دبئی ایئرپورٹ پر کاسمیٹک سرجری والے مسافروں کو روکا جانے لگا

دنیا کے مصروف ترین ہوئی اڈے کی انتظامیہ نے پریشانی سے بچنے کا حل بتا دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 فروری 2024 12:57

دبئی ایئرپورٹ پر کاسمیٹک سرجری والے مسافروں کو روکا جانے لگا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2024ء ) جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے ایسے مسافروں کو دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنے سے روک دیا جن کے چہرے کے خدوخال اور ان کے پاسپورٹ میں لگی ذاتی تصاویر میں فرق پایا گیا جو ان مسافروں کی کاسمیٹک سرجری کے نتیجے میں سامنے آیا۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے پلاسٹک سرجری کروانے والے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے پاسپورٹ میں اپنی ذاتی تصاویر اپ ڈیٹ کرلیں تاکہ انہیں ہوائی اڈوں پر جانچ پڑتال کے لیے نہ روکا جائے، جس کی وجہ سے ان کی پروازیں چھوٹ جاتی ہیں۔

انتظامیہ میں دستاویزات کی جانچ پڑتال کے مرکز کے مشیر ماہر عقیل احمد النجر نے بتایا کہ روکے جانے والے افراد کے چہروں کی خصوصیات اور ان کے پاسپورٹ پر لگی ذاتی تصاویر میں تضاد پایا گیا اور یہ بات قونصل خانوں کے تعاون سے طویل عرصے کی جانچ اور تفتیش کے بعد واضح ہوئی کہ پاسپورٹ ان کے ہولڈرز سے ہی تعلق رکھتے ہیں اور یہ کہ پاسپورٹ میں طے شدہ ذاتی تصاویر کے چہرے کی خصوصیات اور پاسپورٹ ہولڈرز کے چہرے کے خدوخال کے درمیان موجود فرق کاسمیٹک سرجری کی وجہ سے ہیں جو ان مسافروں نے پاسپورٹ کے اجراء کے بعد کے عرصے میں کروائیں، جنہوں نے ناک، گالوں یا ٹھوڑی کی شکل میں بنیادی تبدیلیوں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے چہرے کے خدوخال میں تبدیلی آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال کے دوران دبئی ریذیڈنسی کے ملازمین نے ایک ایسا پاسپورٹ بھی ضبط کیا جس کے ہولڈر نے جان بوجھ کر ڈیٹا کا صفحہ اور اصل ذاتی تصویر جس پر پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا، اس کو چھپا دیا تھا اور اس کی جگہ دوسرا ڈیٹا پیج اور ذاتی تصویر لگا دی تھی۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں