دُبئی: سابقہ منگیتر نے لڑکی کو سبق سکھانے کے لیے انوکھا بدلہ لے لیا

اماراتی نوجوان نے سابقہ محبوبہ کے گھر کی تمام گاڑیوں کو آگ لگا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 فروری 2020 12:44

دُبئی: سابقہ منگیتر نے لڑکی کو سبق سکھانے کے لیے انوکھا بدلہ لے لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء) دُبئی میں مقیم ایک اماراتی نوجوان نے اپنی محبوبہ کی جانب سے منگنی توڑنے پر اس سے بھرپور بدلہ لے لیا۔ اماراتی نوجوان نے اپنی محبوبہ کے گھر کے باہر کھڑی گاڑیوں پر آتش گیر مواد پھینک کر آگ لگا دی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ دُبئی پولیس اسٹیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں اطلاع مِلی تھی کہ القوز کے علاقے میں ایک گھر کے باہر کھڑی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔

اماراتی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی چار بیٹیوں کے ساتھ ایک گھر میں رہائش پذیر ہے۔ انہیں محلے داروں نے اطلاع دی کہ اُن کی باہر کھڑی گاڑیوں کو کسی نے اطلاع لگا دی ہے۔ پولیس نے گھر میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی ویڈیوز چیک کی تو اس میں دو موٹر سائیکلوں پر چار افراد بیٹھے نظر آئے جنہوں نے اپنے چہرے کپڑوں سے ڈھانپ رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ان نامعلوم افراد نے گھر کے قریب باہر کھڑی تین گاڑیوں پر آتش گیر مادہ چھڑکا اور پھر آگ لگا کر فرار ہو گئے۔

پولیس نے دیکھا کہ گاڑیوں کو آگ لگانے والا ایک ہی نوجوان تھا جس نے ایک برانڈڈ شرٹ پہن رکھی تھی۔ تحقیقات کے دوران آس پاس کے علاقے سے بھی ویڈیو فوٹیج چیک کی گئیں تو اس مخصوص شرٹ والے نوجوان کی شناخت ہو گئی ۔ جس نے دُور جانے کے بعد اپنے چہرے کو ڈھانپنے والا کپڑا اُتار دیا تھا۔ جس کے بعد اس نوجوان کو اس کے دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اُس کی محبوبہ نے کچھ عرصہ قبل منگنی توڑ دی تھی۔ تاہم اُس نے نوجوان کی جانب سے دیئے گئے تحائف واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کی وجہ سے اُس نے محبوبہ اور اس کے گھر والوں کو مالی نقصان پہنچانے کا ارادہ بنایا اور ان کی تینوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ تاہم نوجوان کی سابقہ منگیتر کا کہناتھا کہ نوجوان جھوٹ بول رہا ہے وہ منگنی ختم کیے جانے پر اُس سے بدلہ لینا چاہتا تھا۔ اُس نے ملزم کی جانب سے دیئے گئے تمام تحائف لوٹا دیئے تھے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں