متحدہ عرب امارات: کروڑ پتی عاشق نے خاتون کو کہیں کا نہ چھوڑا

عاشق نے خاتون کے سامنے خود کو دولت مند ظاہر کر کے اُس سے لاکھوں درہم ہتھیا لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 فروری 2019 18:43

متحدہ عرب امارات: کروڑ پتی عاشق نے خاتون کو کہیں کا نہ چھوڑا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2019ء ) پولیس نے ایک عرب نوجوان کو خود کو انتہائی دولت مند ظاہر کر کے خاتون سے لاکھوں درہم ہتھیانے اور اُسے بلیک میل کرنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ نوجوان نے ایک فرضی نام سے ٹویٹر پر اپنا کاؤنٹ بنایا اور اس اکاؤنٹ کے ذریعے ایک اماراتی لڑکی سے تعلقات بڑھائے۔

نوجوان خود کو ایک امیر بزنس مین ظاہر کرتا رہا۔ لڑکی بھی اس کی چکنی چپڑی باتوں میں آگئی۔ اور پھر اس نوجوان نے اپنا شیطانی کھیل کھیلنا شروع کیا۔ ایک روز چیٹنگ کے دوران اس نے لڑکی کو جذباتی بلیک میل کر کے اُسے اپنی برہنہ تصویریں بھیجنے کو کہا۔ پہلے تو لڑکی نے اُسے اس شرمناک حرکت سے انکار کر دیا، مگر جب نوجوان نے اس پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تعلق ختم کرنے کی دھمکی دی تو لڑکی نے نہ چاہتے ہوئے بھی اُس کی بات مان لی اور اپنی غیر مناسب حالت والی تصاویر بھیج دیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد لڑکی کے بُرے دِن شروع ہو گئے۔ چند روز بعد ہی نوجوان نے اُس سے پچاس ہزار درہم کا تقاضا کیا۔ جب لڑکی نے اُس سے پوچھا کہ وہ تو خود خاصا دولت مند ہے، پھر اُس سے کیوں مانگ رہا ہے ۔ اس پر لڑکے نے انکشاف کیا کہ اُس نے تو محض اُسے پھانسنے کے لیے اپنا آپ دولت مند ظاہر کیا تھا۔ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ جب لڑکی نے پیسے دینے سے انکار کیا تو لڑکے نے اُس کی عریاں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی۔

لڑکی نے اُس کی بات مانتے ہوئے رقم بھجوا دی۔ اس کے بعد دھوکے باز شخص نے لڑکی سے کئی موقعوں پر پیسے بٹورے۔ یہاں تک کہ لڑکی اس مالی استحصال سے تنگ آ گئی اور اُس نے پولیس کو شکایت درج کروا دی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم خاتون سے مجموعی طور پر سات لاکھ درہم کی بھاری رقم ہڑپ کر چکا تھا۔متاثرہ لڑکی اپنے خاندان کی بدنامی کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہوئی۔ عدالت نے ملزم کو دھوکا دہی، بلیک میلنگ اور ہراسگی کے الزام میں ڈیڑھ سال قید کی سزا سُنا دی۔ ملزم کو جرمانے کی مد میں پچاس ہزار درہم کی ادائیگی کے علاوہ ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا بھی دی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں