پاکستانی صحافیوں کے وفد کی سعودی وزیر اطلاعات سے ملاقات

صحافیوں نے سعودی عرب کے خلاف جاری پراپیگنڈے کی بھرپور مذمت کی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 5 نومبر 2018 12:52

پاکستانی صحافیوں کے وفد کی سعودی وزیر اطلاعات سے ملاقات
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 نومبر2018ء) پاکستان کے چند ممتاز صحافیوں پر مشتمل ایک وفد اِن دِنوں سعودی عر ب کے دورے پر ہے۔ جنہوں نے اپنے اس قیام کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کی اور مملکت کے کئی تفریحی و تاریخی نوعیت کے حامل مقامات کی سیر بھی کی۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے مشہور صحافتی اداروں کا بھی دورہ کیا۔ گزشتہ روز پاکستانی صحافیوں نے سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے موقع پر دونوں اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط مذہبی، ثقافتی، معاشی اور تاریخی تعلقات بھی زیر بحث آئے۔ ڈاکٹر العواد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ہر مُشکل گھڑی میں اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ سعودی قیادت بھی اپنی پیش روؤں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دونوں ممالک کی مضبوط دوستی، تعلقات کے استحکام کو مزید تقویت بخشنے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

دونوں ممالک کی حکومتیں اور عوام ایک اٹُوٹ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، اس تعلق پر کبھی کوئی آنچ نہیں آ سکتی۔ پاکستانی صحافیوں کے وفد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اسلام دُشمن طاقتیں سعودی عرب کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، اور ایک سعودی صحافی کے قتل کی آڑ میں سعودی مملکت، عوام اور اعلیٰ قیادت کے خلاف زہریلا اور شرمناک پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

تاہم یہ کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی۔ پاکستانی عوام ، حکومت اور میڈیا اس موقع پر سعودی مملکت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان دِنوں پاکستانی ارکانِ پارلیمنٹ، سوشل میڈیا کی مشہور شخصیات، صحافیوں اور ادیبوں پر مشتمل وفد سعودی عرب کے خصوصی دورے پر آیا ہوا ہے۔ اس پاکستانی وفد نے سعودی سینما گھر میں پیش کی جانے والی پہلی پاکستانی فلم ’پرواز ہے جنوں‘ بھی دیکھی۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں