دُبئی: معذور مالک کے گھر چوری کرنے والی ملازمہ پکڑی گئی، مالک چوری سے بے خبر نکلا

ملازمہ نے اپنے بیمار اور معذور مالک کے گھر سے قیمتی ہار چُرا کر اپنے آشنا کو دے دِیا تھا، جو اسے فروخت کرنے کی کوشش میں پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 ستمبر 2019 13:30

دُبئی: معذور مالک کے گھر چوری کرنے والی ملازمہ پکڑی گئی، مالک چوری سے بے خبر نکلا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،9 ستمبر 2019ء) دُبئی پولیس نے ایک غیر مُلکی ملازمہ اور اس کے آشنا کو اپنے بیمار اور معذور مالک کے گھر سے قیمتی ہار چُرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی اخبار کی رپورٹ کی مطابق ایک افریقی ملک سے تعلق رکھنے والی نوجوان ملازمہ ایک مقامی بزرگ کی تیمار داری کی ذمہ داری نبھاتی ہے۔ اس کا بزرگ مالک معذور اور بیمار رہتا تھا۔

ایک روز ملازمہ نے موقع پا کر اپنے مالک کے گھر میں موجود قیمتی ہار چُرا لیا اور اسے اپنے ہم وطن عاشق کو دے دیا، جو ایک رہائشی بلڈنگ میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا۔ ملازمہ نے اپنے عاشق سے کہا کہ وہ یہ ہار جلد از جلد بیچ دے، تاکہ اُنہیں اس کے بدلے بہت سے پیسے مِل جائیں۔ دونوں ملزمان کو یقین تھا کہ اُن کی چوری کبھی نہیں پکڑی جائے گی، کیونکہ بیمار مالک کا گھر میں موجود چیزوں کی طرف دھیان نہیں رہتا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم جب سیکیورٹی گارڈ اس قیمتی ہار کو بیچنے کی خاطر ایک جیولری شاپ پر گیا تو وہاں کے عملے نے اس سے اس ہار کی رسید طلب کی، جس پر سیکیورٹی گارڈ پریشان ہو کر کوئی جواب نہ دے سکا۔ جیولری شاپ کے مالک نے پولیس کو خبر دی کہ ایک مشکوک شخص ان کے پاس بغیر رسید کے قیمتی ہار بیچنے آیا ہے، پولیس نے فوری طور پر پہنچ کر سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔ جس نے دوران تفتیش ساری بات کھول کر رکھ دی۔ پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کی محبوبہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے ہی بزرگ مالک کو بتایا گیا کہ اس کی ملازمہ نے اس کا قیمتی ہار چُرا لیا ہے۔ عدالت کی جانب سے دونوں ملزمان کو تین تین ماہ قید ، دو دو ہزار درہم جرمانے اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں