Zafran - Cancer Dushman Masala - Article No. 2526

Zafran - Cancer Dushman Masala

زعفران ۔ کینسر دشمن مسالا - تحریر نمبر 2526

زعفران دنیا کا سب سے قیمتی،گہری خوشبو اور مخصوص رنگت والا مسالا ہے،جو مختلف کھانوں میں،خاص طور پر میٹھے پکوانوں میں ڈالا جاتا ہے

پیر 29 اگست 2022

حکیم راحت نسیم سوہدروی
زعفران دنیا کا سب سے قیمتی،گہری خوشبو اور مخصوص رنگت والا مسالا ہے،جو مختلف کھانوں میں،خاص طور پر میٹھے پکوانوں میں ڈالا جاتا ہے۔یہ مسالا مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) سے بھرپور اور صحت و توانائی کے لئے بہت مفید ہوتا ہے۔زعفران نہ صرف مزاج کو خوشگوار رکھتا ہے،بلکہ ذہنی دباؤ (Stress) کو بھی ختم کرتا ہے۔
یہ مسالا (Crocus Sativus) نامی پھول سے حاصل کیا جاتا ہے اور یہ پھول کے تخم دان (Stigma) اور بیضے دان (Style) میں ہوتا ہے۔زعفران کا حصول بہت مشکل کام ہے۔کاشت کار اپنے ہاتھوں سے اس کے دھاگے بہت احتیاط سے پھولوں سے چنتے ہیں اور ذائقہ بڑھانے کے لئے ان دھاگوں کو گرم کرتے ہیں اور بہت احتیاط سے محفوظ کر لیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ زعفران بہت مہنگا مسالا ہے۔

(جاری ہے)

ذیل میں زعفران کے چند فوائد درج کیے جا رہے ہیں،جن سے اس کی اہمیت و افادیت ظاہر ہوتی ہے:
جگر دوست،سرطان دشمن
برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق زعفران جگر کے امراض دور کرنے میں بہت فائدہ مند ہے۔اس کی وجہ اس میں پائے جانے والے مفید اجزاء ہیں۔اسی طرح یہ سرطان سے بھی مزاحمت کرتا ہے۔اب ماہرینِ صحت زعفران کو سرطان کی ادویہ میں شامل کر رہے ہیں۔

امراضِ قلب
زعفران خون کی گردش کو متوازن کرتا اور شریانوں کو سخت ہونے سے بچاتا ہے۔اس میں موجود اجزاء کولیسٹرول کی سطح کو معمول پر رکھتے ہیں۔اس طرح یہ نہ صرف دل کے امراض میں فائدہ دیتا ہے،بلکہ دل کے دورے کے خطرے کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔چٹکی بھر زعفران دودھ میں ملا کر پینے سے آپ دل کے امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

موسمی نزلہ زکام
موسم سرما یا گرما میں ہونے والے نزلے زکام کی شدت انسان کو بے حال کر دیتی ہے،لہٰذا جن افراد کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے،وہ موسمی شدت برداشت نہیں کر پاتے اور نزلے زکام میں بہ آسانی مبتلا ہو جاتے ہیں۔ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ دودھ میں چٹکی بھر زعفران ملا کر پئیں تو وہ نزلے زکام سے بالکل محفوظ رہیں گے۔

وزن میں کمی
کئی تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ زعفران بھوک میں کمی کرتا ہے،جس سے وزن گھٹنے لگتا ہے۔زعفران کھانے سے کمر کے گرد جمع شدہ چربی گھلنے لگتی ہے،اس لئے جو افراد موٹاپے سے پریشان رہتے اور مختلف دوائیں کھاتے ہیں،وہ زعفران کے ضمیمے کھا کر اپنے وزن میں کمی کر سکتے ہیں۔
بے خوابی
صحت مند و توانا رہنے کے لئے نیند کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے۔
اگر نیند پوری نہ ہو تو صحت کے کئی مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔بے خوابی کے مریض یا مکمل نیند سے محروم افراد کو چاہیے کہ وہ رات کو سونے سے قبل دودھ میں تھوڑا سا زعفران شامل کرکے پینے کی عادت ڈال لیں،بے خوابی جاتی رہے گی۔اس کے علاوہ زعفران میں ایک ایسا جزو بھی پایا جاتا ہے،جو جلد نیند لانے میں بہت معاون ہے۔
صحت بخش اجزاء کی فراہمی
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق زعفران میں کئی صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،جنھیں مانع تکسید اجزاء کہتے ہیں۔
ان اجزاء کے علاوہ اس میں مفید صحت مرکبات بھی ہوتے ہیں،جو جسم میں تکسیدی تناؤ اور آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) کے خلاف لڑ کر عام بیماریوں،خاص طور پر امراض قلب سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس طرح مذکورہ مانع تکسید اجزاء اور مرکبات کئی امراض سے محفوظ رکھتے ہیں اور اس طرح زعفران کھانے والے افراد صحت مند و توانا رہتے ہیں۔
اعصابی نظام کے امراض سے تحفظ
زعفران میں موجود مانع تکسید اجزاء اعصابی نظام کے امراض سے بھی نجات دلانے میں مدد کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس میں پائے جانے والے مرکبات دماغی سوزش سے بچاتے اور تکسیدی نقصان کو کم کر دیتے ہیں،جس سے صحت پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔زعفران یادداشت بہتر کرنے میں بھی موٴثر ہے۔اس میں مانع سوزش اثرات بھی پائے جاتے ہیں۔
مدافعتی نظام میں موٴثر
زعفران ایک قیمتی اور خوش ذائقہ مسالا ہی نہیں ہے،بلکہ مدافعتی نظام کو توانا بنانے کا ایک موٴثر ضمیمہ بھی ہے۔
آپ اسے کھانوں میں شامل کرکے نہ صرف کھانوں کو خوشبو دار اور مزیدار بنا سکتے ہیں،بلکہ صحی فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔زعفران کو آپ اپنی روزمرہ کی غذاؤں میں شامل کر لیجیے۔ایک بات ذہن نشین کر لیجیے کہ زعفران ہمیشہ غیر ملکی خریدیے،کیوں یہ اصلی زعفران ہوتا ہے،پاکستانی زعفران اصلی نہیں ہوتا،لہٰذا صحی اعتبار سے وہ بے فائدہ ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj