Karele Ke Tibbi O Ghizai Fawaid - Article No. 2664

Karele Ke Tibbi O Ghizai Fawaid

کریلے کے طبی و غذائی فوائد - تحریر نمبر 2664

اگرچہ کریلا بہت شفائی اثرات رکھنے والی سبزی ہے‘لیکن کسی بھی سبزی کی افادیت اس وقت تک قائم رہتی ہے جب اسے درست طریقے سے تیار کیا اور پکایا جائے

جمعرات 16 مارچ 2023

کریلا بیش بہا طبی خوبیوں کی حامل ایک ایسی سبزی ہے جو دافع صفراء‘دافع بخار ہونے کے ساتھ ساتھ دافع زہر بھی ہے۔یہ اشتہا انگیز ہونے کے علاوہ مقوی معدہ بھی ہے۔کریلوں کا باقاعدگی سے استعمال کئی امراض میں مفید ہوتا ہے۔اعصابی سوزش،کاربوہائیڈریٹس کا ہضم نہ ہونا یا آنکھوں سے متعلق امراض میں نظر تیز کرنے کے لئے بھی کریلے کا جوس استعمال کیا جاتا ہے۔
جوس کے ذائقے کو بہتر بنانے کے لئے اس میں لیموں کا رس شامل کیا جاتا ہے‘نہار منہ کریلے کا جوس پینا زیادہ مفید رہتا ہے۔بیشتر افراد اپنی صحت و جلد کی بہتری کے لئے روزانہ صبح کریلے کا جوس استعمال کرتے ہیں۔
کریلے کے استعمال سے ہم بے شمار طبی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔اس میں شامل دافع زہر کی خصوصیات تریاق کا کام دیتی ہیں،خصوصاً معدے میں گئی ہوئی کسی نقصان دہ شے کے مضر اثرات کو کم کر دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اس میں بخار کو کم کرنے والی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔باقاعدگی سے اس کو اپنی غذا میں شامل رکھنے سے اس میں موجود وٹامن A‘B‘B2‘C اور آئرن بلند فشارِ خون یا ہائی بلڈ پریشر سے ہونے والی پیچیدگیوں کے خطرے سے محفوظ رکھتے ہیں۔آنکھوں کے امراض اور اعصابی ورم میں بھی کریلے کے شفائی اثرات اپنا اثر دکھاتے ہیں۔یہ متعدد عفونتوں (Infections) کے خلاف جسم کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کرنے میں بھی معاونت کرتے ہیں۔

زمانہ قدیم ہی سے اطباء اور حکما بطور دوا اور بطور غذا کریلے کا استعمال کرتے رہے ہیں اور اب اس جدید دور میں بھی کریلے کی افادیت پر تحقیق جاری ہے۔حال ہی میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے تحقیق کے بعد تصدیق کی ہے کہ کریلے میں شامل Hypoglycemic (خون میں شکر کی سطح کم کرنے والا جز) انسولین کی مانند کام کرتا ہے۔اس لئے اسے نباتاتی انسولین،کا نام دیا گیا ہے۔
کریلے کی یہ خاصیت خون کے بڑھے ہوئے دباؤ کو کم کرنے اور پیشاب میں شکر کی سطح کو متوازن رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔لقوہ‘فالج اور اعصابی امراض میں بھی اس کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔کریلے کے جوس کو زیادہ مقدار میں استعمال نہیں کرنا چاہیے اور حاملہ خواتین کریلے کا جوس استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے اسقاطِ حمل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کریلے پکانے کا طریقہ
اگرچہ کریلا بہت شفائی اثرات رکھنے والی سبزی ہے‘لیکن کسی بھی سبزی کی افادیت اس وقت تک قائم رہتی ہے جب اسے درست طریقے سے تیار کیا اور پکایا جائے۔قدرت نے کریلے میں گرمی کے موسم میں ضائع ہونے والے نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کی خاصیت رکھی ہے‘مگر اکثر خواتین اس کی کڑواہٹ ختم کرنے کے لئے اسے بار بار دھوتی ہیں۔
اس عمل سے اس کے موثر جوہر اور نمکیات ختم ہو جاتے ہیں۔کریلے کا سالن تیار کرتے وقت اس کے بیج نکال کر صرف گھی میں بھونا جائے اور پانی استعمال نہ کیا جائے تو سالن بے حد عمدہ اور ذائقے دار بنتا ہے اور اس کی کڑواہٹ بھی کم ہو جاتی ہے۔کریلے کو گوشت یا قیمے کے ساتھ بھوننے سے اس کے ذائقے میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔قدرت کے خزانے میں موجود ہر سبزی و پھل کی افادیت مسلمہ ہے اور ہر سبزی کو توازن کے ساتھ استعمال کرنے سے اس کے صحت بخش فوائد سے مستفید ہوا جا سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj