انجکشن سے آنکھوں کا انفیکشن پھیلنے کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت نے تحقیقات کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

ہفتہ 23 ستمبر 2023 22:48

انجکشن سے آنکھوں کا انفیکشن پھیلنے کا معاملہ، صوبائی وزیر صحت  نے تحقیقات کیلئے  پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے اے واسٹن (Avastin) انجکشن کی وجہ سے آنکھوں کی انفیکشن کے معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے تجاویز بھی پیش کرے گی۔ کمیٹی کے کنوینر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر اسد اسلم خان ہیں جبکہ اس کے ممبران میں ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، میو ہسپتال لاہور کے ڈاکٹر محمد معین، لاہور جنرل ہسپتال کی ڈاکٹر طیبہ اور سروسز ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر محسن شامل ہیں۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ انجکشن کے ویئر ہاوس کو سر بمہر کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کو فعال کیا گیا ہے کہ میڈیکل سٹوروں سے یہ انجکشن اٹھا لیا جائے اور اس کی خرید وفروخت رکوا دی جا ئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز اور مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اے واسٹن انجکشن استعمال نہ کریں اور میڈیکل سٹورز، ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو اس انجکشن کی فروخت سے روک دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مذکورہ انجکشن کے نمونے لیب ٹیسٹ کیلئے بھجوائے جا چکے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

Browse Latest Health News in Urdu