Tamatar - Article No. 1506

Tamatar

ٹماٹر - تحریر نمبر 1506

سرخ رنگ کے چمکتے ٹماٹروں کو دیکھ کر جی للچانے لگتا ہے یہ پھل ہے یا سبزی․․․․․؟

منگل 5 مارچ 2019

ایک پھل ہے،بطور سبزی استعمال ہوتاہے
سرخ رنگ کے چمکتے ٹماٹروں کو دیکھ کر جی للچانے لگتا ہے یہ پھل ہے یا سبزی․․․․․؟شاید یہ من چلے کا سودا ہیں ،جی للچائے تو پھل سمجھ کر کھالیں اور لذت طعام چاہیں تو اسے کھانوں کو ذائقے دار بنانے کے لیے استعمال کرلیں،مزے دار چٹنیاں،مربے اور کیچپ بنالیں ۔سلاد کی صورت میں اسے کھانے والے افراد کی بھی کمی نہیں ۔


ٹماٹر میں ایسا کیا خاص ہے جو اسے کثرت سے استعمال کیا جا تا ہے ․․․․․؟ٹماٹر میں بہت ہی کم سیچوریٹڈ فیٹ ،سوڈیم اور کولیسٹرول شامل ہوتا ہے۔یہ غذائی ریشوں،وٹامن اے ،سی ،کے ،ای ،پوٹا شےئم میگنیز،تھیامین،نیاسن ،وٹامنB6،فولیٹ،ملیگنیشےئم ،فاسفورس اور کاپر سے بھرا ہوتا ہے ۔اس میں موجود غذائی اجزاء وزن کم کرنے کے لیے اچھے تصور کیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ کم کیلوریز پر مشتمل ہے،اس لیے اسے اپنی غذا میں شامل کرکے جسم کو سڈول بنانے کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے ۔ٹماٹر تولیدی صحت کو برقرار رکھنے کی خاصیت رکھتا ہے۔یہ کینسر کے خطرات سے بچاتا ہے ۔بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرنے والا اینٹی آکسیڈینٹ ہے ۔
ٹماٹر آسٹیوپوروسس،دل کے امراض، شریانوں کی تنگی اور خون کے انجماد میں مفید ہے ۔ٹماٹر کا جوس آنتوں کی سوزش کے لیے اچھا ہے ۔
ڈاکٹرز اسے ذیابیطس ٹائپ 2کے مریضوں کو استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ٹماٹر بلڈ پریشر کا توازن بر قرار رکھنے میں معاونت کرتا ہے ۔کولیسٹرول لیول کو کم کرتا ہے ۔ٹماٹر میں موجود Folateقولون کینسر سے بچاتا ہے ۔ٹماٹر بینائی کے لئے بھی مفید ہے ۔ٹماٹر بالوں کو مضبوط اور چمکدار بناتا ہے ۔یہ ہڈیوں کی صحت کے لیے اچھا ہے اور دانتوں کے لیے بھی مفید بتایا جاتا ہے ۔
البتہ گردے کے امراض میں مبتلا افراد کو اس کے بیج کھلانے سے احتیاط کرنے کو کہا جاتا ہے جبکہ پروسٹیٹ غدود بڑھ جانے والے مردوں کے لیے بھی اسے مفید نہیں سمجھا جاتا۔
حسن وصحت
ٹماٹر کا رس جلد کو گورا کرتا ہے ۔چہرے پر قدرتی سرخی ظاہر ہونے لگتی ہے ۔جلد کے کھلے ہوئے مسام بند کر دیتا ہے ۔چہرے پر دھوپ کی تپش کے باعث سامنے آنے والے بعض مسائل میں فائدہ دیتا ہے ۔

یہ جلد کے لیے بہترین کلینزر اورخون صاف کرنے کی خاصیت بھی رکھتا ہے ۔
کیلوریز
درمیانے سائز کے ٹماٹر سے بائیس اور بڑے سے چھتیس کیلوریز حاصل کی جا سکتی ہیں ۔اس کے ٹکڑوں سے بھرا ایک کپ ستائیس کیلوریز فراہم کرتا ہے ۔ایک کپ جوس پینے سے اکتالیس کیلوریز ملتی ہیں ،
ایک چائے کا چمچ ٹماٹو کیچپ پندرہ کیلوریز مہیا کرتا ہے ۔
ٹماٹر گھر میں لگائیے
اگر آپ اپنے گھر میں ٹماٹر کی کاشت کرنا چاہتی ہیں تو کچھ باتیں ذہن میں رکھیں ۔

ٹماٹر کا پودا لگاتے وقت ایسی جگہ کا انتخاب کیجیے،جہاں سورج کی روشنی پڑتی ہو کیونکہ یہ ایسا پودا ہے جو سورج کی روشنی میں نشوونما پاتا ہے ۔تجربہ کار مالی بتاتے ہیں کہ اس پودے کو تقریباً سات گھنٹے کی دھوپ درکار ہوتی ہے ۔پھل دینے والے پودوں کو توانائی کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے ،جو یہ سورج کی روشنی سے حاصل کرتے ہیں ۔
ٹماٹر کے پودے کے لیے ایسے Fertilizerکا انتخاب کریں جو نائیٹروجن سے بھر پور ہو۔
اس کی بدولت پتے Bloomکریں گے ۔
پانی توازن کے ساتھ دیجیے
پودوں کو نشوونما پانے اور پھل دینے کے لیے کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے خاص کر ٹماٹر کے پودے کو ۔
جب پودے کے چاروں اطراف کی مٹی خشک ہو جاتی ہے تو ایسی صورت میں مٹی میں کیلشیم کی مقدار محدود ہو جاتی ہے ۔یوں پودے کی جڑوں کو غذا نہیں ملتی اور پودا خشک ہونے لگتا ہے ۔ٹماٹر کے پودے کو ہمیشہ مناسب مقدار میں پانی دیجیے۔

بونے کا آسان طریقہ
ٹماٹر کے بیج مارکیٹ میں مل جاتے ہیں ،گھر میں استعمال ہونے والے ٹماٹروں سے بھی بیج حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ٹماٹر کے بیج نکال کر خشک کرلیجیے۔بیج بوتے ہوئے خیال رہے کہ موٹے بیج زمین میں زیادہ دب جائیں مگر چھوٹے بیج زمین میں ایک انچ بوئیں ۔انہیں شاور سے پانی دینا زیادہ بہتر طریقہ ہے ۔
اگر پائپ سے پانی دینے سے اس کے پریشر سے مٹی اور کھاد بیج کے اوپر سے ہٹ جائے گی اور نتیجتاً بیج نہیں اُگے گا۔

ٹماٹر کے بیج کی کھال بڑی نازک ہوتی ہے اور پانی لگ جائے تو کھال گل جاتی ہے ،اس لیے پانی دینے میں احتیاط برتنی چاہیے ۔بیج بوئے جانے والی زمین اگر بہت خشکت ہے تو روزانہ پانی دینا ہو گا۔اگر زمین قدرے نم رہتی ہے تو ایک دن چھوڑ کر بھی پانی دیا جا سکتا ہے ۔ٹماٹر بونے کے چھ سے آٹھ دن بعد اس کی ننھی منی کونپلیں آ پ کو خیر مقدم کریں گی ۔اس پودے میں ایک سے ڈیڑھ مہینے کے اندر اندر ٹماٹر آنے لگیں گے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj