Kiya False Ke Yeh Fawaid Jante Hain - Article No. 2464

Kiya False Ke Yeh Fawaid Jante Hain

کیا فالسے کے یہ فوائد جانتے ہیں - تحریر نمبر 2464

ان میں سے ایک ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ بھی ہے

پیر 13 جون 2022

آمنہ ماہم
آگ برساتے سورج کے ساتھ موسم گرما کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے مگر یہ موسم اپنے ساتھ چند مزیدار پھلوں کو بھی لے کر آتا ہے۔اور یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ لاتعداد افراد ایسے ہوں گے جو یہ کہیں گے کہ فالسے ان کے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔اس کا جوس بنائیں یا ویسے ہی کھائیں،کچھ دنوں کے لئے آنے والا یہ پھل کئی طرح منہ کے ذائقے بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔
مگر کیا آپ کو صحت کے لئے اس کے فوائد کا علم ہے؟جن میں سے ایک ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ بھی ہے؟درحقیقت یہ کسی بھی سپرفوڈ سے کم نہیں جس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
معدے کے لئے بہترین:
فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے لئے بہترین ہے،انسائیکلوپیڈیا آف ورلڈ Medicinal پلانٹس کے مطابق یہ نہ صرف نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول میں رکھتا ہے بلکہ یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ ماہرین کے مطابق فالسے کا جوس پینے سے پیٹ کے درد کا علاج بھی ممکن ہے،جس کے لئے جوس میں تین گرام اجوائن ملائیں اور تھوڑا سا گرم کرکے پی لیں۔
دل کو مضبوط بنائے:
فالسے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ورم میں کمی لاتا ہے جو اسے دل کی صحت کے لئے مفید پھل بناتا ہے،چٹکی بھر کالی مرچ اور نمک کو 50 ملی لیٹر فالسے کے جوس میں ملائیں اور پی لیں۔

کینسر کے خلاف مفید:
یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جس سے کینسر کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
نظام تنفس کے مسائل پر قابو پائے:
فالسے کا شربت پینا دمہ،نزلہ زکام اور نظام تنفس کے دیگر مسائل پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے،بس فالسے کے جوس میں لیموں کا عرق یا ادرک کا اضافہ کریں اور پی لیں۔

مسلز بنانے میں مدد دے:
یہ ننھا پھل مسلز بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے جس کی وجہ پوٹاشیم اور پروٹین کی موجودگی ہے جو کہ مسلز مضبوط بنانے کے ساتھ پٹھوں کے افعال کو بھی بہتر کرتے ہیں۔
جسمانی توانائی بڑھائے:
پروٹین کی وجہ سے فالسے کھانے کی عادت جسم کو زیادہ توانائی فراہم کرتی ہے اور اس کا شربت بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ہڈیاں مضبوط بنائے:
اس پھل میں کیلشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کو صحت مند بنانے کے لئے ضروری جز ہے،صحت مند ہڈیاں عمر بڑھنے سے ہڈیوں کی کثافت کم ہونے کا خطرہ بھی کم کرتی ہیں۔
خون کی کمی دور کرے:
فالسے میں موجود آئرن خون کی کمی دور کرنے میں مدد دیتا ہے،آئرن کی کمی خون کی کمی کے ساتھ مختلف طبی مسائل کا خطرہ بڑھاتی ہے جس کی ایک علامت ہر وقت تھکاوٹ طاری ہونا بھی ہے۔

ذیابیطس کے مریض دل کھول کر کھائیں:
فالسے میں مٹھاس عام طور پر نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے،پاکستان جرنل آف فارماسیوٹیکل سائنز کے مطابق فالسہ کم شکر والا پھل ہے،جس کا مطلب ہے کہ ذیابیطس اور خون کی شریانوں سے متعلق امراض کے شکار افراد اس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
جلد جگمگائے:
اس پھل کی قدرتی رنگت یعنی جامنی رنگ درحقیقت ایک اینٹی آکسیڈنٹ کی وجہ سے ہے جو اینتھوسیان سے بھرپور ہوتا ہے۔یہ کیمیکل ایک ہارمون کولیگن (جو جلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے) کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور جلد کی جوانی کو بحال کرتا ہے۔فالسے کا استعمال خون کو بھی صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف ہوتی ہے اور وہ جگمگانے لگتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj