Wild Cherries - Article No. 2064

Wild Cherries

وائلڈ چیریز - تحریر نمبر 2064

وائلڈ چیریز ڈائیٹری فائبر‘پوٹاشیم‘کیلشیم‘وٹامن A‘C فلورائیڈز اور فولک ایسڈ جیسے صحت بخش اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں

پیر 25 جنوری 2021

افشین حسین بلگرامی
خوبصورت گولائی پر مشتمل مختصر چمکدار ساخت کی حامل وائلڈ چیریز یا جنگلی بیریوں کی غذائی خصوصیات لامحدود ہیں۔سال کے کم درجہ حرارت کے حامل موسموں میں یہ ہر جگہ با آسانی دستیاب ہوا کرتی ہیں بالخصوص موسم سرما کے اوائل اور موسم بہار کے دنوں میں چمکدار سرخ سے لے کر جامنی‘سبز اور سیاہی مائل چیریز کی بہت سی اقسام دستیاب ہوا کرتی ہیں۔
چیریز غذائی ریشے‘اجزاء‘پوٹاشیم‘ کیلشیم‘وٹامن A‘ وٹامن C اور فولک ایسڈ جیسے صحت بخش اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں جبکہ انہیں ضد تکسیدی خوبیوں یعنی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور ہونے کی وجہ سے بہت سے امراض جیسے کہ ٹھنڈ لگ جانے‘مسلسل رہنے والی کھانسی(خشک و بلغی دونوں طرح) سانس کی نالی و پھیپھڑوں کی تکالیف‘ڈائیریا‘جسمانی تکالیف کے علاج کے لئے تیار کی جانے والی مختلف ادویات کی تیاری میں اس پھل کو بطور خاص استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وائلڈ چیریز کو سانس کی نالی اور پھیپھڑوں کی جھلی پر جم جانے والے بلغم کے اخراج میں معاونت کرنے والے اور قدرتی طور پر سکون آور اثرات سے بھرپور ہونے کی وجہ سے نزلہ‘زکام اور کھانسی کے علاج کے لئے ادویات کی تیاری میں ایک مرکزی جز کی حیثیت سے استعمال کیا جاتا ہے۔وائلڈ چیریز کو ان کی صحت بخش خوبیوں کے علاوہ بہترین ذائقے کے حامل ہونے کی بناء پر مختلف مشروبات‘سوئیٹ ڈشز و دیگر کنفیکشنری مصنوعات کی تیاری میں ذائقے میں اضافہ کرنے والے محرک یعنی بطور فلیورنگ ایجنٹ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

وائلڈ چیریز نباتاتی خاندان روزیاسی(Rosaceae) کی ذیلی قسم پرونس ایویئم (Prunus Avium) سے تعلق رکھتی ہے وائلڈ چیریز مشرق وسطی کے بیشتر علاقوں یورپ کے مشرق و مغربی حصے میں واقع ممالک جیسے کہ ترکی اور جرمنی وغیرہ میں بہ کثرت پائی جاتی ہیں۔ یہ تیز سرخ رنگت کی حامل ہوتی ہیں۔ترشی مائل تلخ ذائقے کی حامل ان بیریز میں 77.50% فلورائیڈ 18.97% کاربوہائیڈریٹ 12% وٹامن C‘10.22%کاپر 8.42% ڈائیٹری فائبر جیسے صحت بخش غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو فرد کی قوت مدافعت بڑھاتے ہوئے اسے موسمی بیماریوں کے ساتھ ساتھ بہت سی مہلک و تکلیف دہ بیماریوں جیسے کہ کینسر‘آشوب چشم‘ذہنی امراض اور متعدد انہضامی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
وائلڈ چیریز کو دنیا بھر میں مختلف ممالک جیسے کہ فرانس‘اٹلی‘اسپین‘پرتگال‘موریطانیہ‘سائپرس‘ روس اور پی کوٹا(Picota) وغیرہ میں مختلف ناموں جیسے کہ برڈ چیری‘بنگ چیری(Bing)‘ کریب(Crab)‘جی آن(Gean) ‘سوئیٹ اور مازارڈ (Mazzard) وائلڈ چیری کے نام سے پکارا جاتا ہے۔وٹامن A اور وٹامن C‘فولیٹ (Folate) و دیگر صحت بخش اجزاء کی رسد سے بھرپور ہونے کی وجہ سے وائلڈ چیری فرد کو امراض قلب‘بصری کمزوریوں‘غشی کے دوروں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ فرد کے جسم کے دوران خون اور کولیسٹرول کے لیول کو بھی متوازن رکھتی ہے۔

فری ریڈیکلز کا اخراج
وائلڈ چیریز ضد تکسیدی یعنی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور ہوا کرتی ہیں جو کہ فلیوونائیڈز (Flavonoids) اور وٹامن C کی صورت میں ان ننھی بیریوں میں موجود ہوتے ہیں جو جسم میں جا کر فری ریڈیکلز یا آزاد اصلیوں کے اخراج کا سبب بنتے ہیں۔یہ صورتحال عمر رسیدگی کے باعث جسم کو پہنچنے والے نقصانات جیسے کہ دل اور اعصابی نظام کا کمزور پڑنا‘بالوں کا جھڑنا‘بصارت کا کمزور ہونا (Macular Degeneration) جھریاں پڑنے‘کولون اور پروٹیسٹ کینسر کی روک تھام اور ان نقصانات کا ازالہ کرتی ہے۔
وائلڈ چیریز کا باقاعدہ استعمال ذہنی کمزوریوں اعصابی بیماریوں کا خاتمہ کرتے ہوئے ذہنی سکون فراہم کرتا ہے۔وائلڈ چیریز میں موجود فلیوونائیڈز (Flavonoids) اور کیروٹینائیڈز(Carotenoids) ان نقصانات کا ازالہ کرتے ہیں جو آزاد اصلیوں یعنی فری ریڈیکلز سے جسمانی نظام کو Neutralize کر دینے کی وجہ سے ہوا ہوتا ہے۔
مدافعتی قوت میں اضافہ
وائلڈ چیریز کے استعمال سے فرد کی مدافعتی صحت میں قابل رشک اضافہ ہوتا ہے تکسید روک اجزاء یعنی اینٹی آکسیڈنٹ خوبیوں کی حامل وائلڈ چیریز کا استعمال بہت سے وائرل‘بیکٹیریل اور فنگل(Fangal)انفیکشن سے فرد کو محفوظ رکھتا ہے جو آنتوں‘نظام بول (یورینری ٹریک)‘کولون(Colon) اور جسم کے اخراجی نظام کو متاثر کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ وائلڈ چیری کا استعمال کھانسی‘نزلہ‘ زکام‘فلو اور میعادی بخار جیسی عام موسمی خرابیوں سے بھی فرد کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔
کینسر سے تحفظ
وٹامن A‘C (Carotenoids) کیرویٹنائیڈز اور فلیوونائیڈز (Flavonoids) کو ایک موٴثر و طاقتور Anti-Carcinogenic کمپاؤنڈ‘تسلیم کیا جاتا ہے جو جسم میں سرطانی خلیات کی نشوونما روکتے ہوئے جسم سے فری ریڈیکلز کا اخراج کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ معالجین و غذائی ماہرین وائلڈ چیری کے استعمال کو ہر قسم کے کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک مثبت اور حیات بخش صورتحال قرار دیا کرتے ہیں۔

انیمیا(Anemia) سے بچاؤ
طبی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاپر (Copper) وہ معدن(منرل)ہے جو جسم میں آئرن(فولاد)کی جاذبیت کو ہاضمے کی نالی میں جذب کرنے کی کارکردگی بڑھاتے ہوئے اسے جگر میں خارج ہونے کے عمل میں معاونت کرتا ہے۔فولاد یاآئرن خون کے سرخ خلیات کی تشکیل کرنے میں بھی معاونت کرتا ہے۔اسی لئے اطباء و غذائی ماہرین کا ماننا ہے کہ جسم میں کاپر (Copper) جیسے معدن(منرل)کی کمی کا مطلب ہے جسم میں آئرن کی کمی ہونا جو کہ بالواسطہ طور پر انیمیا جیسے مرض کی کلیدی تشکیل کی وجہ بنتا ہے۔
انیمیا کے مریض کو جوڑوں پٹھوں میں جکڑن‘درد‘سوزش رہنے کے ساتھ ساتھ نظام ہاضمہ کی خرابی‘کمزوری کی وجہ سے غشی کے دورے پڑنا اور ذہنی صحت میں شدید کمزوریوں کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔
طباخی استعمال
وائلڈ چیریز کا یوں بھی استعمال یعنی انہیں پودے سے توڑ کر (پکی ہوئی حالت میں)یا خرید کر دھو کر کھانا بھی بہت خوب ہے۔
ان چیریز کی کچھ اقسام میں ایک گول قدرے سخت اور سائز میں چھوٹا بیچ بھی پایا جاتا ہے جسے نہیں کھانا چاہیے بیج نکال کر چیریز کی مدد سے جام‘جیلی اور مختلف مشروبات تیار کیے جاتے ہیں۔دنیا بھر میں وائلڈ چیریز سے انواع و اقسام کی لذیذ سوئیٹ ڈشز بھی تیار کی جاتی ہیں جن میں چیری اینڈ چاکلیٹ آئسکریم پائی‘مصالحہ دار چیری کا جام‘چیری پڈنگ‘وائلڈ چیری باؤنس(Bonce)‘چیری پائی‘وائلڈ چیری سیلڈ‘چیری کولا کیک‘چیری باربی کیو سوس اور وائلڈ چیری سالسہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ فریش چیریز کو بیج نکال کر غذا کو کافی عرصے تک محفوظ رکھنے والے مصالحہ جات (Preservatives) لگا کر خشک بھی کر لیا جاتا ہے تاکہ بے موسم بھی اس مزیدار پھل سے لطف اندوز ہوا جا سکے۔
حسن افزاء خوبیاں
ماہرین حسن‘اسکن کیئر ایکسپرٹس اور بہت سے ڈرما ٹولوجسٹ کا ماننا ہے کہ‘اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات وائلڈ چیری کو نہ صرف ایک بہترین ذائقے دار پھل کا درجہ دیتی ہیں بلکہ یہی خصوصیات جلد کی حفاظت و نگہداشت کے حوالے سے بھی اس رسیلے ننھے منے پھل کو ایک بیوٹی فروٹ کے درجے پر بھی فائز کرتی ہیں وائلڈ چیریز سے تیار بہت سی اسکن کیئر پروڈکٹس جلد کو عمر رسیدگی کے اثرات سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے جھریاں پڑنے کے عمل کو سست روی کا شکار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بیوٹی ایکسپرٹس کا ماننا ہے کہ وائلڈ چیری کی حامل اسکن کیئر پروڈکٹس کا باقاعدہ استعمال جلد پر کولاجن کی افزائش میں اضافہ بھی کرتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ وہ افراد جو باقاعدگی سے وائلڈ چیریز سے تیار باتھنگ جیل‘فیس واش‘باڈی بٹر‘اسکن کلینزر‘باڈی اسکریب‘فیس ماسک‘موئسچرائزر‘نائیٹ کریم اور انڈر آئی جیل وغیرہ جیسی مصنوعات کا استعما ل کرتے ہیں ان کی جلد خوبصورت ہمواریت‘لچک‘گداز پن اور نوخیز نکھار سدا بہار دلکشی کی حامل نظر آتی ہے۔مسامات کے منہ کھلنا (Hyperpigmentation) اور جھائیوں کا پڑنا بڑھتی عمر کی جلدی پریشانیوں میں اول نمبر پر ہیں۔
نیویارک امریکہ کے ایک ماہر ڈرما ٹولوجسٹ ڈاکٹر نیل سیڈک (Neil Sadick) کے مطابق وائلڈ چیری کا رس قدرتی طور پر وٹامن اے‘بی‘سی‘ڈی میلاٹونن (Melatonin)‘پوٹاشیم اور فلیوونائیڈز (Flavonoids) کی رسد سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جلد کو پہنچنے والے خلیاتی نقصانات کے ازالے‘جلد کی جگہ جگہ سے بدلتی ہوئی رنگت کو یکساں کرنے‘نئے صحت مند جلدی خلیات کی تشکیل کرنے‘ایکنی (Acne)‘ زخم(Scars) اور جلد پر سیاہ دھبے پڑنے(جو عموماً حاملہ خواتین کو رخساروں‘پیشانی‘اوپری ہونٹوں اور گردن پر پڑتے ہیں)کا عمل جیسے میلاسما (Melasma) کہا جاتا ہے کا بھی خاتمہ کرتے ہوئے جلد میں کولاجن لیول کو متوازن رکھ کر اس کے قدرتی گداز پن اور لچک کو برقرار رکھتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj