دُبئی روڈز اتھارٹی کی ٹیکسیاں گھروں میں کھانا اور دیگر اشیاء پہنچانے لگیں

اس اقدام کا مقصد کورونا کی صورت حال میں لوگوں کو گھر بیٹھ کر آن لائن شاپنگ کی ترغیب دینا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 16:41

دُبئی روڈز اتھارٹی کی ٹیکسیاں گھروں میں کھانا اور دیگر اشیاء پہنچانے لگیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس کے زیر انتظام ٹیکسی سروس نے لوگوں کے آن لائن آرڈرز پر ان کے گھروں میں کھانا اور دیگر ضروری سامان پہنچاناشروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اتھارٹی کی جانب سے دُبئی کی آن لائن کمپنیوں سے شراکت داری کی گئی ہے جس کے کے تحت ان کمپنیوں کو فوڈ آئٹمز اور دیگر سامان وغیرہ کے دیئے گئے آن لائن آرڈرزکو اتھارٹی کی عام ٹیکسیوں اور فرنچائز ٹیکسیوں کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے جو لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر ان کا مطالبہ سامان پہنچا رہی ہیں۔

اس اہم اقدام کی وجہ متحدہ عرب امارات میں ان دنوں کورونا کی روک تھام کے لیے جاری سٹریلائزیشن کی مہم ہے جس کے دوران لوگوں کو گھروں پر رہنے کا پابند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے اماراتی صارفین میں آج کل آن لائن شاپنگ کا رحجان کئی گُنا بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر ریسٹورنٹس سے کھانا منگوانے والوں کی گنتی سب سے زیادہ ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کو عوام کے لیے بند کر دیا ہے البتہ یہ ریسٹورنٹس آن لائن آرڈرز لے کر مطلوبہ کھانا صارفین تک پہنچا رہے ہیں۔

اس مقصد کے لیے دُبئی روڈز اتھارٹی کی ٹیکسیاں بھی استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گھروں تک ہی محدود رہیں البتہ کوئی اشد ضرورت ہو تو پھر گھروں سے نکلا جا سکتا ہے۔ روڈز اتھارٹی کے اس اقدام میں سب سے پہلے یونین کوآپریٹو سوسائٹی اور ایمریٹس پوسٹ نے بھی شمولیت اختیار کی۔ دُبئی میڈیا آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی کی ٹیکسیوں کو آن لائن آرڈرز کی تکمیل کے لیے استعمال میں لانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ان دنوں آن لائن شاپنگ میں تیزی کی وجہ سے کمپنیوں کو مطلوبہ آرڈرز بروق پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا آ رہا ہے۔

تاہم اتھارٹی کی ٹیکسی سروسز کے ذریعے یہ آرڈرز اب وقت پر نمٹائے جا رہے ہیں۔
دُبئی میڈیا آفس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ مطلوبہ ا شیاء گھروں تک پہنچانے کی اس مہم میں صارفین اور ڈرائیورز کی صحت کے تحفظ کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔ ڈرائیورز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سامان دیتے وقت اور رسید پکڑاتے وقت لوگوں سے محفوظ فاصلے پر رہیں اور ان سے ہاتھ ملانے یا ان کے جسم کو چھونے سے گریز کریں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں