Mein Amlok HooN - Article No. 2381

Mein Amlok HooN

میں املوک ہوں - تحریر نمبر 2381

مزے لے لے کر کھائیے،پیٹ بھریے اور بگڑے ہوئے ہضم کے نظام،خاص طور پر آنتوں کے ورم کا علاج کیجیے

بدھ 23 فروری 2022

سید رشید الدین احمد
مجھے انگریزی میں (Persimmon) کہتے ہیں اور پاکستان میں،میں املوک کہلاتا ہوں۔آپ نے مجھے ابھی نہیں پہچانا؟سردیوں کے موسم میں ایک پھل ٹماٹر سے ملتا جُلتا بازاروں میں خوب بکنے لگتا ہے۔میں وہی تو ہوں،خوب خوش رنگ اور بہت میٹھا۔شروع میں مجھے جاپانی پھل بھی کہتے تھے،کیونکہ مجھے وہیں سے لا کر پاکستان میں کاشت کیا گیا تھا۔
اب یہاں کی آب و ہوا مجھے خوب راس آ گئی ہے اور پاکستانی بھی مجھے خوب پسند کرتے ہیں۔
میں طاقت پیدا کرنے والا پھل ہوں۔مجھے کھانے سے چھلی ہوئی آنتیں ٹھیک ہو جاتی ہیں،کیونکہ میں ایک لعاب دار پھل ہوں۔میں غذا کے ساتھ ساتھ اپنے نرم گودے سے آنتوں کے زخم ٹھیک کرتا رہتا ہوں۔یہ کام دواؤں سے بھی لیا جاتا ہے،لیکن بھلا کوئی دوا مجھ سے زیادہ مزے دار ہو سکتی ہے؟وہ جو کہتے ہیں کہ آم کے آم گٹھلیوں کے دام،میں ایک ایسا ہی پھل ہوں۔

(جاری ہے)

مزے لے لے کر کھائیے،پیٹ بھریے اور بگڑے ہوئے ہضم کے نظام،خاص طور پر آنتوں کے ورم کا علاج کیجیے۔
کچی حالت میں مجھے توڑنے سے گاڑھا دودھ سا نکلتا ہے۔یہ میرے پکنے پر لعاب میں تبدیل ہو جاتا ہے۔یہی لعاب آنتوں کے اندر کی نازک پرت کو نقصان پہنچائے بغیر وہاں جمع جراثیم وغیرہ کو سمیٹ کر خارج کر دیتا ہے۔مجھے اسی لئے قبض دور کرنے اور بڑی آنت کے ورم اور درد کے خاتمے کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے۔

مجھے پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے (پلوریسی) یا اس کی جھلیوں میں ورم اور گلے کی سوزش اور خراش سے چھٹکارے کے لئے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ جب آپ خوب کھیلتے یا محنت کا کام کرتے ہیں تو جسم کے پٹھوں میں درد اور اکڑن سی ہو جاتی ہے۔آرام کرنے سے بھی یہ تکلیف دور نہیں ہوتی،بلکہ ایسا لگتا ہے کہ درد نے پٹھوں یعنی عضلات میں جڑ پکڑ لی ہے۔
ایسی صورت میں مجھے کچھ دن باقاعدگی سے کھانے سے یہ تکلیف بھی دور ہو سکتی ہے۔
100 گرام املوک میں درج ذیل صحت بخش اجزاء ہوتے ہیں:
کیلوریز 127
فیٹ 0.4 گرام
کولیسٹرول 0 ملی گرام
سوڈیم 1 ملی گرام
پوٹاشیم 310 ملی گرام
کاربوہائیڈریٹ 34 گرام
پروٹین 0.8 گرام
وٹامن سی 110 فیصد
کیلشیم 2 فیصد
آئرن 13 فیصد
وٹامن ڈی 0 فیصد
وٹامن بی 6 0 فیصد
وٹامن بی 12 0 فیصد
میگنیشیم 0 فیصد

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj