دُبئی: پاکستانی نوجوا ن ہم وطن سے جنسی زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر بپھر گیا

ملزمان نے ہم وطن نوجوان کی مار پیٹ کرنے کے بعد اُس سے 35 سو درہم بھی چھین لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 نومبر 2019 10:22

دُبئی: پاکستانی نوجوا ن ہم وطن سے جنسی زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر بپھر گیا
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان کو اُس کے ہم وطن افراد نے ہی شدید مار پیٹ کا نشانہ بنا ڈالا اور اُس کے پاس موجود ہزاروں درہم کی رقم اور موبائل فون بھی لُوٹ کر فرار ہو گئے۔ملزمان کی جانب سے یہ حرکت نوجوان کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے میں ناکامی کے بعد کی گئی۔ یہ واقعہ المرقبت کے علاقے میں پیش آیا۔

پولیس نے ایک پاکستانی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اُس کے باقی ساتھی مفرور ہو چکے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ پاکستانی نوجوان نے عدالت کو بتایا ”میں رات 11 بجے المرقبت کے علاقے المُطینہ میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے پچھلی جانب بیٹھا تھا۔ جب میرے پاس دو ہم وطن نوجوان آئے اور مجھ سے بات چیت کرنے لگے۔ تھوڑی دیر بعد انہوں نے مجھ سے جنسی عمل کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

میں اُن کی یہ شرمناک فرمائش سُن کر حیران رہ گیا اورصاف طور پر اُن کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔میرے اس انکار پر اُنہوں نے مجھ سے زبردستی کرنے کی کوشش کی تاہم میری مزاحمت پر وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ ناکام ہونے پر انہوں نے مجھے مار پیٹ کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ جس کے باعث میری آنکھ پر بھی چوٹ آئی۔ دونوں ملزمان جاتے وقت میرے پاس موجود 35 سو درہم کی رقم اور 1 ہزار درہم کی مالیت کا موبائل فون بھی چھین کر فرار ہو گئے۔

میں نے قریبی پولیس اسٹیشن جا کر اس واقعے کی رپورٹ درج کرا دی۔“ ایک پولیس اہلکا رنے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے حُلیے کی بناء پر اُن کی تلاش شروع کی گئی۔ کیونکہ جہاں یہ وقوعہ پیش آیا، اُس کے ارد گرد کوئی کلوز سرکٹ کیمرہ نصب نہیں تھا۔ خاصی محنت سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ دُوسرا مفرور ہو چکا ہے۔ جس کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ نوجوان کی فارنزک رپورٹ سے بھی اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اُس کی مار پیٹ کی گئی ہے اور اُس کی آنکھ پر زخم آیا ہے۔ متاثرہ نوجوان کا چھینا گیا فون بھی ملزم کے قبضے سے مِل گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 17نومبر 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں