Falsa Khushnuma Aur Khush Zaiqa - Article No. 2482

Falsa Khushnuma Aur Khush Zaiqa

فالسہ ․․․ خوشنما اور خوش ذائقہ - تحریر نمبر 2482

معدے اور جگر کی گرمی دھوئے فالسہ

پیر 4 جولائی 2022

گرمی کا موسم اچھا خاصا طویل ہوتا ہے۔قدرت نے اپنے خزانے سے ایسے ایسے خوشنما،غذائیت بھرے اور اس موسم کا توڑ کرنے والے پھل اُتارے کہ جن کی نظیر ملنا مشکل ہے۔ایک چھوٹا سا پھل فالسہ ان دنوں بازار میں دستیاب ہے۔شدید گرمی میں معدے اور جگر کے مرض لاحق ہو سکتے ہیں۔اسی طرح لو لگنے کے واقعات اور ہیٹ ویو کے اثرات بھی جھیلنے پڑتے ہیں۔ایسے موسم میں Grewia یعنی فالسہ کھایا جائے یا اس کا شربت بنایا جائے اور بجائے گیس والے مشروبات کے یہ استعمال کیا جائے تو اس سے متعدد فوائد مل جاتے ہیں۔

فالسے میں ڈائٹری فائبر موجود ہے جو نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے۔100 گرام فالسوں میں 553 گرام ڈائٹری فائبر کی موجودگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ نظام انہضام کے علاوہ دوران خون اور دل کے افعال کو بھی تقویت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ خون صاف کرنے والا پھل ہے۔کولیسٹرول کی سطح کو متوازی کرتا ہے۔سوزشی عناصر اور خون کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔خدانخواستہ اگر کسی کو سانس کی بیماری لاحق ہو جائے یا گلا خراب ہو جائے تو لوگ ترش غذائی کھانا مضر صحت تصور کرتے ہیں جبکہ سٹرس فروٹس اور فالسہ ان امراض میں بھی تریاق کا کام کرتے ہیں۔


زمانہ قدیم سے فالسے کے عرق کو گردوں اور مثانے کی تکالیف دور کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔دیگر پھلوں کی طرح یہ بہترین اینٹی آکسیڈنٹس ہیں جو مختلف سرطانوں میں تحفظ مہیا کرتے ہیں۔بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات زائل کرنا ہوں یا بچوں اور بیمار افراد کو توانائی بہم پہنچانی ہو،یہ پھل عمدہ غذائیت مہیا کرتا ہے۔خاص کر Urine کی جلن دور کرنے کے لئے فالسہ بہترین پھل ہے۔
نوجوان بچیوں اور بچوں کے چہروں پر نکلنے والے کیل مہاسوں،جلد کی خشکی اور دیگر جلدی تکالیف کے لئے بھی اس موسم اور اس پھل کو نعمت جان کر کھانا یا جوس پینا اچھا ہے۔
معدے کی تکالیف دور کرنے کے لئے ایک چمچ (کھانے کا) کے برابر فالسوں کو اجوائن کی تھوڑی سی مقدار کے ساتھ فالسہ جوس پینا مفید ہو سکتا ہے۔یہ جوس آنکھوں کی چپچپاہٹ یا جلن دور کرتا ہے اور یہی نہیں پھیپھڑوں کی کمزوری بھی دور کرتا ہے۔
جو بچے پڑھائی میں کمزور ہوں انہیں روزانہ 1/4 کپ کے برابر روزانہ فالسے کا جوس پلانا مفید ہے۔
یہ پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے۔جسم کی گرمی دھونے اور تازہ دم کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔اسہال کے مرض میں بھی یہ پھل مفید ہے اور قبض میں بھی افاقہ دیتا ہے۔فالسے کے شربت میں کالا نمک،ادرک اور سیاہ کٹی مرچ ملا کر پینے سے یرقان میں فائدہ ہوتا ہے۔یہ پھل ملیریا میں مبتلا افراد کے لئے تحفے سے کم نہیں اور خون کی کمی کا شکار نئی ماؤں کے لئے بھی اہمیت رکھتا ہے تاہم استعمال کی مقدار کم ہو تو اچھا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj