دُبئی میں 2,920 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے گئے

بیشتر اکاؤنٹس مشہور شخصیات کے نام پر چلا کر عوام سے پیسے ہتھیائے جا رہے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 جنوری 2019 16:12

دُبئی میں 2,920 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری 2019ء ) دُبئی میں 2018ء کے دوران2,920 جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیئے گئے۔ 2017ء کے دوران بند کیے گئے ایسے اکاؤنٹس کی گنتی1,799 جبکہ 2106ء میں 1,899 تھی۔ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر جمال سالم الجلاف نے بتایا کہ پولیس نے گزشتہ سال پانچ سو سے زائد اکاؤنٹس ایسے بند کیے جو جعلی ناموں سے چلائے جا رہے تھے۔

کئی دھوکے بازوں نے مشہور لوگوں اور فنکاروں کے نام سے اکاؤنٹ بنا رکھے تھے ، جن کے اکاؤنٹ بند کر کے اُن کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی سیکیورٹی پر خصوصی دھیان دیں، اگر کوئی شخص سائبر کرائم ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو یا کسی کے بارے میں بدکلامی اور نامناسب زبان کا استعمال کرے تو اس کی اطلاع متعلقہ اتھارٹی کو دیں۔

(جاری ہے)

پولیس سائبر کرائمز کے تمام تر معاملات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مستعد اور تیار ہے۔ نئی ٹیکنالوجیز اور سمارٹ پروگرامز کی بدولت پولیس کو آن لائن فراڈ اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو پکڑنے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ زیادہ تر سائبر کرائمز عوام سے رقم ہتھیانے یا کسی کی شہرت کو داغدار کرنے کی غرض سے کیے جاتے ہیں۔ مجرمانہ ذہنیت کے حامل لوگوں کا زیادہ تر ہدف سٹوڈنٹس اور بزنس مین ہوتے ہیں۔

کئی لوگ اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کسی سیلبریٹی کے نام سے بناتے ہیں۔ جس کی حقیقت کا پتا چلانا عوام کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس حوالے سے جعلی اکاؤنٹس سے ہوشیار رہنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ عوام اور سٹوڈنٹس کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ پر کسی نامعلوم شخص کو ایڈ نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں