دُنیا بھر میں سب سے کم بے روزگاری دُبئی میں ریکارڈ کی گئی

2018ءمیں دُبئی میں بے روزگاری کی شرح صرف 0.5 فیصد ریکارڈ کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 مئی 2019 15:19

دُنیا بھر میں سب سے کم بے روزگاری دُبئی میں ریکارڈ کی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18 مئی 2019ء) دُبئی شماریاتی سنٹر (DSC) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال منعقد کرائے گئے لیبر فورس سروے کے مطابق گزشتہ سال 2018ءمیں دُبئی میں بے روزگاری کی شرح 0.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جو کہ دُنیا بھر میں سب سے کم شرح ہے۔ DSC کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عارف المہیری نے بتایا کہ بے روزگاری کی شرح انتہائی کم ہونے کی سب سے بڑی وجہ ایمپلائز کو دیا جانے والا رہائشی ویزہ ہے، جو کہ صرف اسی شخص کو دیا جاتا ہے جسے ملازمت مِل جاتی ہ ے۔

اس سروے سے پتا چلتا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے کی مقررہ عمر کے حامل 83.2 فیصد افراد برسرروزگار پائے گئے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ دُبئی کی معیشت کی لچک اور مضبوطی ہے جس کے باعث دُنیا میں سب سے کم بے روزگاری دُبئی میں ہے اور یہاں مقیم لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد معاشی سرگرمیوں میں حصّہ لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں کے حکام کی ٹھوس معاشی اور سماجی حکمت عملی اور فیصلہ سازی کے باعث لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو روزگار میسر آیا ہے۔

اس کامیابی میں فیصلہ سازوں، پالیسی میکرز، منصوبہ سازوں اور لیبر مارکیٹ سب کا حصّہ ہے۔ دُبئی میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے وضع کیے گئے طریقہ کار اور معیارات کو ہُو بہو نافذ کیا گیا ہے۔ اس سروے کے لیے دُبئی میں رہائش پذیر 1500 اماراتی باشندوں اور 1500تارکین وطن افراد کو شامل کیا گیا اور ان سے حاصل کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ خوش کُن حقائق سامنے آئے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں