Cashew - Sardiyon Ka Mewa Dil Ka Muhafiz - Article No. 2637

Cashew - Sardiyon Ka Mewa Dil Ka Muhafiz

کاجو ۔ سردیوں کا میوہ،دل کا محافظ - تحریر نمبر 2637

سردی کے اثرات سمیت دیگر کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے میں اکسیر گردانا جاتا ہے

پیر 6 فروری 2023

حکیم حارث نسیم سوہدروی
کاجو،جسے انگریزی میں Cashew یا Cashew Nut کہتے ہیں،سردی کے اثرات سمیت دیگر کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے میں اکسیر گردانا جاتا ہے۔کاجو کا درخت تیس سے چالیس فٹ بلند ہوتا ہے،جس پر نومبر تا فروری پھول اُگتے ہیں،جب کہ پھل مارچ تا مئی پکتا ہے۔عمومی طور پر ایک درخت سے بیس سے تیس پونڈ کاجو حاصل ہوتے ہیں،مگر بعض درخت اس سے زائد تعداد میں بھی پھل دیتے ہیں۔
پھر انہیں قابلِ استعمال بنانے کے لئے گرم ریت یا مٹی کے برتنوں میں بھوننے کے بعد چھلکا اُتار دیا جاتا ہے۔کاجو کی تاثیر گرم ہوتی ہے۔اس کے چھلکوں سے تیل بھی حاصل کیا جاتا ہے،جو لکڑی کو دیمک سے بچاتا ہے۔کاجو میں معدنیات،تانبا،میگنیشیم،پروٹین اور وٹامنز وغیرہ پائے جاتے ہیں،جو صحت کے لئے فائدہ مند ہیں۔

(جاری ہے)

کاجو میں چکنائی بھی وافر مقدار میں پائی جاتی ہے،جو غدود کے افعال میں بہتری لاتی ہے۔

اس کے علاوہ کاجو کا استعمال کولیسٹرول کی مقدار کم کرتا ہے،تو فالج کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے۔
نیز،وزن میں کمی،بچوں کی جسمانی نشوونما اور بصارت کے لئے بھی اکسیر ہے۔گردوں کے امراض سے بچاتا ہے۔دماغ کے لئے طاقتور اور یادداشت بہتر بناتا ہے۔خون کی شریانیں تنگ نہیں ہونے دیتا۔خون کا دباؤ متوازن رکھنے میں معاون ہے،تو جسم میں شکر کی مقدار کنٹرول رکھتا ہے۔
کاجو کا استعمال امراضِ قلب میں بھی مفید ہے۔کاجو کھانے کی عادت قدرتی طور پر بلڈ پریشر میں کمی لانے کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔واضح رہے،بلڈ پریشر میں اضافہ خون کی شریانوں کو نقصان پہنچاتا ہے،نتیجتاً ہارٹ اٹیک سمیت فالج جیسے جان لیوا امراض کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔کاجو ذہنی دباؤ کم کرتا اور نیند لاتا ہے۔ہڈیاں مضبوط بناتا ہے۔اینٹی آکسیڈنٹ ہونے کی وجہ سے بڑھاپا جلد غالب نہیں آتا ہے۔
کاجو کا استعمال مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے۔مثلاً ملک شیک،مٹھائی اور حلوا وغیرہ۔اس کے علاوہ بعض افراد کاجو کو نمک کے پانی میں بھون کر یا پھر نمک مرچ لگا کر فرائی کرکے استعمال کرتے ہیں،تو اسے سالن میں بھی شامل کرکے کھانے کی لذت بڑھائی جاتی ہے۔نیز،سلاد میں کاجو کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بھی ڈال سکتے ہیں۔
موٹاپا متعدد امراض کا سبب گردانا جاتا ہے۔
عمومی طور پر فربہی مائل افراد ڈائیٹنگ یا پھر ادویہ کا سہارا لیتے ہیں،لیکن دیکھا گیا ہے کہ جب ڈائیٹنگ یا ادویہ ترک کی جائیں،تو جسم پہلے کی طرح فربہ ہو جاتا ہے۔اگر کاجو کا پابندی سے استعمال کیا جائے،تو موٹاپے سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔کاجو کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے اسے بھون کر استعمال کریں،کیونکہ کاجو کے چھلکے میں ایک زہریلا کیمیکل پایا جاتا ہے،جس کا زہریلا پن زائل کرنے کے لئے اسے بُھننا ضروری ہے،بصورت دیگر جسم میں جلن،سُرخی،خارش یا پھر چھالے ہو سکتے ہیں۔
یاد رکھیں،کسی بھی مفید شے کا زائد استعمال صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے،لہٰذا ماہرین کے مطابق روزانہ 3 سے 5 کاجو استعمال کر سکتے ہیں۔مختلف تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کاجو کا زائد استعمال بعض افراد میں گیس،ریاح،اپھارہ،قبض،جوڑوں کی سوزش اور وزن بڑھنے کا سبب بھی بن سکتا ہے،اس لئے کاجو متوازن مقدار میں اپنے مزاج کے مطابق استعمال کریں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj