Raat Ki Rani - Aik Sehat Bakhsh Phool - Article No. 2546

Raat Ki Rani - Aik Sehat Bakhsh Phool

رات کی رانی ۔ ایک صحت بخش پھول - تحریر نمبر 2546

یہ پھول صحت کے لئے فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے امراض میں علاج کے طور پر بھی استعمال کیے جاتے ہیں،مثلاً اعصابی اور مرگی کی بیماریوں کے لئے۔

جمعرات 29 ستمبر 2022

حکیم عبدالرحیم ہاشمی
رات کی رانی ایک چمک دار اور خوشبودار پودا ہے،اس کی خوشبو سے پورا گھر مہک جاتا ہے۔اس کے پودے پر سفید رنگ کے انتہائی خوبصورت پھول اُگتے ہیں۔یہی پھول رات کی رانی کہلاتے ہیں۔رات کی رانی کے بہت سے فوائد ہیں۔اس کا پودا صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔رات کی رانی ایک خوبصورت و منفرد پھول ہے،جس میں سے رات کے وقت خوشبو کا اخراج ہوتا ہے۔
یہ پھول صحت کے لئے فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے امراض میں علاج کے طور پر بھی استعمال کیے جاتے ہیں،مثلاً اعصابی اور مرگی کی بیماریوں کے لئے۔اطبا کے مطابق رات کی رانی کے پھول اور اس کی خوشبو میں بہت سے کرشماتی فوائد پوشیدہ ہیں۔اس پودے میں مانع تکسید (Antioxidant)،مانع جراثیم (Antibacterial) اور مانع سوزش (Anti Inflammatory) خصوصیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)


خشک کھانسی کا علاج
رات کی رانی کے چند پتے لے کر انھیں پیس لیں،اس طرح ان کا رس نکل آئے گا۔

اب اس میں شہد شامل کرکے اور تھوڑا سا پانی ملا کر پی لیں،خشک کھانسی ختم ہو جائے گی۔
نزلے زکام کا علاج
رات کی رانی کے پھولوں اور پتوں کو پانی میں اتنا پکائیں کہ ان کا قہوہ بن جائے۔اب اس قہوے کو پی لیں،اس سے نزلہ زکام جاتا رہے گا۔
بخار کا علاج
بخار سے نجات حاصل کرنے کے لئے تین گرام رات کی رانی کے پودے کی چھال،دو گرام پتے اور تلسی کے کچھ پتوں کو پانی میں ڈال کر اُبال لیں۔
دن میں دو سے تین بار یہ پانی پئیں،اس طرح بخار کم ہو جائے گا۔ملیریا سے ہونے والے تعدیے (انفیکشن) سے چھٹکارے کے لئے بھی یہ پانی مفید ہے۔
اضمحلال و افسردگی کا علاج
پٹھوں کے کھچاؤ یا اعصابی کمزوری سے کوئی بھی انسان ذہنی دباؤ یا اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) میں مبتلا ہو سکتا ہے۔رات کی رانی کے پتوں کو اُبال کر اس کا پانی پینے سے ذہنی دباؤ اور اضمحلال و افسردگی سے نجات مل جاتی ہے۔

گٹھیا کے درد کا علاج
گٹھیا کے درد اور سوجن سے نجات کے لئے رات کی رانی کے پھولوں،پتوں اور چھال کو دو سو ملی لیٹر پانی میں خوب اُبال لیں،جب پانی پچاس ملی لیٹر رہ جائے تو اسے نیم گرم پئیں،اس سے گٹھیا کا درد جاتا رہے گا۔
پیٹ کے کیڑوں کا علاج
رات کی رانی کے پھولوں اور پتوں کا رس نکال کر اس میں تھوڑی سی شکر اور پانی ملا کر پی لیں،اس سے پیٹ کے کیڑے ہلاک ہو جائیں گے۔

درد و سوزش کا علاج
درد و سوزش سے چھٹکارے کے لئے رات کی رانی کے چند پتوں کو پانی میں اُبال کر ایک یا دو بار پینے سے جسم کا درد دور ہو جاتا ہے اور سوزش بھی جاتی رہتی ہے۔جلد کے زخموں کو مندمل کرنے میں بھی یہ پانی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
مرگی کا علاج
مرگی کے مرض سے نجات کے لئے رات کی رانی کے پتوں اور پھولوں کا رس موٴثر ثابت ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ اسے مختلف بیماریوں اور تعدیے (انفیکشن) کے خاتمے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے پتوں اور رس کو جراثیم کش ادویہ میں شامل کیا جاتا ہے۔
رسولی کا علاج
رات کی رانی کے پتوں کے رس کو رسولی کی نشوونما روکنے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اسے اعصابی عدم توازن کے علاج کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں۔جن لوگوں کو گرمی میں بہت زیادہ پسینہ آتا ہو،اگر وہ نہانے سے پہلے پانی میں مذکورہ رس ملا لیں اور پھر نہائیں تو سارا دن ان کے جسم سے خوشبو آتی رہے گی۔

رات کی رانی کے پھولوں کا تیل اضمحلال و افسردگی،ذہنی دباؤ اور بے چینی دور کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔یہ تیل خوشی کے ہارمون سیروٹونن (Serotonin) کی سطح میں اضافہ کر دیتا ہے،جس سے مزاج خوشگوار ہو جاتا ہے،اس لئے کہ یہ ہارمون غصے اور افسردگی کے جذبات کو قابو میں رکھتا ہے۔رات کی رانی کے پھول سجاوٹ کے لئے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔نیپال میں لوگ اس کے پتوں اور پھولوں کو روحانی شفا کے حصول کے لئے کھاتے ہیں،جب کہ سوکھے ہوئے پتوں کو تمباکو نوشی کے لئے استعمال کرتے ہیں۔رات کی رانی کا تیل بعض گھروں میں مچھر بھگانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj