امارات میں ملازمت کیلئے سوشل میڈیا کے محتاط استعمال کا مشورہ

یو اے ای میں کمپنیاں کسی کو ملازمت دینے سے پہلے ان کے سوشل میڈیا پروفائلز کو مدنظر رکھتی ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 مئی 2023 14:52

امارات میں ملازمت کیلئے سوشل میڈیا کے محتاط استعمال کا مشورہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں ملازمت کیلئے سوشل میڈیا کا احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور استعمال کے ساتھ یو اے ای میں اب کچھ کمپنیاں ملازمت کے متلاشی افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی بھی کر رہی ہیں تاکہ کسی فرد کی خصلتوں کا پتہ لگایا جا سکے، 25 ممالک میں 2 ہزار 200 سے زائد ملازمین کو ملازمت دینے والا دبئی میں قائم ایریز گروپ آف کمپنیز بھی ان بڑے گروپوں میں سے ایک ہے جو ملازمین کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے ان کے سوشل میڈیا پروفائلز کو دیکھتے ہیں۔

ایریز گروپ کے بانی اور سی ای او سر سوہن رائے نے کہا ہے کہ ہم اپنے گروپ میں کام کرنے والوں کو ملازمین کے طور پر نہیں بلکہ ایک خاندان کی طرح سمجھتے ہیں، لہذا ہم انہیں بہترین شخصیات میں ڈھالتے ہیں تو نئے ملازم کے لیے اس میں آنا آسان نہیں ہے، نئے ملازم کا انتخاب کرتے وقت فلٹریشن کے بہت سارے عمل ہوتے ہیں، ہم صرف ملازمین کی تلاش میں نہیں ہیں بلکہ ہم کردار کو دیکھتے ہیں، جس کا ایک بہت بڑا عمل ہے اس میں سوشل میڈیا پیجز وغیرہ کی جانچ پڑتال بھی شامل ہے، ہم اس بات کو بھی یقینی بناتے ہیں کہ تمام ملازمین کو صحیح طریقے سے تربیت دی جائے۔

(جاری ہے)

کوپر فِچ میں بینکنگ اور مالیاتی خدمات کی ٹیم کی ایک بھرتی کنسلٹنٹ لارین سوان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ ضروری ہو سکتا ہے کہ ملازمین اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خاص طور پر لنکڈ اِن پر پیشہ ورانہ مہارت کے عنصر کو برقرار رکھیں، کیوں کہ بعض اوقات کمپنیاں ملازمین سے کسی بھی متعلقہ سوشل میڈیا کو شیئر کرنے کے لیے کہہ سکتی ہیں، بھرتی کے پورے عمل میں سکیورٹی چیک کے دوران میڈیا پروفائلز کو دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا خیال رکھنا چاہیے کیوں کہ یہ ہمارا تجربہ ہے کہ اس کی جانچ پورے عمل میں ہوتی ہے کیوں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم لوگوں کی زندگیوں کے بارے میں بصیرت فراہم کر سکتا ہے اور کسی کو زیادہ ذاتی سطح پر بہتر طور پر جاننے کے لیے ایک کارآمد ٹول ہے، بہت سے ملازمین کے بھرتی کے عمل کے دوران متحدہ عرب امارات میں زیادہ تر کمپنیوں کے ذریعہ میڈیا پلیٹ فارم کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں