متحدہ عرب امارات میں مسافر پروازیں دوبارہ شروع ہونے والی ہیں

ایمریٹس ایئر لائنز کے سربراہ نے بتایا کہ 6 اپریل سے مسافر پروازیں محدود پیمانے پر شروع کی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 15:32

متحدہ عرب امارات میں مسافر پروازیں دوبارہ شروع ہونے والی ہیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ ماہ مارچ کے دوران تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی تھی جس کا مقصد کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے وزٹ ویزہ پر آنے والے ہزاروں افراد بھی امارات میں ہی پھنس گئے ، اور اپنے پاس موجود رقم کم ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

تاہم متحدہ عرب امارات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یہ مسافر پروازیں محدود تعداد میں ہوں گی۔ گلف نیوز کے مطابق 6 اپریل 2020ء سے محدود مسافر پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے امارتی حکام نے ایمریٹس ایئر لائنز کو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ایمریٹس ایئر لائنز کے چیئرمین اور سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ 6 اپریل سے ان سیاحوں اور تارکین وطن کے لیے مسافر پروازیں شروع ہو جائیں گی، جو اپنے وطن واپس کے منتظر اور خواہش مند ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد ظاہر کر دی جائیں گی۔ شیخ احمد بن سعید المکتوم جو دُبئی سول ایوی ایشن کے صدر بھی ہیں، ان کا اپنے ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ اگلے چند روز میں اماراتی کی مسافر پروازیں بتدریج شروع کر دی جائیں گی، جن پر اس وقت آپریشنل پابندیاں عائد ہیں۔ تاہم ان پروازوں کے دوران مسافروں اور عملے کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے کیونکہ لوگوں کی بھلائی اور تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔امارات سکائی کارگو کی جانب سے ان مسافر پروازوں کو تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی خاطر بھی استعمال میں لایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں