Papita Phal Hai Ya Behtareen Mujarrab Nuskha - Article No. 2668

Papita Phal Hai Ya Behtareen Mujarrab Nuskha

پپیتا پھل ہے یا بہترین مجرب نسخہ - تحریر نمبر 2668

یہ گردے،معدے اور جگر ہی نہیں دل کے امراض میں بھی تریاق ہے

بدھ 22 مارچ 2023

حال ہی میں کراچی یونیورسٹی کے ایگری بزنس ڈیپارٹمنٹ میں پپیتے پر تحقیق کی گئی ہے۔جس کے مطابق پپیتے کے بیجوں کا رس گردوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے۔کیونکہ اس پھل میں فلیوونائڈز (Flavonoids) یعنی تکسیدی عمل کو بہتر کرنے کی صلاحیت کے علاوہ جراثیم کش جزو فینوٹک کے اجزاء بھی شامل ہیں۔پپیتے کے بیجوں کو ہم ضائع کر دیتے ہیں۔جبکہ انہیں سکھا کر سفوف بنا کر کھا لینے سے آنتوں کا نظام قدرتی طور پر فعال رہتا ہے۔

نائیجیریا ایسا ملک ہے جہاں کسی پھل کا بیج ضائع نہیں کیا جاتا،خاص طور پر پپیتے کا۔وہ لوگ اپنے بچوں کی بہتر نشوونما کے لئے ہفتے کے ساتوں دن ان بیجوں کا جوس بچوں کو پلاتے ہیں اور 76.7 فیصد بچے مہلک اور متعدی امراض سے محفوظ پائے گئے۔
جاپانی باشندے ہر روز ایک چائے کے چمچ کے برابر ان بیجوں کو دودھ کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیق بتاتی ہے کہ جاپانی بچے ٹائیفائیڈ اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔

ادویہ ساز ادارے ان بیجوں سے دواؤں کے خاص مرکبات تیار کر رہے ہیں جو کینسر کی افزائش کے خاتمے میں بھی بے حد معاون ہوتے ہیں۔
اس پھل میں وٹامن C،پوٹاشیم،فولاد،تھیامین اور میگنیزیئم یعنی یومیہ درکار مختلف اجزاء پائے جاتے ہیں۔خاص کر انزائم نظام ہاضمہ کو درست حالت میں رکھتا ہے۔گیس کی تکالیف،بدہضمی کی شکایت،قبض اور معدے کی تیزابیت کا بہترین اور مجرب نسخہ ہے۔

آنتوں کی صفائی اور ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کے لئے اس پھل کی کچھ مقدار دن کے کسی ایک کھانے سے پہلے یا بعد میں ضرور لے لینی چاہئے۔کیونکہ مندرجہ بالا معدنیات اور حیاتین کے علاوہ اس میں موجود لائیکوپین کینسر کی مدافعت کرتا ہے۔
اگر آپ چُست اور پھرتیلا جسم چاہتے ہیں تو اس پھل کی مخصوص مہک پر نہ جائیے۔ذائقے کو چاٹ مصالحے یا سیاہ کُٹی ہوئی مرچ سے قابل برداشت بنایا جا سکتا ہے۔
مائع تکسیدی اجزاء کے علاوہ جسم کو ڈیٹوکس کرنے کا فریضہ ادا کرنے والا یہ پھل آپ کو تھکنے بھی نہیں دے گا اور آپ رہیں گے خوش باش۔کیونکہ معدہ بہت دیر تک ثقیل غذا کو محفوظ نہیں رکھ سکے گا۔آپ ہلکے پھلکے اور فعال رہیں گے۔قبض اُم الامراض ہے۔خاص کر ریشہ کھانے والے افراد یا وہ جو سفید آٹا خوراک میں زیادہ استعمال کرتے ہیں۔معدے کے بھاری پن اور تیزابیت کی شکایت کرتے ہیں۔
پپیتا ان تمام مسائل کا محفوظ ترین حل ہے۔
افسردگی،پژمردگی،خون کا غیر معمولی دباؤ،بلڈ پریشر اور جذباتی تناؤ دور کرنے کے لئے بھی یہ پھل اکسیر ہے۔
پپیتے میں شامل وٹامن A کی خصوصیت بینائی بہتر بناتی ہے۔علاوہ ازیں بے اولادی جیسے مسائل میں بھی یہ تریاق ہے۔میگنیزیئم جیسا معدنی جزو خون منجمد کرنے سے روکتا ہے۔تمباکو نوشی کرنے والے افراد کے لئے بھی یہ بہترین شفائی پھل ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj