Calabash- Loki Gazayyat Se Bharpoor Sabzi - Article No. 1929

Calabash- Loki Gazayyat Se Bharpoor Sabzi

لوکی۔غذائیت سے بھر پور سبزی - تحریر نمبر 1929

لوکی پیٹ کو راحت و ٹھنڈک پہنچاتی ہے اور جسم میں گرمی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

پیر 17 اگست 2020

نسرین شاہین
قدرت نے ہماری صحت کے لئے موسم کے لحاظ سے غذائیں پیدا کیں ہیں،جو ہمارے جسم کو گرم اور ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ہمارا جسم اللہ تعالیٰ کا بنایا ہوا حیرت انگیز شاہکار ہے۔یہ ہر قسم کا موسم ایک مناسب حد تک برداشت کر سکتا ہے۔موسم سرد ہو یا گرم،ہمارے جسم کا اندرونی درجہ حرارت صحت کی حالت میں تقریباً یکساں رہتا ہے۔
گرمی میں پسینا آتا ہے تو جسم کی فالتو حرارت جسم سے خارج ہوجاتی ہے اور جسم ٹھنڈا ہو جاتا ہے۔جسم کے درجہ حرارت کے نظام کو ہمارا دماغ قابو میں رکھتا ہے۔
گرمیوں میں پسینا آنے سے پانی کے بخارات اُڑنے میں حرارت استعمال ہوتی ہے تو ہم ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں۔اگر جسم سے پسینے کے ذریعے گرمی کے اخراج کا نظام نہ ہوتا تو ہمارا جسم تندور کی طرح گرم ہو جاتا،نتیجتاً جسمانی اعضا کام کرنا بند کر دیتے اور موت بھی واقع ہو سکتی تھی۔

(جاری ہے)

رب کریم نے ہماری حفاظت کا نہایت جامع خود کار نظام بنایا ہے۔گرمی کے موسم میں خون کا زیادہ حصہ جلد کی سطح کے قریب گردش کرتا ہے۔جلد کی سطح پر باریک باریک رگیں ہیں،لہٰذا جب جلد کے مساموں سے پسینا خارج ہوتا ہے تو ہمیں ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔موسم سرما میں پسینا نہیں آتا تو جسم کی حرارت بھی خارج نہیں ہو پاتی اور جسم کا درجہ حرارت یکساں رہتا ہے۔
قدرتی طور پر جسم کو ٹھنڈا رکھنے کا خود کار نظام موجود ہے،لیکن ہمیں بیرونی طور پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،مثلاً ہم ایسی غذائیں کھائیں ،جو گرمی کے اثرات کو زائل کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ایسی غذاؤں میں لوکی بے شمار فوائد کی حامل سبزی ہے۔طبی اور غذائی فوائد سے مالا مال لوکی ہمارے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی مرغوب غذاؤں میں شامل ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پسندیدہ سبزی ہونے کے اعتبار سے لوکی ہمارے لئے نہایت اہمیت و افادیت کی حامل سبزی ہے،جس سے ہم بے شمار فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
لوکی کا تقریباً 92فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔لوکی گول اور لمبی،یعنی دو قسموں کی ہوتی ہے۔اس کی باہر کی سطح ہلکے سبز رنگ کی ہوتی ہے ،جب کہ اندرونی سفید نرم اسفنج کی طرح ہوتی ہے۔
اس میں آدھے انچ لمبے اور چوتھائی انچ چوڑے نوک دار بیج درمیان میں موجود ہوتے ہیں۔لوکی میں گوشت بنانے والے روغنی اور معدنی نمکیات زیادہ ہوتے ہیں۔قدرت نے اس سبزی میں کیلسیئم،پوٹاشیئم اور فولاد جیسے مفید اجزاء رکھے ہیں،تاکہ انسانوں کو فائدے حاصل ہوں۔مشاہدے سے یہ معلوم ہوا ہے کہ موسم گرما میں پیدا ہونے والی سبزیوں میں حیاتین الف اور حیاتین ج(وٹامنز اے اور سی)وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں۔
لوکی بھی انھی سبزیوں میں سے ایک ہے، جس میں حیاتین الف ،ب اور ج پائی جاتی ہیں۔لوکی کا گودا غذائی طاقت سے بھر پور ہوتا ہے اور اس کے بیج بھی فاسفورس سے مالا مال ہوتے ہیں۔
لوکی میں وافر مقدار میں پانی ہوتا ہے ،جس کی وجہ سے یہ ہمارے جسم میں ٹھنڈک کا احساس پیدا کرتی ہے۔لوکی پیٹ کو راحت و ٹھنڈک پہنچاتی ہے اور جسم میں گرمی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
تیز دھوپ میں جسم سے جب بے تحاشا پسینا نکلتا ہے تو لوکی ہمارے جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کو پورا کرتی اور جسم کو نمی فراہم کرتی ہے۔بہت زیادہ پسینا خارج ہونے،کمزوری و نقاہت یا اسہال جیسے امراض کی شکات دور کرنے کے لئے لوکی کھانے سے فائدہ ہوتا ہے،کیونکہ ان تمام شکایات میں جسم سے وافر مقدار میں پانی نکل جاتا ہے اور جسم لاغر اور سست ہو جاتا ہے۔
لوکی قدرتی طور پر جسم کو پانی فراہم کرکے اسے ٹھنڈا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔لوکی امراض قلب وشریان کے مریضوں کے لئے نہایت شفا بخش سبزی ہے۔دور حاضر میں دل کی مختلف بیماریوں میں لوگ زیادہ مبتلا نظر آتے ہیں،مثلاً دل کا دورہ،دل کا بڑھ جانا،دل کے صمام (VALVES) کا بند ہو جانا اور شریانوں کا تنگ ہونا وغیرہ۔عام طور پر نا مناسب غذائیں کھانے اور غیر صحت مندانہ طرز زندگی گزارنے کی وجہ سے لوگ دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
ایسے لوگوں کو لوکی کا رس اور اس کا سوپ پینا چاہیے۔اس کا پتلا شوربے کا کم چکنائی والا سالن دل کی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔لوکی کو باقاعدگی سے کھانے سے دل کی صحت خوب اچھی ہو جاتی ہے اور بلڈ پریشر بھی نارمل ہو جاتا ہے۔
لوکی میں ہاضمہ بہتر کرنے کی قدرتی صلاحیت موجود ہے۔اس میں ریشہ (فائبر) بھی ہوتا ہے،جو نظام ہضم کو بہتر بنانے میں نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
لوکی کا رس پینے سے قبض کی شکایت ختم ہو جاتی ہے۔لوکی نظام ہضم کو درست کرتی اور تیزابیت و اپھارے میں آرام پہنچاتی ہے۔لوکی کھانے یا اس کا رس پینے سے جسم کے مضر صحت اجزاء پانی کے ذریعے خارج ہو جاتے ہیں۔لوکی وزن بھی گھٹاتی ہے۔ وزن گھٹانے کے لئے لوکی کو چھیل کر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔پھر بلینڈر میں ڈال کر رس نکال لیں۔یہ رس نہار منہ پینے سے وزن میں خاص کمی واقع ہوتی ہے۔
یہ رس چونکہ فولاد،پوٹاشیئم اور حیاتین سے بھر پور ہوتا ہے،اس لئے کمزوری و نقاہت پیدا نہیں ہوتی اور بھوک بھی قابو میں رہتی ہے۔ذیابیطس کے مرض میں مبتلا مریضوں کو بار بار پیاس لگتی ہے،لوکی پیاس بجھانے میں مدد کرتی ہے۔لوکی ہماری جلد کو صاف شفاف رکھتی ہے۔یہ جلد کو اندر سے صحت مند کرکے کیل و مہاسوں سے محفوظ رکھتی ہے۔چکنی جلد کے حامل افراد کے لئے لوکی نہایت موثر ثابت ہوتی ہے،اس لئے کہ یہ جلد سے خارج ہونے والے تیل کے اخراج کو توازن میں رکھنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔
اس طرح لوکی جلد کو صحت مند اور چمک دار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
لوکی سر کی خشکی کو بھی دور کرتی ہے۔ہماری صحت سر کی جلد اور بالوں پر اثرات مرتب کرتی ہے۔جسم میں کسی اندرونی خرابی کے باعث خشکی سر کی جلد پر پپڑیوں کی صورت میں جم جاتی ہے اور اس طرح مردہ خلیات (سیلز) کی تہ سر کی جلد پر قابض ہو جاتی ہے۔سر کی جلد سے خشکی ختم کرنے کا ایک آزمودہ طریقہ یہ ہے:لوکی کا رس اور آملے کا رس ہم وزن لے کر ملا لیں۔اب اس محلول کو پورے سر کی جلد پر لگا کر مساج کریں ۔پھر تھوڑی دیر بعد سادے پانی سے سر دھولیں۔اس طریقے پر عمل کرنے سے سر کی خشکی سے مکمل طور پر نجات مل جاتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj