Vitamin K1 Hadiyon Ke Fracture Ko Rok Sakta Hai - Article No. 2620

Vitamin K1 Hadiyon Ke Fracture Ko Rok Sakta Hai

وٹامن کے ون ہڈیوں کے فریکچر کو روک سکتا ہے - تحریر نمبر 2620

یہ ہڈیوں کے پروٹین کو بڑھاتا ہے جس سے ہڈیاں توانا اور مضبوط رہتی ہیں

جمعرات 12 جنوری 2023

آمنہ ماہم
بڑھاپے میں فریکچر کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لیکن ہرے پتے والی سبزیوں میں بکثرت پایا جانے والا وٹامن کے ون ہڈیوں کو مضبوط بنا کر کئی پیچیدگیوں سے بچاتا ہے۔وٹامن کے ون کو فائلوقوئنائن بھی کہا جاتا ہے جو بروکولی (شاخ گوبھی) سبز لوبیا،کیل،چولائی اور پالک وغیرہ میں عام پائی جاتی ہے۔اس کے علاوہ کیوی،ناشپاتی اور خشک آلوچہ میں بھی یہ وٹامن ہوتا ہے جو نہ صرف خون کو گاڑھے پن سے روکتا ہے بلکہ ہڈیوں کو مضبوط بنا کر ان کی حفاظت بھی کرتا ہے۔

ایک تحقیقی سروے میں لگ بھگ 1400 خواتین میں ہڈیوں کے فریکچر اور وٹامن کے ون کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا ہے۔عمر رسیدگی میں ہڈیاں ٹوٹنے سے زندگی شدید متاثر ہوتی ہے۔بالخصوص کولہے کی ہڈی ٹوٹنے سے معذوری،محتاجی اور خود زندگی بھی داؤ پر لگ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈتھ کووان یونیورسٹی میں غذائیات اور صحت کے ماہرین نے دیگر اداروں کے اشتراک سے 1400 سے زائد خواتین کا مسلسل 14 برس تک مطالعہ کیا ہے۔

معلوم ہوا کہ اگر عمر رسیدہ خواتین روزانہ 100 مائیکرو گرام وٹامن کے ون سپلیمنٹ کھائیں تو وہ 125 گرام ہرے پتوں والی سبزیوں کے برابر ہوتا ہے۔اس طرح ان میں فریکچر ہونے کا خطرہ ان کے مقابلے میں 31 فیصد تک کم ہو جاتا ہے جو صرف 60 مائیکرو گرام روزانہ وٹامن کے ون کھاتی ہیں۔اسی لئے آسٹریلوی ماہرین نے بوڑھی خواتین سے کہا ہے کہ وہ روزانہ کم سے کم 100 مائیکرو گرام وٹامن کے ون ضرور کھائیں۔
پھر کولہے کے فریکچر کے دوران اس کے نتائج بھی حیران کن تھے یعنی اس وٹامن کی درست مقدار کھانے والی خواتین کی نصف (49) فیصد تعداد کو ہسپتال لے جانا پڑا اور یوں وٹامن کی مزید اہمیت سامنے آئی ہے۔
وٹامن کے ون کے متعلق معلوم ہو چکا ہے کہ یہ ہڈیوں کے پروٹین کو بڑھاتا ہے جس سے ہڈیاں توانا اور مضبوط رہتی ہیں۔دوسری جانب ہڈیوں کے نرم یا بھربھرے پن کا عمل بھی سست پڑ جاتا ہے۔تاہم ماہرین نے زور دیا ہے کہ روزانہ صبح شام 75 گرام وٹامن کے ون والی سبزیاں اور پھل کھانا ہی سب سے بہتر عمل ہے اور اسی سپلیمنٹ ادویہ کی بجائے انہیں استعمال کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj