مسجد نبوی ﷺ میں بیش قیمت اور سکون بخش قالین بچھا دیئے گئے

ہر قالین پر لگی الیکٹرانک چپ اس کے مقام، صاف کرنے، خوشبو لگانے، اٹھانے اور منتقل کرنے کا وقت بتاتی ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جنوری 2024 15:57

مسجد نبوی ﷺ میں بیش قیمت اور سکون بخش قالین بچھا دیئے گئے
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2024ء ) مسجد نبوی ﷺ میں 25 ہزار بیش قیمت اور سکون بخش قالین بچھا دیئے گئے۔ العربیہ نیوز کے مطابق حرمین شریفین کی دیکھ بحال کی ذمہ دار جنرل اتھارٹی نے مسجد نبوی ﷺ میں نمازیوں کی آسانی اور راحت کے لیے پر سکون ماحول مہیا کرنے والے قالین بچھائے ہیں، ہر قالین کے کنارے پر لگی الیکٹرانک چپ اس کے مقام، صاف کرنے، خوشبو لگانے، اٹھانے اور منتقل کرنے کا وقت بتاتی ہے، ان قالینوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جاتی ہے اور انہیں خوشبو سے معطر بھی کیا جاتا ہے۔

اتھارٹی کے کارپٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے اندرونی حصے، اس کی چھت اور باہر والے صحنوں میں مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد قالین بچھائے گئے ہیں، ان پر روزانہ پرفیوم کا چھڑکاؤ کرنے کے علاوہ جراثیم کش سپرے بھی کیا جاتا ہے، یہ قالین مضبوطی اور معیار میں اپنی مثال آپ ہیں، مسجد نبوی ﷺ کے یہ قالین اپنی موٹائی، پائیداری، گھنی ساخت، رنگ کے استحکام اور بار بار دھونے سے متاثر نہ ہونے والی خصوصیات میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023ء کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔

بتایا جارہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ ریاض الجنہ میں زائرین کی آمد ورفت کے حوالے سے آسانی پیدا کرنے اور راہداریوں کا نیا نظام نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بارے میں انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’وزارت حج و عمرہ سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں کسی بھی زائر کو سال میں صرف ایک بار ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ ملے گا، جس کے بعد دوبارہ نئے پرمٹ کا حصول 365 دن گزرنے پر نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں