Papite Ke Beejon Se Elaaj Kijiye - Article No. 2376

Papite Ke Beejon Se Elaaj Kijiye

پپیتے کے بیجوں سے علاج کیجئے - تحریر نمبر 2376

پپیتے کے بیجوں کا ذائقہ کیونکہ تلخ ہوتا ہے اس لئے ماہرین کا مشورہ ہے کہ انہیں خشک کرنے کے بعد پیس لیا جائے اور شہد کی معمولی سی مقدار میں ملا کر روزانہ تھوڑا تھوڑا استعمال کیا جاتا رہے تو اس سے کئی فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں

جمعرات 17 فروری 2022

راحیلہ مغل
پاکستان میں پپیتا عام طور پر پیٹ کے مختلف امراض خصوصاً قبض کا علاج کرنے کیلئے کھایا جاتا ہے اور اس کے بیج پھینک دیئے جاتے ہیں۔لیکن غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ پپیتے کے بیج بہت سی بیماریوں کے علاج میں ہمارے لئے قدرتی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔حالیہ برسوں کے دوران کی گئی مختلف طبی تحقیقات سے پپیتے کے بیجوں کے کئی فوائد سامنے آ چکے ہیں جن کا تعلق جگر،آنتوں،معدے اور گردوں وغیرہ تک سے ہے۔
البتہ پپیتے کے بیجوں کا ذائقہ کیونکہ تلخ ہوتا ہے اس لئے ماہرین کا مشورہ ہے کہ انہیں خشک کرنے کے بعد پیس لیا جائے اور شہد کی معمولی سی مقدار میں ملا کر روزانہ تھوڑا تھوڑا استعمال کیا جاتا رہے تو اس سے کئی فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جگر کو زہریلے اور فاسد مادوں سے پاک کرنے کے لئے پپیتے کے بیجوں کا استعمال روایتی چینی طب میں ہزاروں سال سے کیا جا رہا ہے اور اب یہ بات بھی ثابت ہو چکی ہے کہ مصنوعی کیمیائی مادوں سے جگر کو محفوظ کرنے میں یہ بیج بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


جگر کا سکڑ جانا جسے طبی اصطلاح میں ”سرہوسس“ کہا جاتا ہے،ایک خطرناک کیفیت ہے جس کا نتیجہ موت کی صورت میں نکلتا ہے لیکن اگر اس کیفیت میں پپیتے کے بیج استعمال کر لیے جائیں تو جگر کی کارکردگی بحال ہوتی ہے اور یہ اپنی معمول کی جسامت پر واپس آ جاتا ہے۔البتہ اگر آپ کی طبیعت گوارا کرے تو آپ پپیتے کے ساتھ اس کے بیج بھی کھا سکتے ہیں۔
پپیتے کے گودے کی طرح اس کے بیج بھی غذائی نالی سے لے کر چھوٹی آنت تک،نظام ہاضمہ کے ہر حصے کے لئے مفید ہیں جبکہ یہ آنتوں میں موجود امیبا اور طفیلیوں کو نہ صرف ختم کرتے ہیں بلکہ انہیں دوبارہ پیدا ہونے سے بھی روکتے ہیں۔ایک اور طبی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ پپیتے کے بیج السر سے بھی بچاتے ہیں۔
ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ پپیتے کے بیجوں میں پاپائین اور کائیموپاپائین نامی دو قدرتی خامرے (اینزائمز) پائے جاتے ہیں جو جلن کم کرنے اور صحت یابی کا عمل بہتر بنانے کی قدرتی صلاحیت سے مالا مال ہیں اور ان ہی کی وجہ سے دمے اور گٹھیا کی مختلف اقسام میں پپیتے کے بیجوں سے فائدہ ہوتا ہے۔
لاطینی امریکہ کے روایتی طریقہ علاج میں پپیتے کے بیجوں کا پیسٹ بنا کر جسم کے جلے ہوئے حصوں اور زخموں کا علاج کرنے کیلئے استعمال کرایا جاتا ہے۔اور تو اور،پپیتے کے بیج ہمارے گردوں کو کھانے پینے کی چیزوں میں شامل اجزاء کے زہریلے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں اور یوں گردوں کی صحت بہتر رہتی ہے۔بلڈ پریشر معمول کے مطابق رکھنے میں بھی پپیتے کے بیجوں کا استعمال بہت مفید پایا گیا ہے جبکہ افریقہ میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان میں ”فلیوونائیڈز“ نامی مادے بھی پائے جاتے ہیں جن کی بدولت ہمارے جسم کو کینسر سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj