Barsaat Main Phaloon Se Gazaiyat Or Shafa Hasil Kijye - Article No. 1916

Barsaat Main Phaloon Se Gazaiyat Or Shafa Hasil Kijye

برسات میں پھلوں سے غذائیت اور شفاء حاصل کیجیے - تحریر نمبر 1916

پھلوں کا بادشاہ آم ہے۔اس کی ایک ہزار سے زیادہ اقسام پوری دنیا میں چھائی ہوئی ہیں۔

جمعرات 30 جولائی 2020

پھلوں کا بادشاہ آم ہے۔اس کی ایک ہزار سے زیادہ اقسام پوری دنیا میں چھائی ہوئی ہیں۔سرخ،ہرے، اوورنج اور پیلے رسیلے آم کے جہاں اپنے اپنے رنگ ہیں وہاں ذائقہ بھی مختلف ہے۔برسات میں آموں کی بہار ہوتی ہے۔اسے اچھے طریقے سے کھایا جائے تو یہ انسانی صحت کو قائم رکھتا ہے۔صالح خون بناتا ہے۔سوکھے جسم کو سڈول وتوانا کرتاہے۔قبض دور کرتا ہے۔
آم کھانے سے دل مضبوط ہوتا ہے۔ فالج اور گردوں کے امراض میں بھی مفید ہے۔ضعف دفاغ کو دور کرتا ہے۔یاد داشت کمزور ہورہی ہوتو آم کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔آم بلغم کو بھی پتلا کرکے خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔آم اسکن اور پروسٹیٹ گلینڈ کے کینسر کو روکتا ہے۔ہڈیوں اور پھیپھڑوں کے امراض میں بھی مفید ہے۔نیند نہ آتی ہو بے خوابی ہو۔

(جاری ہے)

قوت کی کمی ہوتو آم کھانے سے آرام آتا ہے۔

ہارمونی نظام اور تولیدی نظام کو بھی درست کرتا ہے۔یرقان میں بھی مفید بتایا گیا ہے۔
آم کا اچار بھی ڈالا جاتا ہے۔کھٹا اور میٹھا اچار مختلف طریقوں سے بنتا ہے۔حیدر آبادی آم کا اچار بے حد کھٹا ہوتا ہے۔آم کی میٹھی چٹنی سرکہ میں بنتی ہے۔آم کا گڑانبہ بنتا ہے۔سوجی میں کھٹے آم ڈال کر بنا ہوا گڑانبہ کھا کر مزہ آجاتا ہے۔بنگلہ دیش میں آم کا شیرہ بوری پر ڈال کر سکھایا جاتا ہے یہ آم رس سوکھ کر پاپڑی کی طرح ہوتی ہے اور اس کے ٹکڑے کاٹ کر بازار میں بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔
ان کا اپنا ہی منفرد ذائقہ ہوتا ہے۔لوگ بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔اب تو کیک پر بھی آم سجاوٹ کے لئے لگائے جاتے ہیں۔آم کی آئس کریم لوگوں کو بہت پسند آتی ہے۔کسٹرڈ میں رسیلے آموں کا اور ہی مزہ ہے۔پہلے دعوتوں میں آم ٹھنڈے کرکے قتلے کاٹے جاتے تھے۔دودھ کی موٹی بالائی لے کر قتلوں پر لگا کر اس پر اور آم کے قتلے رکھ کر برف میں ٹھنڈے کیے جاتے ہیں۔
بالائی اور آم کی یہ میٹھی ڈش امراء کے ہاں بہت مقبول تھی۔جسے کھانے سے لطف آتا تھا۔آج بھی فریزر میں رکھ کر بالائی کے ساتھ آم ٹھنڈے کرکے کھائے جاتے ہیں۔
آلو بخارا
آلو بخارا جسم وجاں قلب و دماغ کی تسکین کے لئے مفید پھل مانا جاتا ہے۔برسات کے موسم میں حبس اور گری میں چند آلو بخارے کھا لیے جائیں تو طبیعت سنبھل جاتی ہے۔
ٹھنڈے آلو بخارے جسم کی گرمی زائل کرتے ہیں۔دل و جگر کو قوت دیتے ہیں،مزاج کا چڑچڑاپن دور کرتے ہیں۔گرمی کی وجہ سے سر میں درد ہو رہا ہو۔بے چینی بڑھ جائے،متلی،قے،بدہضمی ہو کچھ کھانے پینے کو دل نہ چاہے۔قبض ہو،تو آلو بخارے کھانے سے طبیعت سنبھل جاتی ہے۔جگر کی گرمی کی شکایت میں آلو بخارے کھائیں۔بلڈ پریشر ہائی نہ ہوتو کالا نمک پیس کر ہلکا سا چھڑک کر کھانے سے جگر معدے کو تقویت ملے گی۔
کچھ لوگوں کو سر چکرانے کی شکایت ہوتی ہے۔دیرینہ قبض رہتا ہے۔کان بجتے ہیں۔وہ ناشتہ میں روزانہ آلو بخارے کھائیں تو ان شاء اللہ صحت ہو گی۔حاملہ خواتین کی طبیعت کھانے کی طرف مائل نہیں ہوتی۔انہیں آلو بخارے کھانے سے بھوک لگنے لگتی ہے۔
ایک پاؤ آلو بخارے میں دو روٹیوں کے برابر طاقت ہوتی ہے۔کمزوری ہو،بیماری سے صحت یاب ہوئے ہوں تو آلو بخارے غذا میں شامل
کرنے سے کمزوری دور ہو جاتی ہے۔
پرانے طبیب کہتے تھے آلو بخارے کے موسم میں روزانہ چند دانے کھانے سے بیماریاں نزدیک نہیں آتیں۔جب تک آلو بخارے دستیاب ہوں انہیں روزانہ ضرور کھائیں تاکہ صحت بر قرار رہے۔مثانہ میں گرمی ہو،خون کی تیزابیت بڑھ جائے۔پیٹ میں ہر وقت گیس کی شکایت رہے۔قبض دور نہ ہوتا ہو۔صبح اٹھ کر بدمزہ ڈکار آتے ہوں تو صبح کے وقت آلو بخارے کھانے سے یہ شکایت دور ہو جاتی ہے۔
برسات میں گرمی اور حبس کی شدت سے جسم میں خارش،کھجلی ہو جاتی ہے۔ایسے میں دو مرتبہ دن میں آلو بخارے کھانے اور شربت عناب پینے سے فرق پڑ جاتا ہے۔آلو بخارے کا مربہ اور جسم بھی بنتا ہے۔سوکھے آلو بخارے کی میٹھی چٹنی خوش ذائقہ بھوک لگانے والی ہوتی ہے۔
جامن
برسات کے موسم میں پھوڑے پھنسی دانے جلدی بیماریاں ہوجاتی ہیں ۔
خون صاف کرنے کے لئے جامن اور نیم بہت مفید ہیں۔سیاہی مائل اودے ننھے گھٹلی والے پھل کی غذائی اہمیت جامن کی شکل میں سامنے آتی ہے۔اس کا گودا اور پھل دونوں ہی کار آمد ہیں۔شوگر کے مریضوں کے لئے ایک اچھا تحفہ ہے،جامن کی گھٹلیاں بھی سکھاکر سارا سال کام آتی ہیں۔انسانی جسم کے اندر گرمی،غیر ضروری حرارت کو جامن کنٹرول کرتا ہے۔یہ خون بھی صاف کرتا ہے۔
گرم مزاج افراد کے لئے مفید ہے۔اس کے اندر سائیڈک ایسڈ موجود ہے جو ناصرف بھوک بڑھاتا ہے معدے اور آنتوں کی تقویت بھی دیتاہے۔جلن اور خراش کو بھی دور کرتا ہے۔
گرمی کی وجہ سے پیشاب جل کر سرخ رنگ کا آئے تو جامن کھانے سے آرام آتا ہے۔قے ،متلی،ہیضہ جیسی بیماری میں مفید بتایا جاتا ہے۔ جامن دھو کر کسی برتن میں ڈال کر معمولی سا نمک چھڑک کر خوب ہلا کر نرم کرکے کھانے چاہئیں اس طرح جامن کی اصلاح ہوجاتی ہے۔
کچھ لوگ تھوڑی سی سونٹھ،نمک اور کالی مرچ کے ساتھ جامنوں پر لگا کر کھاتے ہیں۔جامن نا صرف جسم کی کمزوری دبلے پن کو دور کرتا ہے بلکہ پیٹ درد میں بھی کام آتا ہے۔جامن کی گھٹلی سکھا کر نمک کالی مرچ ملا کر منجن بنایا جائے،دانتوں کی اکثر بیماریوں میں مفید بتایا جاتا ہے۔
آڑو
آڑو ایک صحت بخش پھل ہے۔ہماری جلد کو شاداب رکھتا ہے۔
سانس کی تکالیف،دمہ،ہائی بلڈ پریشر،گردے کے ورم،خون کی کمی،اعصابی کمزوری،تیزابیت وغیرہ میں شفا بخش ہے۔آڑو کا جوس اور جیم بھی ملتا ہے ۔آڑو خواتین کے حسن کی بھر پور حفاظت کرتا ہے۔اسے کھائیے بھی اور اسے لگائیے بھی۔آڑو کا اسکرب اور ماسک جلد کو تازگی دیتا ہے۔پیٹ میں کیڑے ہوں تو شام کے وقت تین چار آڑو کھانے سے پیٹ کے کیڑے نکل جاتے ہیں۔آڑو کھانے سے بھوک لگتی ہے۔ہاضمہ اور معدہ ٹھیک رہتا ہے۔آپ آڑو کی چاٹ بھی بنا کر کھا سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj