کویت نے 14 شعبوں کیلئے فیملی ویزہ قوانین میں نرمی کردی

خلیجی ملک نے خاندان کے افراد کے لیے باقاعدہ رہائش کے حصول کے ضابطوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 14:41

کویت نے 14 شعبوں کیلئے فیملی ویزہ قوانین میں نرمی کردی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) خلیجی ملک کویت نے 14 شعبوں کیلئے فیملی ویزہ قوانین میں نرمی کردی۔ گلف نیوز کے مطابق کویت نے خاندان کے افراد کے لیے باقاعدہ رہائش کے حصول کے لیے ضابطوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور قائم مقام وزیر داخلہ فہد الیوسف کی طرف سے جاری کردہ نظرثانی میں غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کے انتظامی ضوابط کے اندر مخصوص دفعات میں ترمیم کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ آرٹیکل 29 کے تحت نئے کویت آنے والوں کے ڈیپنڈنٹ یا فیملی ویزہ کے لیے درخواست دینے کے لیے کم از کم ماہانہ تنخواہ 800 کویتی دینار، یونیورسٹی کی ڈگری اور متعلقہ پیشے کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم کچھ پیشے اب ڈگری کی ضرورت سے مستثنیٰ ہیں۔

(جاری ہے)

اہم بات یہ ہے کہ کویت میں یا بیرون ملک پیدا ہونے والے افراد جن کی عمر 5 سال یا اس سے کم ہے تو کویت میں مقیم ان کے والدین تنخواہ کی شرط سے مستثنیٰ ہیں جو کہ رہائشی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل کی منظوری سے مشروط ہے، اس نظرثانی کا دوسرا آرٹیکل اس فیصلے کو نافذ کرنے کی ذمہ داری قائم مقام انڈر سیکریٹری کو تفویض کرتا ہے، جو اس ترمیم کے ساتھ سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے موثر ہوگا، وزارتی قرارداد نمبر 957/2019 کے آرٹیکل 30 میں تفصیل کے مطابق یونیورسٹی کی ڈگری کی ضرورت سے مستثنیٰ پیشے درج ذیل ہیں؛

(1) سرکاری شعبے میں مشیر، جج، استغاثہ، ماہرین اور قانونی محقق
(2) طبی پیشہ ور، جن میں ڈاکٹر اور فارماسسٹ شامل ہیں 
(3) یونیورسٹی، کالج اور اعلی انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسرز 
(4) سرکاری شعبے میں سکول کے منتظمین، نائب پرنسپلز، ایجوکیشن مینٹورز، اساتذہ، سماجی کارکن اور لیبارٹری اٹینڈنٹ 
(5) یونیورسٹیوں میں مالی و اقتصادی مشیر 
(6) انجینئرز 
(7) مساجد میں امام، مبلغین اور مؤذن 
(8) سرکاری اداروں اور نجی یونیورسٹیوں کے لائبریرین 
(9) وزارت صحت کا عملہ جن میں نرسیں، پیرامیڈیکس، طبی تکنیکی ماہرین اور سماجی خدمت کے کارکن شامل ہیں 
(10) سرکاری شعبے میں سماجی کارکن اور ماہر نفسیات 
(11) صحافی، میڈیا پروفیشنلز اور نامہ نگار 
(12) فیڈریشنوں اور کلبوں میں کھیلوں کے کوچ اور کھلاڑی 
(13) پائلٹ اور فلائٹ اٹینڈنٹ 
(14) دفنانے کی تیاریوں اور خدمات کی نگرانی کرنے والے پیشہ ور افراد

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں