Khubani Aur Insani Sehat - Article No. 2479

Khubani Aur Insani Sehat

خوبانی اور انسانی صحت - تحریر نمبر 2479

یہ پھل وٹامن A سے بھرپور اور معدنی اجزاء کا خزانہ ہے

جمعہ 1 جولائی 2022

حکیم راحت نسیم سوہدروی
اللہ تعالیٰ نے انسان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے۔ان میں سے ایک پھل ہیں۔موسم،ذائقہ،تاثیر کے لحاظ سے پھلوں کی کئی اقسام ہیں۔پھل کوئی بھی ہو،کسی قسم کا ہو،اپنی مخصوص غذائی اور دوائی خصوصیات رکھتا ہے۔قدرت نے پھلوں کو ایسے اجزاء سے بھرپور بنایا ہے جو جسم انسانی کی صحت و توانائی کے لئے اہم ہیں۔
مثلاً حیاتین (وٹامن) کو لے لیں اگر یہ جسم میں ضروری مقدار سے کم ہو جائیں تو کئی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔حیاتین غذا کو متوازن رکھنے کے لئے ضروری ہیں۔غذا کے یہ مخفی اجزاء پھلوں میں وافر موجود ہوتے ہیں۔جدید تحقیقات نے بھی یہ بتایا ہے کہ امراض سے بچاؤ اور صحت کی بقاء کے لئے جسم انسانی میں وٹامنز کی موجودگی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کی کمی کئی عوارضات کو جنم دے سکتا ہے۔

پھلوں میں موسم گرما میں ہونے والا ایک پھل خوبانی ہے۔جو انتہائی مرغوب،خوش ذائقہ اور تاثیر و غذائیت کے حوالے سے منفرد ہے۔فارسی زبان میں خوبان حسین اور خوبصورت کے معنی رکھتا ہے۔اس بات سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ملک فارس میں اس پھل کا کیا مقام ہو گا۔ملک فارس کی جہاں تک حدود تھی ان علاقوں میں اب تک خوبانی کا پھل‘بڑی تعداد میں پایا جاتا ہے۔
پاکستان کے تقریباً تمام علاقوں میں خوبانی کا پھل ہوتا ہے۔مگر ریاست ہنزہ اور آزاد کشمیر کی خوبانی تو خاص طور پر شہرت رکھتی ہے۔خوبانی کی دو اقسام ہیں۔پہلی قسم کی خوبانی کی گٹھلی کا مغز میٹھا اور دوسری قسم کا مغز تلخ ہوتا ہے۔اپنے مزاج کے حوالے سے گرم و تر ہے۔
جسم میں گلٹیاں
بعض افراد کے جسم میں زیر جلد گلٹیاں بن جاتی ہیں اور کسی تکلیف کا سبب نہیں ہوتیں۔
تاہم ذہنی اور نفسیاتی اُلجھن کا باعث ضرور ہوتی ہیں۔خوبانی کا استعمال ان کو تحلیل کرتا ہے۔لہٰذا ایسے لوگوں کو ان کا باقاعدگی سے استعمال کرنا مفید ہے۔ان کو قدرت کی اس نعمت سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔
دوران خون
دوران خون کی باقاعدگی سے ہی جسم صحت مند رہتا ہے۔امراض قلب سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔اگر دوران خون درست نہ ہو تو بلڈ پریشر اور دل کے امراض ہو سکتے ہیں۔
ایسے لوگوں کے لئے خوبانی کا استعمال مفید ہے۔کیونکہ یہ دوران خون کو سست نہیں کرتا اور باقاعدہ رکھتا ہے۔
بلڈ پریشر اور خارش
خوبانی کا استعمال خون کے جوش کو کم کرتا ہے۔اس لئے ایسے افراد جن کو ہائی بلڈ پریشر یا خارش ہو اس کا استعمال کرکے اس سے استفادہ کریں۔
بواسیر
بواسیر خونی ہو یا بادی۔
مسے ہونے کی صورت میں جن افراد کو جلن ہوتی ہو۔ان کے لئے موسم میں خوبانی کا استعمال مفید ہے۔کیونکہ یہ جلن کم کرتی ہے۔
قبض اور فساد خون
بعض افراد کو قبض رہتی ہے اور وہ اس کے لئے مسلسل دواؤں سے کام چلاتے ہیں اس طرح بعض لوگوں کو خارش پریشان کر دیتی ہے۔ایسے افراد خوبانی کا استعمال ضرور کیا کریں اس طرح قبض دور ہو گی۔
آج کل مشینی زندگی نے لوگوں کو تھکا دیا ہے۔جس سے طبیعت میں اضمحلال رہتا ہے۔طبیعت تازہ نہیں ہوتی۔دل کی دھڑکن بڑھتی رہتی ہے۔ایسے افراد کے لئے خوبانی ایک اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔خوبانی کا استعمال طبیعت کو تازگی اور فرحت بخشتا ہے۔صلاحیت عمل بڑھتی ہے۔دوران خون کو تیز کرتی ہے۔سودادی امراض میں مفید ہے۔
پیٹ کے کیڑے اور جلن
خوبانی کے درخت کے پتے پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کی تاثیر سے مالا مال ہیں۔
ان کا جوشاندہ بنا کر پیا جائے تو معدے کی جلن بھی جاتی رہتی ہے۔بواسیر میں فائدہ ہوتا ہے۔البتہ اس کا استعمال حد اعتدال میں مناسب ہے۔پانچ پتے لے کر ان کا جوشاندہ پیا جائے۔اور پانچ سے دس خوبانی کا استعمال مناسب ہے۔حفظان قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض خوبانی کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ دوران خون کو تیز کرتی ہے۔جس سے صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

خون کی کمی
جو لوگ قلت الدم (خون کی کمی) کا شکار ہوں ان کو خوبانی کا استعمال کرنا چاہئے اس لئے کہ اس میں فولاد ہوتا ہے۔فولاد کی کمی سے ہونے والے سارے عوارضات مثلاً سانس کا رُکنا،اونگھائی،درد سر اور تھکن کا سدباب کرتی ہے۔خوبانی میں شامل غذائی اجزاء درج ذیل ہیں۔جن سے ہم اس کی غذائی و دوائی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔
35 گرام تازہ خوبانی میں شامل اجزاء
رطوبت 85.3 فیصد
چکنائی 0.3 فیصد
نشاستہ 11.6 فیصد
کیلشیم 20 ملی گرام
فولاد 20.2
حرارے (کیلوریز) 100 گرام میں 53 فیصد
پروٹین 1.0
معدنیات 0.7
فاسفورس 25 ملی گرام
حیاتین الف 3600 ملی گرام بین الاقوامی یونٹ
اسکاربک ایسڈ 6.0 ملی گرام

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj