Fennel - Meede Ko Taqat Bakhshati Hai - Article No. 2200

Fennel - Meede Ko Taqat Bakhshati Hai

سونف معدے کو طاقت بخشتی ہے - تحریر نمبر 2200

سونف سے پائیں،سانسوں کی مہک اور جسم کی صحت

منگل 13 جولائی 2021

سونف سالہا سال سے انسانی غذا کا حصہ ہے۔اسے کچن میں بھی دیگر مصالحہ جات کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔سونف اجوائن کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے،سائنسی نام Foeniculum Vulgare ہے۔سونف کیک،بسکٹ،روٹی،مٹھائی اور مربے میں استعمال کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ مچھلی،مرغی،سوپ اور سبزیوں میں بھی ڈالی جاتی ہے۔ اسے سانس مہکانے کے لئے کھایا جاتا ہے،ہاضمہ درست کرنے اور خون صاف کرنے میں مفید ہے۔
یہ دافع ریاح و تشنج،خواب آور ہے اور ہچکی بھی ختم کرتی ہے۔
نیند نہ آنے (بے خوابی) کے عارضے میں سونف کی چائے فائدہ دیتی ہے۔اس کی چائے تیار کرنے کے لئے دو کپ ملی لیٹر ابلتے ہوئے پانی میں ایک چائے کا چمچ سونف ڈالی جاتی ہے۔پانی کو ڈھانپ کر پندرہ منٹ تک مزید ابلنے دیں۔بعد ازاں چھان کر ٹھنڈا یا نیم گرم دونوں صورتوں میں پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر اس میں شہد یا گرم دودھ شامل کر لیا جائے تو چائے مزید خوش ذائقہ ہو جاتی ہے۔اسے کھانا کھانے کے بعد یا سونے سے پہلے پینا مفید بتایا جاتا ہے۔سونف کی ٹہنیوں کے گودے کو موٴثر مسکن اور خواب آور قرار دیا گیا ہے۔
متلی،قے
سونف تین گرام،پودینہ تین گرام،دار چینی،الائچی سبز ایک ایک گرام۔ایک گلاس پانی میں جوش دیں،جب ایک کپ رہ جائے تو چھان کر پلانا مفید ہے۔

نزلہ و زکام
آدھا چمچ سونف پاؤڈر اور ہم وزن گڑ ملا کر گرم دودھ کے ساتھ کھلایا جاتا ہے۔
معدے کی جلن
سونف،میتھی دانہ ہم وزن لے کر سونف تیار کر لیں اور صبح شام ایک ایک چمچ کھلائیں۔
قبض
سونف اور گلقند ہم وزن ملا کر صبح و شام ایک ایک چمچ کھلائیں،دائمی قبض کے لئے مفید بتایا جاتا ہے۔

خوف،ڈپریشن
سونف پانچ گرام،گل گاؤ زبان پانچ گرام،جوش دے کر ایک چمچ شہد صبح نہار منہ استعمال کرنا مفید بتایا جاتا ہے۔
نظام ہضم کی بے قاعدگی
معدے سے ریاح کے اخراج کے لئے سونف مفید ہے۔اسے عموماً دیگر معاون اشیاء مثلاً ادرک،زیرے اور کالی مرچ کے ساتھ جوشاندے کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے۔

خیساندہ بنانے کا طریقہ
ایک چمچ سونف کو ایک کپ ابلتے ہوئے پانی میں ڈالیں اور پھر چولہے سے اتار لیں۔رات بھر ڈھک کر رکھ دیں،صبح پانی کو چھان لیں اور اس میں شہد ملا کر پئیں۔بدہضمی کے لئے مفید ہے،بالخصوص ایسی صورت میں جب پیٹ میں گڑگڑ ہوتی ہو۔سونف بھوک کا احساس کم کرنے کے لئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔سونف کھانوں کو خوشبودار بنانے اور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
سونف باسی کھانوں کو خراب ہونے سے محفوظ رکھتی ہے۔چینی معالج کی تحقیق کے مطابق سونف بچوں کا نظام ہضم بہتر بنانے میں مفید ہے۔سونف میں زنانہ ہارمون ایسٹروجن جیسی خاصیت بھی ہوتی ہے۔اس لحاظ سے یہ خواتین کے لئے مفید ہے۔سن یاس کی تکلیف سے نجات کے لئے اطباء پیشاب آور دواؤں کے ساتھ سونف استعمال کرواتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق سونف کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اور یہ ہاضمے کے لئے مفید ہے۔
سونف معدے کے علاوہ جگر کے لئے بھی مفید ہے۔
موتیا بند کے لئے مفید
سونف موتیا بند کے لئے بھی مفید مانی گئی ہے۔اس مرض میں صبح،شام چھ گرام سونف کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔دھنیے کی گری اور سونف ہم وزن لے کر اس میں مصری ملا کر کھائیں۔
سونف سے بینائی تیز
سونف 100 گرام،گاجر کے بیج پچاس گرام،کالی مرچ پانچ گرام اور مصری پچاس گرام باریک پیس کر صبح و شام ایک ایک چائے کا چمچ دودھ کے ساتھ کھانے سے آنکھوں کو تقویت ملتی ہے۔
دس گرام سونف روزانہ کھانے سے آنکھوں کی بینائی تیز ہوتی ہے۔
اپھارہ میں مفید
یہ پیٹ،آنتوں اور معدے میں اپھارہ اور تبخیر کو روکتی ہے۔
موٹاپے کے لئے
ایک گلاس گرم دودھ میں ایک چمچ سونف ابالیں اور نیم گرم چھان کر پینے سے موٹاپا کم ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj