پاکستانی ملازم نے کھانا ٹھیک نہ بنانے پر ساتھی ملازم کو چاقو گھونپ دیا

وقوعے سے قبل دونوں کے درمیان کھانا مزیدار نہ ہونے کے حوالے سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 جولائی 2019 13:52

پاکستانی ملازم نے کھانا ٹھیک نہ بنانے پر ساتھی ملازم کو چاقو گھونپ دیا
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جولائی 2019ء) راس الخیمہ پولیس نے ایک پاکستانی ملازم کو اپنے ساتھی ملازم کو چاقو گھونپنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔استغاثہ کی جانب سے ملزم پر گالم گلوچ کرنے ، لڑائی جھگڑا کرنے اور ساتھی ملازم کو زخمی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنے ساتھی ملازم کو صرف اس بنا پر چاقو گھونپ دیا کیونکہ اُسے اُس کے ہاتھ کا بنایا کھانا مزیدار نہیں لگا۔

دونوں کے درمیان اس بات پر پہلے لفظی تکرار ہوئی۔ جس دوران ملزم نے مُدعی کو گالم گلوچ کی اور اُس کے بارے میں نامناسب کلمات بھی کہے اور جب اُس کا غصّہ ٹھنڈا نہ ہوا تو وہ کچن سے جا کر چھُری اُٹھا لایا اور مُدعی پر حملہ آور ہوا تاہم مُدعی کی جانب سے اپنے بچاؤ کے دوران چھُری اُس کی کلائی کو لگ گئی جس سے کلائی کو گہرا زخم آنے کے باعث خون بہنے لگا۔

(جاری ہے)

مُدعی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کا کئی روز تک علاج ہوتا رہا۔ تاہم مقدمے میں دونوں کو لڑائی جھگڑے اور بدکلامی کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور دونوں پر استغاثہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا۔ ملزم نے عدالت میں اپنی صفائی میں کہا کہ مُدعی نے اُس سے اس بات پر جھگڑا کیا تھا کہ اُس نے اُسے ایک خاص کھانا بنانے کے لیے غلط ترکیب بتائی تھی جس کے باعث کھانے میں ذائقہ نہ آ سکا۔ اسی بات پر دونوں میں جھگڑا ہوا تھا۔ جس پر اُس نے طیش میں آ کر مُدعی کے ہاتھ پر چھُری سے حملہ کیا۔ مقدمے کی اگلی سماعت میں اس کیس کا فیصلہ سُنا دیا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں