افریقی بزنس مین کو دو ایرانی عورتوں سے شادی کرنے کی بھاری قیمت چُکانا پڑ گئی

دونوں بیویوں کے درمیان گھر میں گاڑیاں کھڑی کرنے پرہونے والا جھگڑا عدالت میں پہنچ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 8 اگست 2019 12:11

افریقی بزنس مین کو دو ایرانی عورتوں سے شادی کرنے کی بھاری قیمت چُکانا پڑ گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اگست2019ء) دُبئی میں مقیم افریقی ملک کامروس سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ بُڈھے کے آخری ایام اس کے لیے مصیبت بن چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق افریقی باشندے نے کچھ سال قبل ایک ایرانی خاتون سے شادی کی اور پھر حال ہی میں ایک اور 25 سالہ ایرانی خاتون سے بیاہ رچا لیا۔ بوڑھے لوگوں کے لیے دو دوجوان بیویاں رکھنا اور ان کے ناز نخرے اُٹھانا یقینا آسان نہیں ہوتا۔

ایسا ہی کچھ اس رنگین طبیعت شخص کے ساتھ بھی ہو گیا ہے۔دونوں بیویوں کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدگی اختیار کر گئے۔ کچھ رو ز قبل ایک ایسا واقعہ ہوا جس کے باعث افریقی بزنس مین اور اس کی دونوں بیویوں کو عدالت کا منہ دیکھنا پڑ گیا۔ یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب افریقی شخص کی نئی نویلی 25 سالہ ایرانی بیوی گھر میں اپنی گاڑی سمیت داخل ہونے لگی تو دیکھا کہ وہاں پر اُس کی سوتن کی کار پہلے سے ہی کھڑی تھی۔

(جاری ہے)

اس بات پر اُس نے اپنی سوتن کو بُرا بھلا کہنا شروع کر دیا اور دھمکی دی کہ اگر اُس نے اپنی کار گھر سے باہر نہ نکالی تو اسی وقت وہ اسے آگ لگا کر راکھ کا ڈھیر بنا دے گی۔ افریقی کی 37 سالہ پہلی بیوی بھی اپنی سوتن کی یہ بات سُن کر غصّے سے بھڑک اُٹھی اور پھر دونوں کے درمیان گالیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے بعد ایک دوسرے سے گُتھم گُتھا ہو گئیں۔ اسی دوران افریقی بابے نے غصے میں آ کر اپنی پچیس سالہ ایرانی بیوی کو بُرا بھلا کہا اور مبینہ طور پر اس کی مار پیٹ بھی کر ڈالی۔ جس پر دُوسری بیوی اپنے خاوند اور سوتن کے خلاف عدالت پہنچ گئی۔ اس ازدواجی جھگڑے سے متعلق مقدمے کا فیصلہ 28 اگست 2019ء کو سُنایا جائے گا ۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں