متحدہ عرب امارات میں تمام شاپنگ مالز دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان

مچھلی، گوشت کے بازار اور سبزی منڈیاں بھی دو ہفتوں کے لیے بند کی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 مارچ 2020 10:46

متحدہ عرب امارات میں تمام شاپنگ مالز دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے اہم ترین فیصلے لیتے ہوئے عوام کو آگاہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں واقع تمام کمرشل سنٹرز، شاپنگ مالز، مچھلی، گوشت اور سبزی کی منڈیاں دو ہفتوں کے لیے بند کی جا رہی ہیں۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق تمام کاروباری مراکز، شاپنگ مالز کے علاوہ مچھلی، گوشت اور سبزی کی مارکیٹس بھی بند کی جا رہی ہیں۔

تاہم ہول سیلرزاس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اسی طرح کریانہ سٹورز اور فارمیسیز کو بھی اپنا کاروبارکھُلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ وزارت صحت کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں بعد اس فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹس میں گاہکوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، البتہ ریسٹورنٹس کو ہوم ڈلیوری کی اجازت دی گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اگر دو ہفتوں بعد ضروری سمجھا گیا تو شاپنگ مالز اور دیگر کاروباری مراکز کو بند کیے جانے کی مُدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی احتیاط یہ ہے کہ آپس میں میل جول کم کر دیں، لوگوں سے ملاقات کے وقت ان سے دُور رہیں۔ ابو ظہبی کے محکمہ صحت کی اعلیٰ عہدے دار ڈاکٹر فریدہ الحسینی نے کہا ہے کہ وہ اماراتی سٹوڈنٹس جو بیرون ملک رہنے کے بعد واپس امارات پہنچ رہے ہیں، ان کے گھروں میں ہی رکھ کر ان کا قرنطینہ کا عمل پُورا کیا جائے گا۔

وزارت صحت کی جانب سے عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں اور ممکنہ حد تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس بارے میں مزید تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ سے لی جا سکتی ہیں۔ تمام افراد کو اپنے ہاتھ صابن اور صاف پانی سے دھونے چاہیں، جب کہ کھانستے اور چھیکنتے وقت منہ اور ناک کو ڈھانپ لینا چاہیے تاکہ وائرس اور جراثیم دوسروں لوگوں کو متاثر نہ کریں۔ جبکہ جن افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہو انہیں عوامی مقامات اور رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کر نا چاہیے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے سے گریز کریں ۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں