دُبئی: غیر مُلکی چور البرشا کی ایک دُکان سے رقم سے بھرا سیف لُوٹ کر فرار ہو گئے

ملزمان نے واردات کے وقت دستانے اور نقاب پہن کر اپنی شناخت چھُپا رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 8 اگست 2019 11:31

دُبئی: غیر مُلکی چور البرشا کی ایک دُکان سے رقم سے بھرا سیف لُوٹ کر فرار ہو گئے
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اگست 2019ء) دُبئی پولیس نے Tecom میں واقع ایک دُکان میں چوری کر کے وہاں موجود رقم سے بھرا سیف لُوٹنے والے ایک یمنی چور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اُس کے مفرور اُزبک ساتھی کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔اس واقعے کی رپورٹ 20 جنوری 2019ء کو البرشا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی تھی۔ چوری کی واردات کا نشانہ بننے والی دُکان کے 40 سالہ سلوانین نے بتایا کہ اُسے چار بجے صبح دُکان کے سیکیورٹی گارڈ کی کال آئی کہ اُس کی دُکان پر کسی نے چوری کر ڈالی ہے۔

جب دُکاندار وہاں پہنچا تو دیکھا کہ وہاں سے سیف غائب تھی جس میں تقریباً 10 ہزار درہم کی رقم پڑی تھی۔ مالک نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی ۔ جب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی گئی تو اس میں دو آدمی نظر آئے جنہوں نے ہاتھوں میں دستانے پہن رکھے تھے اور چہروں کو نقاب سے چھُپا رکھا تھا۔

(جاری ہے)

ان لوگوں نے دُکان کا تالہ توڑا اور پھر اندر داخل ہو کر وہاں موجود سیف نکالی اور اسے اپنے ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ تھوڑے دِن بعد ہمیں پتا چلا کہ ایک اماراتی اور اس کے اُزبک ساتھی کو بُردبئی پولیس اسٹیشن نے چوری کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ یہ لوگ جس چوری میں پکڑے گئے تھے، وہاں پر بھی انہوں نے بالکل اسی انداز میں تالے توڑے جس طرح کہ انہوں نے سیف چُراتے وقت توڑے تھے۔ جب ان لوگوں سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے اعتراف کر لیا کہ اس چوری میں بھی یہی لوگ ملوث تھے۔ تاہم ایک مرحلے پر اُزبک ملزم نے کسی طرح ضمانت حاصل کر لی اور اس کے بعد وہ مفرور ہو چکا ہے۔ عدالت کی جانب سے یمنی ملزم اور اس کے مفرور ساتھی کے خلاف مقدمے کا فیصلہ 24 ستمبر 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں