کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

1 دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم جبکہ دوسرا دھماکہ خود کش تھا، حملوں کے نتیجے میں افغان اور امریکی شہریوں کا بھی جانی نقصان ہوا: ترجمان پینٹاگون

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 اگست 2021 20:33

کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اگست2021ء) کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے قریب ہوئے دھماکوں سے متعلق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ ترجمان پینٹاگون کی جانب سے کابل ائیرپورٹ دھماکوں میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 1 دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جبکہ دوسرا دھماکہ خود کش تھا۔ حملوں کے نتیجے میں افغان اور امریکی شہریوں کا بھی جانی نقصان ہوا۔ اس سے قبل غیر ملکی میڈیا کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی کہ کابل ائیرپورٹ کے قریب ایک کی بجائے 2 دھماکے ہوئے ہیں۔ جبکہ دھماکوں کے بعد کابل ائیرپورٹ کے اطراف میں شدید فائرنگ بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے افغان طالبان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملے میں اب تک بچوں سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں افغان طالبان کے گارڈز بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے کہ جبکہ افغان طالبان نے ائیرپورٹ کی سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے مزید حملے کے خدشے کے پیش نظر ہوائی فائرنگ کر کے ائیرپورٹ کے قریب جمع لوگوں کو منتشر کیا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے کابل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سے متعلق امریکی صدر جوبائیڈن کو بریفنگ دی ہے۔ امریکی صدر کو دھماکے میں زخمیوں اور ہلاکتوں کے خدشے سے متعلق بھی بتایا گیا کہ دھماکے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد اور مرنے والوں کی شہریت کی تفصیلات معلوم نہیں۔ عرب میڈیا نے کہا کہ دھماکے کا ہدف کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع لوگ تھے ، دھماکے کے بعد کابل ایئرپورٹ کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

جس ہوٹل کے قریب دھماکہ ہوا اس میں زیادہ تر برطانوی اہلکار ٹھہرے ہوئے تھے۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر دو دھماکے ہوئے لیکن ترک فوجی محفوظ ہیں۔ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ کابل ائیرپورٹ پر حملوں کی اطلاعات پر امریکہ سمیت مختلف یورپین ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے حفاظتی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ دھماکوں سے قبل برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر اڑان بھرنے والے طیارے پر فائرنگ کی گئی، طیارے میں 100 مسافر سوار تھے۔

کابل ایئرپورٹ پر اطالوی طیارے کی طرف اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ ٹیک آف کر رہا تھا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا کہ فائرنگ کیوں کی گئی اور کس نے کی؟ غیرملکی میڈیا نے ملٹری ذرائع کے حوالے سے خبردی کہ فائرنگ کے واقعے میں طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔

کابل میں شائع ہونے والی مزید خبریں