹیریاز ختم ہو جاتے ہیں۔
ذیابیطس کے لئے
بلڈ شوگر کی سطح کنٹرول کرنے کے لئے سیب کے سرکے میں تھوڑا سا پانی ملا کر پینا مفید رہے گا۔سونے سے قبل دو چائے کے چمچ سیب کے سرکے کا استعمال صبح گلوکوز کی سطح میں کمی لاسکتاہے۔
کیل مہاسوں کو صاف کرنے کے لئے
سیب کا سرکہ ایسا قدرتی ٹانک ہے جو جلد کو صحت مند رکھتاہے ۔اس کی جراثیم کش خصوصیات کیل مہاسوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں جبکہ جلد کو بھی شفاف اور نرم وملائم بنادیتی ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj