رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر مسجد الحرام میں انسانوں کا سمندر امڈ آیا، تا حد نگاہ نمازی ہی نمازی نظر آئے

27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور دور دور تک سڑکیں نمازیوں سے بھری رہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 اپریل 2024 13:48

رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر مسجد الحرام میں انسانوں کا سمندر امڈ آیا، تا حد نگاہ نمازی ہی نمازی نظر آئے
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2024ء ) رمضان المبارک کے پہلے دو عشروں کے دوران مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے زائد رہی۔ عرب ٹی وی کے مطابق مسجد نبویﷺکی انتظامیہ نے بتایاکہ 20 رمضان سے اب تک روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے والوں کی تعداد 16 لاکھ 43 ہزار 288 رہی جب کہ ریاض الجنہ کیلئے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد اور 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔

علاوہ ازیں انتظامیہ نے بتایا کہ 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور دور دور تک سڑکیں نمازیوں سے بھری رہیں، مسجد الحرام جانے والے راستوں اور اطراف میں ٹریفک پولیس اہلکار اور کراؤڈ کنٹرول ٹاسک فورس کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران مجموعی طور پر 98 لاکھ 18 ہزار 474 زائرین اور نمازیوں کا مسجد نبوی ﷺ میں خیرمقدم کیا گیا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران 7 لاکھ 39 ہزار 702 زائرین نے روضہ رسول پر حاضری دی، انتظامیہ نے ایک لاکھ 95 ہزار 800 زمزم کی بوتلیں تقسیم کیں جبکہ روزہ دارں میں 29 لاکھ 8 ہزار 530 افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے، 26 ہزار 910 معمر اور معذور افراد نے فراہم کی جانے والی خصوصی سہولتوں سے فائدہ اٹھایا، رہنمائی کی خدمات سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 893 رہی۔

معلوم ہوا ہے کہ حرمین شریفین کی دیکھ بحال کی ذمہ دار جنرل اتھارٹی نے مسجد نبوی ﷺ میں نمازیوں کی آسانی اور راحت کے لیے پر سکون ماحول مہیا کرنے والے قالین بچھائے ہیں، ہر قالین کے کنارے پر لگی الیکٹرانک چپ اس کے مقام، صاف کرنے، خوشبو لگانے، اٹھانے اور منتقل کرنے کا وقت بتاتی ہے، ان قالینوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جاتی ہے اور انہیں خوشبو سے معطر بھی کیا جاتا ہے۔

اتھارٹی کے کارپٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے اندرونی حصے، اس کی چھت اور باہر والے صحنوں میں مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد قالین بچھائے گئے ہیں، ان پر روزانہ پرفیوم کا چھڑکاؤ کرنے کے علاوہ جراثیم کش سپرے بھی کیا جاتا ہے، یہ قالین مضبوطی اور معیار میں اپنی مثال آپ ہیں، مسجد نبوی ﷺ کے یہ قالین اپنی موٹائی، پائیداری، گھنی ساخت، رنگ کے استحکام اور بار بار دھونے سے متاثر نہ ہونے والی خصوصیات میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں