دُبئی کی تاریخ کی منشیات کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی

ڈھائی کروڑ درہم سے زائد کی منشیات آٹو سپیئر پارٹس میں چھُپا کر لائی گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اگست 2019 11:18

دُبئی کی تاریخ کی منشیات کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 اگست 2019ء) دُبئی کسٹمز نے ایک کارروائی کے دوران ڈھائی کروڑ درہم سے زائد کی منشیات پکڑلی جو کہ آٹو سپیئر پارٹس میں چھُپائی گئی تھی۔ یہ آپریشن کسٹمز انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ اور جبل علی کسٹمز سنٹر کی مشترکہ کاوش سے انجام پایا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ پکڑی جانے والی منشیات کی یہ مقدار دُبئی میں اب تک پکڑی گئی منشیات کی سب سے بڑی مقدار ہے۔

جبل علی کسٹمز سینٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹریوسف الہاشمی نے بتایا کہ پکڑی جانے والی منشیات کی مقدار 262.6 کلو گرام ہے جس میں 251.2 کلو گرام کرسٹل میتھ ہے جبکہ ہیروئن کی مقدار 6.4 کلو گرام ہے۔ یہ کئی من کی منشیات گاڑیوں کے سپیئر پارٹس میں چھُپائی گئی تھی۔ جس کی مخبری ہونے پر کارروائی کر کے یہ منشیات برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

الہاشمی نے مزید کہا کہ اسمگلرز کا خیال تھا کہ اس انوکھے طریقے سے اسمگلنگ کر کے وہ دُبئی کسٹمز کے اہلکاروں اور منشیات کا پتا لگانے والی جدید ترین ٹیکنالوجی کو دھوکا دینے میں کامیاب ہوجائیں گے، مگراُن کا یہ خیال درست ثابت نہ ہو سکا۔

اسمگلروں نے یہ منشیات سپیئر پارٹس کے ایسے خانوں میں چھُپا رکھی تھی جن کو عام ٹیکنالوجی سے ٹریس نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم کسٹمز کے حکام نے اس آپریشن کے دوران منشیات کا پتا چلانے والے کُتوں کا بھی استعمال کیا، جس کے باعث سپیئر پارٹس کے اُن مخصوص حصوں کا پتا چل گیا جہاں پر یہ منشیات چھُپائی گئی تھی۔ متحدہ عرب امارات کو منشیات سے پاک مملکت بنانے کے عزم کی تکمیل کی خاطر تمام سیکیورٹی ادارے دِن رات کوشاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ دور میں منشیات کی اسمگلنگ بہت زیادہ مشکل ہو گئی ہے۔ چند ماہ پہلے بھی کروڑوں درہم کی منشیات امارات میں منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں